تلنگانہ کے مسلمانوں کے لئے کئی ترغیبات کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-13

تلنگانہ کے مسلمانوں کے لئے کئی ترغیبات کا اعلان

حیدرآباد
یو این آء
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے کہا ہے کہ ہندوستان کی آزادی کو70سال گزر چکے ہیں اور آندھرا پردیش ریاست قائم ہوئے تقریبا60سال ہوچکے ہیں لیکن اس میں تلنگانہ کے علاقہ کے دلت اور مسلمان کیوں پسماندہ ہیں۔ جمہوری نظام اور اس سے وابستہ رہنماؤں اور اہلکاروں کو اس کا جواب دینا ہوگا۔ سابق میں ریاست کے جن حلقوں سے مسلم امید وار کامیاب ہوتے تھے وہاں سے اب وہ کیوں منتخب نہیں ہورہے ہیں اس کا جائزہ لی نے کی ضرورت ہے۔کے چندر شیکھر راؤ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ محمد محمود علی ، وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ ، ٹی آر ایس کے ارکان مقننہ عامر شکیل، فاروق حسین، محمد سلیم اور دوسرے موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فرقہ پرستوں کے لئے اس ریاست میں کوئی جگہ نہیں ہے ۔ تلنگانہ کو سنہری ریاست میں تبدیل کرنے کے لئے سب مل کر امن و محبت کے ساتھ ترقی کے ایجنڈہ پر گامزن ہوجائیں گے۔ تلنگانہ میں قدیم گنگاجمنی تہذیب کی بحالی کے ساتھ حکومت عوام کے ہر تہوار میں شرکت کرے گی اور تہذیب اور بھائی چارگی کے فروغ میں اہم رول ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب تک رمضان المبارک میں ریاست میں200مساجد کے پاس افطار و طعام کا انتظام کیاجارہا تھا۔ آئندہ رمضان میں ریاست کے400مساجد میں افطار و طعام کا اہتمام کیاجائے گا ۔ انہوں نے اس ملاقات میں زیادہ تر اقلیتوں کی تعلیمی ترقی کے لئے رہائشی اسکولوں کی ترقی پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ فی الحال 71اسکول کام کررہے ہیں۔ آئندہ تعلیمی سال سے مزید90اسکول قائم کئے جائیں گے ۔ ہر سال ان کی تعداد میں اضافہ کرتے ہوئے اگر ضرورت ہو تو 500اسکولس تک قائم کرنے کے لئے حکومت تیار ہے کیونکہ ان اسکولوں میں پہلے سال14ہزار نشستوں کے لئے48ہزار عرضیاں موصول ہوئی تھیں ۔ مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے تلنگانہ میں اقلیتوں کے رہائشی اسکولوں کی تعمیر کے لئے اس سال100کروڑ روپے فراہم کئے ہیں ، آئندہ مزید فنڈس حاصل کئے جائیں گے ۔ تعلیمی ترقی کے ساتھ معاشی ترقی پر بھی حکومت توجہ دے گی ۔ چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ تلنگانہ ریاست میں12فیصد مسلم ریزرویشن کی راہ ہموار کرنے کے لئے ریاستی کابینہ نے اپنی حالیہ میٹنگ میں بی سی کمیشن کے قیام کی منظوری دے دی ہے ۔

Telangana announced several incentives for Muslims

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں