جے این یو لاپتہ طالب علم نجیب احمد معاملہ - طلبہ کا احتجاجی مارچ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-24

جے این یو لاپتہ طالب علم نجیب احمد معاملہ - طلبہ کا احتجاجی مارچ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
نیشنل اسٹوڈنٹس یونین کی قیادت میں سینکڑوں طلبا و طالبات نے آج مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کی رہائش گاہ تک مارچ کیا اور یہ مطالبہ کیا کہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طالب علم نجیب احمد کے جو ایک ہفتہ سے یونیورسٹی کیمپس سے لاپتہ ہوگئے ہیں، کیس کی تحقیقات کے لئے عدالت کی نگرانی میں کام کرنے والی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل عمل میں لائی جائے ۔ این ایس یو آئی کی صدر امیتا دھون نے ایک بیان میں کہا یہ شرم کی بات ہے کہ وزیر داخلہ کو خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے قیام کا علان کرنے میں پانچ دن لگے ہیں۔ انہوں نے کہا خصوصی تحقیقاتی ٹیم کے ارکان کی شناخت کیوں نہیں ظاہر کی جارہی ہے ۔ یہ واقعہ آج کیمپس میں ایک بار پھر گرماگرم ہوگیا اور احتجاجی طلبا و طالبات نے وائس چانسلر ایم جگدیش کمار اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کا زائد از بیس گھنٹہ تک گھیراؤ کیا اور الزام عائد کیا کہ نظم و نسق کی جانب سے کوئی قدم نہیں اٹھایاجارہا ہے ۔ طلبا و طالبات کے احتجاج کے باعث وزیر داخلہ نے دہلی پولیس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ لاپتہ طالب علم کا پتہ چلانے کے لئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل عمل میں لائیں۔ امریتا نے کہا یہ یقین کرنے کے لئے ہمارے پاس ٹھوس وجوہات ہیں کہ وزارت کی جانب سے خاطیوں کو بچالیاجائے گا لہذا ہم یہ مطالبہ کررہے ہیں کہ ایسی خصوسی تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل عمل میں لائی جائے جس پر عدالت کی نظر رہے اور جو عدالت کی نگرانی میں کام کرے۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو یہ ہدایات جاری کی جانی چاہئیں کہ وہ تحقیقات کو ایک مقررہ مدت کے اندر مکمل کرلے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ این ایس یو کے لیڈرس کل لیفٹننٹ گورنر دہلی نجیب جنگ سے بھی ملاقات کریں گے اور اس مسئلہ پر گفتگو کرتے ہوئے ان سے خواہش کریں گے کہ وہ اس معاملہ میں مداخلت کریں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں