جموں و کشمیر میں ایک بار پھر آرمی کیمپ پر دہشت گردوں کا حملہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-03

جموں و کشمیر میں ایک بار پھر آرمی کیمپ پر دہشت گردوں کا حملہ

سری نگر
ایجنسیاں
خط قبضہ کے اس پار دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ہندوستانی فوج کے حملوں کے محض چار دن بعد بارہمولہ کے ایک بی ایس ایف اور آرمی کیمپ پر آج رات ایک فدائین حملہ میں کم از کم ایک بی ایس ایف جوان ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ دہشت گرد متصل بی ایس ایف کیمپ سے46راشٹریہ رائفل کیمپ میں گھس پڑے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی ۔ انہوں نے گرینینڈس بھی پھینکے ۔ فائرنگ کے دوران بی ایس ایف کے دو جوان زخمی ہوئے جنہیں قریبی ہاسپٹل لے جایاگیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ ایک بی ایس ایف جوان کی آپریشن ٹیبل پر موت ہوگئی۔ مارے گئے جوان کی شناخت نتن اور زخمی کی پلویندر کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ سری نگر میں فوج کے ایک ترجمان راجیش کا لیا نے بتایا کہ دہشت گردوں نے بارہمولہ کے جانبازپورہ میں آرمی کیمپ پر فائرنگ کی اور فائرنگ کا سلسلہ رات دو بجے آخری خبریں ملنے تک بھی جاری تھا ۔ فائرنگ کے تبادلہ کے دوران بارہمولہ کا متاثرہ علاقہ دھماکوں اور گولیوں کی آواز وں سے گونجتا رہا اور وہاں کا آسمان روشن ہوگیا ۔ ذرائع کے حوالہ سے کہا گیا ہے کہ کیمپ کے قریب متصل مکانات سے بھی فائرنگ کی گئی ۔ یہ کیمپ جہلم ندی کے کنارہ واقع ہے ۔ اودھم پور میں شمالی کمانڈ کے ٹوئٹر اکاؤنٹس پر کہا گیا ہے کہ بارہمولہ میں صورتحال کو قابو میں کرلیا گیا ہے ۔ ایسی انٹلی جنس اطلاعات تھیں کہ29ستمبر کو خط قبضہ کے اس پار سرجیکل اسٹرائکس کے بعد سیکوریٹی تنصیبات پر دہشت گرد حملے ہوسکتے ہیں۔ ان اطلاعات کے پیش نظر سخت چوکسی اختیار کی گئی تھی ۔ اس کے باوجود یہ حملہ ہوا۔ دو ہفتے پہلے دہشت گردوں نے اوڑی میں ایک فوجی اڈہ پر حملہ کرتے ہوئے19س پاہیوں کو ہلاک کردیا تھا ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ حملہ رات تقریبا10:20بجے شروع ہوا ۔ شروعاتی خبروں میں فدائین کی تعداد7بتائی گئی تھی ۔ لیکن اس تعلق سے الجھن پائی جاتی ہے ۔ ایک اطلاع کے مطابق سیکوریٹی گارڈس نے کیمپوں میں گھسنے کی عسکریت پسندوں کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سب سے پہلے حملہ آوروں نے آرمی کیمپ کی گیٹ پر فائرنگ کی اور گرینیڈ پھینکا جس کے بعد فوج اور بی ایس ایف کے سپاہیوں کے ساتھ جھڑپ شروع ہوگئی ۔ گزشتہ ہفتہ ہندوستانی فوج نے کہا تھا کہ اس نے سرحد پار کارروائی کرتے ہوئے در اندازی کے لئے جمع ہونے والے عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا تھا ۔ اس دوران مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے ڈائرکٹر جنرل بی ایس ایف کے کے شرما کو نئی دہلی میں طلب کیا اور بارہمولہ میں سیکوریٹی فورسس پر فدائین حملے سے پیدا صورتحال کا جائزہ لیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ نے مشیر قومی سلامتی اجیت دوول کو بھی طلب کیا جو سیکوریٹٰ فورسس کے ساتھ مستقل ربط میں ہیں۔ ایک ٹی وی چینل کی اطلاع کے مطابق اندھیرے کی وجہ سے سرچ آپریشن میں مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشنس گروپ اور سی آر پی ایف کو فوری جھڑپ کے مقام پر روانہ کیا گیا۔ اس سے پہلے پاکستانی سپاہیوں نے جموں کے پاللن والا سیکٹر میں شیلباری کی۔ ایک اطلاع کے مطابق واگھا سرحد پر پرچم اتارنے کی تقریب کے دوران اس وقت تناؤ پیدا ہوگیا جب پاکستانی جانب ہجوم میں سے کسی نے ہندوستانی علاقہ میں پتھر پھینکے ۔

Terrorist attack on an army camp in Jammu and Kashmir again

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں