کاویری تنازعہ - ٹاملناڈو میں اپوزیشن کا ریل روکو احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-18

کاویری تنازعہ - ٹاملناڈو میں اپوزیشن کا ریل روکو احتجاج

چینائی
پی ٹی آئی
کاویری مسئلہ پر کسانوں کے فیڈریشن کی جانب سے ریاست بھر میں ریل روکو احتجاج کی ڈی ایم کے سمیت تمام اپوزیشن پارٹیوں نے حمایت کرتے ہوئے مرکز سے کاویری مینجمنٹ بورڈ( سی ایم بی) قائم کرنے کی ا پیل کی۔ چینائی اور کاویری ڈیلٹا والے اضلاع سمیت ریاست کے مختلف مقامات پر کیے گئے احتجاج میں دیگر قائدین کے علاوہ ڈی ایم کے کے خازن اور ٹاملناڈو اسمبلی میں قائدا پوزیشن ایم کے اسٹالن نے بھی حصہ لیا۔ اسٹالن نے پیرمبور میں ایک جلوس کی قیادت کی جب کہ ڈی ایم کے ، بائیں بازو کی جماعتوں اور ایم ڈی ایم کے کے سیکڑوں کارکنوں نے تنجاور اور کوڈلور میں ریل روکو احتجاج کیا۔ کسانوں کی ایک فیڈریشن نے مرکز سے سی ایم بی کے فوری قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے دو روزہ ریل روکو احتجاج کی اپیل کی ہے جو آج سے شروع ہوا ۔ واضح رہے کہ کچھ دن قبل ہی سپریم کورٹ کی جانب سے قائم کردہ اعلیٰ سطحی ٹیم نے ریاست میں صورت حال کا جائزہ لینے ٹاملناڈو میں کاویری طاس علاقہ کا معائنہ مکمل کیا۔ یہ ٹیم جس نے کرناٹک کے کاویری طاس کا بھی معائنہ کیا، سپریم کورٹ میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ سپریم کورٹ نے ٹاملناڈو حکومت کی عرضی کی سماعت کرتے ہوئے ٹیم تشکیل دی تھی ۔ اپنی عرضی میں ٹاملناڈو حکومت نے کرناٹک سے کاویری دریا کا پانی جاری کرنے کی درخواست کی تھی ۔ دریں اثناء مدورائی سے ملنے والی اطلاعات کے بموجب کسانوں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے سینکڑوں ارکان کی جانب سے مختلف مقامات پر ریل روکو احتجاج کے دوران مدورائی اور تریچراپلی ڈیویژنس میں ٹرین خدما ت متاثر ہوئیں۔ عہدیداروں نے کہا کہ ٹرین خدمات میں دس منٹ تا نصف گھنٹہ تاخیر ہوئی۔ مدورائی سٹی پولیس نے ریلوے جنکشن کے اندر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے مختلف ا پوزیشن پارٹیوں سے وابستہ ہجوم کو منتشر کرنے لاٹھی چارج کیا۔

Tamil Nadu Cauvery water row: Opposition parties rail roko protest

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں