نوٹوں کی منسوخی بڑا اسکام - اپوزیشن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-11-17

نوٹوں کی منسوخی بڑا اسکام - اپوزیشن

16/نومبر
نوٹوں کی منسوخی بڑا اسکام - اپوزیشن
نئی دہلی
پی ٹی آئی، یو این آئی
راجیہ سبھا کے سرمائی اجلس کے آج پہلے دن متحدہ اپوزیشن نے اعلیٰ قدر کے کرنسی نوٹوں کی منسوخی کے مسئلہ پر حکومت کو شدید تنقید کانشانہ بنایا اور حکومت پر الزام عائد کیا کہ اس سلسلہ میں اعلان سے قبل منتخب لوگوں پراس کا افشاء کردیا گیا تھا ۔ اپوزیشن نے اس سلسلہ میں مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعہ تحقیقات کی مانگ کی جب کہ حکومت نے اپوزیشن کے اس الزام کو بے بنیاد قرار دے کر اسے مسترد کردیا۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن نے تحریک التوا کی نوٹس پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے ایوان بالا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ایک اعلان سے پوری دنیا میں یہ پیغام گیا ہے کہ ہندوستان کی معیشت کا لا بازاری اور کالے دھن پر ٹکی ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس سے ملک کے تمام شہریوں پر بھی کلنک لگا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو خاتون ، کسانوں ، مزدوروں ،اور ملازم پیشہ لوگوں کی محنت کی کمائی کو غیر قانونی اور کالا دھن بتایاجارہا اور کہاجارہا ہے کہ اسکام کرنے والے قطار میں لگ کر نوٹ تبدیل کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر نائب صدر نشین راجیہ سبھا پی جے کورین نے کہا کہ کانگریس ، ترنمول کانگریس ، سماج وادی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی،نیشنلسٹ کانگریس پارٹی، جنتادل یونائیٹیڈ اور بائیں بازو کی جماعتوں نے ضابطہ276کے تحت ایوان کی کارروائی ملتوی کرتے ہوئے کرنسی نوٹوں پر بحث کرنے کے نوٹس دی ہے ۔ سماج وادی پارٹی کے رام گوپا یادو نے کہا کہ نوٹ مسترد کرنے کا بڑے لوگوں پر کوئی اثر نہیں ہے۔ مارکیٹ میں اپنا پیسہ لے کر کھڑا رہنے والے آدمی کو بھکاری بنادیا گیا ہے ۔ ملک میں اس وجہ سے قانون کے علاوہ حالات خراب ہورہے ہیں۔ گھریلو خواتین قطاروں میں کھڑی ہیں اور مررہی ہیں۔ حکومت کو یہ سمجھنا چاہئے کہ ان کے پاس کالا دھن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت رازداری کی بات کرتی ہے لیکن کچھ لوگوں کو اس کا پتہ تھا ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے قائدین دو ہزار کے نئے نوٹ کا ٹویٹ کررہے تھے ۔ پارٹی کے کچھ لیڈروں نے نوٹ منسوخی سے پہ لے بینکوں میں دولت جمع کرایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے حکومت کی منشا پوری نہیں ہوپائی ہے ۔ اس پورے معاملہ میں بڑے اسکام کا خدشہ ہے اور اس کی تحقیقات کی جانی چاہئے ۔ ایس پی لیڈر نے کہا کہ دس فیصد لوگ ہی کالا دھن یا بد عنوانی سے حاصل کیا گیا دولت رکھتے ہیں، لیکن حکومت کے اس اقدام نے90فیصد عوام کو پریشان کردیا ہے ۔ سینکڑوں کروڑوں روپے کا نقصان ہورہا ہے ۔ مارکیٹ میں خریدار نہیں ہے۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے بی جے پی لیڈرومرکزی وزیر پیوش گوئل نے کہا کہ ملک میں پانچ سو اور ہزار روپے کے پرانے نوٹوں کو لین دین سے ہٹائے جانے کی تمام تنقید کو مسترد کرتے ہوئے آج راجیہ سبھا میں کہا کہ اس منصوبہ کا عام لوگوں نے خیر مقدم کیا جب کہ بد عنوان اور کالا دھن رکھنے واے لوگ پریشان ہورہے ہیں۔ گوئل نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کا عوام نے دقتیں ہونے کے باوجود خیر مقدم کیا ہے لیکن بد عنوانی کرنیو الوں اور کالا دھن رکھنے والے لوگوں کو دکھ ہورہا ہے ۔ ان لوگوں کو تو اپنے کاموں کے نتائج بھگتنے پڑیں گے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نوٹ منسوخ کئے جانے کے عمل میں دقتیں ہونے کے باوجود خیر مقدم کیا ہے لیکن بد عنوانی کرنے والوں اور کالا دھن رکھنے والوںکو دکھ ہورہا ہے ۔ ان لوگوں کو تو اپ نے کاموں کے نتائج بھگتنے پڑیں گے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نوٹ منسوخ کئے جانے کے عمل میں دقتیں ہونے کے باوجود لوگ وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈھائی سال پہلے اقتدار میں آنے والی مودی حکومت نے عوام سے کیا اپنا وعدہ کیا ہے ۔ نوٹ کی منسوخی کا فیصلہ ریزروبینک آف انڈیا کے بورڈ کی سفارش پر کیا گیا ہے ۔ آر بی آئی کے مطابق جاری کی گئی کل کرنسی کا آدھا حصہ مارکیٹ سے باہر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایماندار لوگوں کے لئے فنڈز جمع کرنے پر کوئی روک نہیں ہے لیکن بد عنوانی اور کالا دھن کے معاملے میں سختی سے روک رہے گی۔

پرانے کرنسی نوٹس کی تنسیخ، صدر جمہوریہ مداخلت کریں
نئی دہلی
پی ٹی آئی
کرنسی نوٹوں کی منسوخی کا فیصلہ فوری واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے چیف منسٹر مغربی بنگا ل ممتا بنرجی نے آج نیشنل کانفرنس، عام آدمی پارٹی اور این ڈی اے کی حلیف جماعت شیو سینا کے قائدین کے ساتھ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی سے ملاقات کی۔ انہوں نے ایک ہزار اور پانچ سو کے نوٹوں پر پابندی سے پیدا ہونے واے بحران پر ایک یادداشت بھی حوالے کی اور سخت تشویش کا اظہار کیا ۔ ممتا بنرجی نے ترنمول کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ ، عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ بھگونت مان، شیو سینارکن پارلیمنٹ ہرشل اور نیشنل کانفرنس قائد و سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ اور دیگر قائدین کے ساتھ پارلیمنٹ سے راشٹرپتی بھون تک ایک مارچ کی قیادت کی ۔ انہوں نے راشٹرپتی بھون سے نکلنے کے بعد کہا کہ صدر جمہوریہ کے ساتھ ہماری ملاقات کامیاب رہی اور انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملہ کا جائزہ لیں گے ۔ ۔ممتا بنرجی کے مطابق کرنسی نوٹوں کی منسوخی کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال نے ایک دستوری بحران پیدا کردیا ہے ۔ اس مسئلہ پر اپنے آئندہ اقدام کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی لوک سبھا میں تحریک التوا پیش کرے گی۔ کرنسی نوٹوں کی منسوخی کے بعد عوام کو در پیش مسائل پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے صدر جمہوریہ سے درخواست کی ہے کہ وہ حکومت سے بات کریں اور اس مسئلہ پر کوئی فیصلہ کریں اور ملک میں معمول کے حالات بحال کریں۔ صدر جمہوریہ بھی کبھی وزیر فینانس رہ چکے ہیں اور وہ دوسروں سے زیادہ بہتر طور پر ملک کی حالت سے واقف ہیں۔ وہ مناسب کارروائی کریں گے۔ دیگر اپوزیشن جماعتوں بشمول کانگریس، بایا بازو جماعتوں، سماج وادی پارٹی اور بی ایس پی کے قائدین نے احتجاجی مارچ میں حصہ نہیں لیا۔ اس یادداشت میں حکومت کے کرنسی نوٹوں کی منسوخی کے اقدام کو آمرانہ اور ظالمانہ قرار دیتے ہوئے اس فیصلہ کی فوری منسوخی کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ عام آدمی پر عائد کردہ تمام تحدیدات کو فوری ختم کرتے ہوئے ان کی ہراسانی کو بند کیاجائے ۔ اس بات کو یقینی بنایاجائے کہ بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں سربراہی بحال ہو۔ پارلیمنٹ سے مارچ شروع کرنے سے پہلے ممتا نے کہا کہ اس مارچ کا مقصد عام آدمی کو تباہی سے بچانا ہے ۔ بھگونت مان نے کہا کہ اس امتناع کے سبب گھر والوں کے معمول کے کام کاج متاثر ہوگئے ہیں، کیوں کہ کوئی رقم دستیاب نہیں ہے ۔ آئی اے این ایس کے بموجب ممتا بنرجی نے کہا کہ کرنسی نوٹوں کی منسوخی کا اعلان کیے جانے کے بعد سے ملک بھر میں بیس تا تیس افراد پریشانی کے سبب فوت ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے کسی منصوبہ بندی کے بغیر یہ قدم اٹھایا ہے ،جس کی وجہ سے افرا تفری مچ گئی ہے ۔ اس کی وجہ سے ملک میں مالیاتی آفت اور مالیاتی ایمرجنسی پیدا ہوگئی ہے ۔ ملک کو افرا تفری میں ڈھکیل دیا گیا ہے ۔ حکومت کو معمول کے حالات بحال کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پرنب مکرجی نے بغور ان کی بات سنی اور انہیں امید ہے کہ وہ مناسب اقدامات کریں گے۔ایک اور اطلاع کے مطابق ممتا بنرجی کل اروند کجریوال کی جانب سے شمالی دہلی کی آزاد پور منڈی میں منعقد کئے جانے والے جلسہ عام میں شرکت کریں گی۔ کجریوال نے آج یہاں راشٹرپتی بھون تک ترنمول کانگریس کے مارچ میں حصہ نہیں لیا ۔ بہر حال انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کو دھوکہ دیا ہے ۔ کجریوال نے اپنے ایک ٹوئٹر پیام میں کہا کہ کرنسی نوٹوں کی منسوخی آزاد ہند کا سب سے بڑا اسکام ہے۔ (مودی نے) امیروں سے پیسہ لینے کے بعد بھوکے پیاسے عوام کو قطاروں میں ٹھہرنے پر مجبور کردیا ہے ۔ مودی جی نے ملک کو دھوکہ دیا ہے ۔ کجریوال نے کل الزام عائد کیا تھا کہ مودی نے بحیثیت چیف منسٹر گجرات رشوت لی تھی اور اس معاملہ کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

ہندوستان کی سرحد کے قریب پاکستان کی فوجی مشق
اسلام آباد
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نواز شریف نے آج خبر دار کیا کہ پاکستان اپنے دشمنوں کی کسی بھی مہم جوئی اور حماقت کا کرارا جواب دے گا۔ انہوں نے ہندوستان کی سرحد سے متصل صوبہ پنجاب میں دفاعی نقطہ نظر سے ایک اہم علاقہ میں فوجی مشق کا مشاہدہ کیا۔ نواز شریف نے پنجاب کے ضلع بہاول پور کے خیر پور تامے والی میں فوجی مشق کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوجی مشق رعدالبرق( بجلی کی مار) ثابت کرتی ہے کہ پاکستان اپنے دشمنوں کی کسی بھی مہم جوئی اور حماقت سے نمٹنے تیار ہے ۔ یہ فوجی مشق دکھاتی ہے کہ ہماری مسلح افواج قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرہ سے نمٹنے تیار ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی ملک اپنی قومی سلامتی کو لاحق خطرات پر خاموش نہیں رہ سکتا۔عہدیداروں کے بموجب وزیر اعظم تقریب میں مہمان خصوصی تھے جس میں طاقتور فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمودکے علاوہ تینوں مسلح افواج کے سربراہوں نے شرکت کی ۔ جے ایف17تھنڈر فائٹر جیٹس، ہیلی کاپٹر گن شپس اور الخالد دبابوں نے دوران مشق میدان میں مقررہ اہداف پر کامیاب نشانہ لگایا ۔ یہ مشق حقیقی خط قبضہ پر سات پاکستانی فوجیوں کے مارے جانے کے چند دن بعد ہوئی ۔ نواز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت دیگر ممالک کے داخلی امور میں عدم مدخلت کی پالیسی کی پابند ہے اور دوسروں سے بھی توقع کرتی ہے کہ وہ خطہ میں دیرپا امن کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خطہ کی حالیہ صورتحال سے لا تعلق نہیں رہ سکتے ۔ سلامتی اور علاقائی یکجہتی کو نقصان پہنچانے والی کوششوں کا کرارا جواب دیاجائے گا۔ جموں و کشمیر کے درمیان نزاع کی اصل وجہ کے طور پر برقرار ہے۔ سنجیدگی اور جامع طریقہ سے اسے کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قرار دادوں کے مطابق حل کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں حالیہ اچانک پھوٹ پڑنے والے احتجاج اور مقامی تحریکوں کو کچلنے کے لئے استعما ل ظالمانہ حربے الٹے پڑے ہیں۔ حقیق خط قبضہ پر شہریوں اور فوجیوں کی ہلاکت جارحیت کی ایک اور شکل ہے جو بین الاقوامی توجہ کا تقاضا کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پر صورتحا ل ہندوستان کی سنگین جنگ بندی خلاف ورزیوں کے باعث حساس بنی ہوئی ہے ۔ یہ انتہائی بد بختی کی بات ہے کہ جنوبی ایشیاء کو جنگ کا خطرہ لاحق ہے اور سلامتی صورتحا ل نازک بنی ہوئی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دشمنان پاکستان نے اپنے ارادہ جگ ظاہر کردئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پاکستان کو غیر مستحکم کرنے پر تلی ہے ۔ ملک اور مسلح افواج دہشت گردوں کے شر انگیز عزائم کا کامیابی کے ساتھ توڑ کررہے ہیں۔

آر ایس ایس خون کی پیاسی تنظیم۔ یچوری اور وجین کا خطاب
نئی دہلی
پی ٹی آئی
شمالی کیرالا میں تشدد پر تصویری نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے سی پی آئی ایم نے آج آر ایس ایس کو نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ وہ تشدد سے ہی پیدا ہوئی ہے اور اسی پر پروان چڑھی ہے۔ یہ ایک ایسی تنظیم ہے جو جھوٹ اور دھوکہ پر پروان چڑھی ہے ۔ سی پی آئی ایم جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری جنہوںنے سی پی آئی ایم کی دہلی اسٹیٹ کمیٹی کی جانب سے منعقدہ نمائش کا افتتاح کیا ، کہا کہ تشد د کی یہ روایت آر ایس ایس میں موروٹی طور پر پائی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ یہ تصویری نمائش آر ایس ایس اور بی جے پی کی جانب سے ملک بھر میں شدید اور عسکری غلط تشہیر کے خلاف کی جارہی ہے ۔ چیف منسٹر کیرالا پی وجین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ انہوں نے سنگھ پریوار کے کردار کا نازی۔ فسطائی طاقتوں کے ساتھ تقابل کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیرالا میں سنگھ پریوار طاقتوں کی دہشت گردی، ہندوستان کو مذہبی ملک میں تبدیل کرنے اور فسطائی اجارہ داری قائم کرنے کے ان کے عظیم منصوبہ کا حصہ ہے ، تاکہ اقلیتوں اور محروم طبقات کا صفایا ہوجائے ۔ یچوری نے کہا کہ اس نمائش میں یہ دیکھاجاسکتا ہے کہ آر ایس ایس کارکنوں نے ہمارے کارکنوں کو کس بے رحمی کے ساتھ ہلا ک کیا ہے ۔ اس کے باوجود ملک بھر میں مہم چلارہے ہیں اور الزامات عائد کررہے ہیں کہ سی پی آئی ایم اور کمیونسٹوں نے تشدد بھڑکایا ہے ۔ اگر آپ آر ایس ایس کے قیام پر تحقیق کریں تو پتہ چلے گا کہ یہ تشدد سے ہی پیدا ہوئی ہے۔ چیف منسٹر نے کانگریس اور یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کو نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ وہ اپنی خاموشی سے سی پی آئی ایم پر آر ایس ایس کے حملوں کی توثیق کررہے ہیں۔ یچوری نے کہا کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران سی پی آئی ایم کے چھ کارکن ہلا ک ہوچکے ہیں ۔ زائد دو سو پر حملہ کیا گیا اور وہ شدید زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ زائد از 80مکانات اور پارٹی دفاتر کو تباہ و تارا جکیا گیا۔ یہ منظم حملے ہیں۔ کانگریس اور یو ڈی ایف اپنی خاموشی کے ذریعہ ان کی توثیق کررہے ہیں۔ وجین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس کے وحشیانہ حملوں کو پیش کرنے والی یہ نمائش بے حد اہمیت کی حامل ہے اور یہ خون کے پیاسے سنگھ پریوار کے بھیانک چہرے اور حقیقی نوعیت کو بے نقاب کرتی ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں