ہندوستان اور سنگاپور کے درمیان تعاون کا فروغ - صدر جمہوریہ کی خواہش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-06

ہندوستان اور سنگاپور کے درمیان تعاون کا فروغ - صدر جمہوریہ کی خواہش

نئی دہلی
یو این آئی
انتہا پسند اور دہشت گردی کو ساری بین الاقوامی برادری کے لئے مشترکہ خطرہ قرار دیتے ہوئے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج کہا کہ ہندوستان اور سنگا پور کو دہشت گردی سے نمٹنے اور اس کے حامیوں کو یکا و تنہا کردینے کے بارے میں تعاون میں اضافہ پر خصوصی توجہ مبذول کرنی چاہئے ۔ وزیر اعظم سنگا پور لی سین لونگ کا جنہوں نے ان سے راشٹر پتی بھون میں ملاقات کی خیر مقدم کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا ہندوستان سرحد پار سے دہشت گردانہ حملوں کا شکار ہورہا ہے اور یہ حملے ان گروپس کی جانب سے کئے جارہے ہیں جن کے لئے پاکستان میں محفوظ پناہ گاہ ہے ۔ اوڑی میں حالیہ دہشت گردانہ حملہ سے یہ حقیقت ظاہر ہوتی ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کا انفراسٹرکچر ہنوز سرگرم عمل ہے ۔ ہندوستان میں حملے کرنے کے لئے خط قبضہ اور بین الاقوامی سرحد کے پار سے مسلح دہشت گردوں کی جانب سے متواتر کوششیں کی جارہی ہیں ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ جنگی نوعیت کے پارٹنرس کے طور پر سلامتی اور دہشت گردی پر حتی الامکان تعاون ہندوستان اور سنگا پور دونوں کے مفاد میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سنگا پور اور ہندوستان دونوں کو بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور دہشت گردی پر فکرو تشویش لاحق ہے جس سے ساری بین الاقوامی برادری کو مشترکہ خطرہ لاحق ہوگیا ہے۔ صدر جمہوریہ نے کہا دونوں ممالک کو چاہئے کہ وہ دہشت گردی سے نمٹنے اور اس کے حامیوں کو الگ تھلک کرنے کے بارے میں تعاون کو فروغ دیں۔ وزیر اعظم سنگا پور نے اوڑی دہشت گردانہ حملہ کی شدید مذمت کی اور اس حملہ میں کئی سپاہیوں کی ہلاکت پر اظہار تعزیت کیا ۔ انہوں نے کہاکہ سنگا پور نے دہشت گردی کے خلاف سخت ترین چوکسی برقرار رکھی ہے ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ جنوبی ایشیاء میں امن کا خواہش مند ہے اور چاہے گا کہ ہندوستان کے ساتھ مل کر بہت کچھ کیاجائے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں