سرجیکل اسٹرائک کا سہرا فوج اور مودی کے سر - وزیر دفاع پاریکر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-13

سرجیکل اسٹرائک کا سہرا فوج اور مودی کے سر - وزیر دفاع پاریکر

ممبئی
ایجنسیاں
وزیر دفاع منوہر پاریکر نے مسلح افواج اور وزیر اعظم نریندر مودی کو سرحد پار کئے گئے سرجیکل اسٹرائک کی کامیابی کا سہرا دیتے ہوئے آج کہا کہ یہ کارروائی کسی سیاسی پارٹی نے نہیں بلکہ مسلح افواج نے کی تھی۔ انہوں نے ان دعوؤں کو مسترد کردیا کہ یوپی اے سرکار کے دور اقتدار میں بھی اسی طرح کی کارروائی ہوئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ کرنے اور منصوبہ بنانے کے لئے اس کا بڑا سہرا وزیر اعظم نریندر مودی اور سرکار کو جاتا ہے ۔ پاریکر نے یہاں بین الاقوامی انجینئرنگ کانفرنس میں کہا کہ وہ لوگ جو سرجیکل اسٹرائک پر سوال اٹھا رہے ہیں وہ بھی اس کا سہرا لے سکتے ہیں ۔ میں بھی اس کا سہرا لے سکتا ہوں لیکن اس کا اصل سہرا تو وزیر اعظم کے سر ہی ہے لیکن میرے خیال سے فیصلہ کرنے کی صلاحیت اور منصوبہ بندی کو اس کا سہرا جاتا ہے ۔ انہوں نے کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ اس سے کئی لوگوں کو بات سمجھ میں آجانی چاہئے ۔ میں لیڈر ہوں لیکن پیشے سے لیڈر نہیں ہوں ۔ خیال رہے کہ مسٹر گاندھی نے مسٹر مودی پر خون کی دلالی کرنے کا الزام لگایا تھا۔پاریکر نے یہ رد عمل ایسے وقت کیا ہے جب کہ کانگریس نے بی جے پی پر سرجیکل اسٹرائک کا سیاسی فائدہ اٹھانے کا الزام لگایا ہے ۔ بعد میں پاریکر نے نامہ نگاروں سے کہا کہ اسٹریٹیجک کارروائی کا سہرا فوج اور ملک کے127کروڑ لوگوں کو ہے اور اس کا سہرا لی نے کے بارے میں جاری بحث اب ختم ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں اب کوئی تبصرہ نہیں کریں گے کیونکہ پھر سے اسے ایسی صورت میں پیش کیاجائے گا گویا وہ اس معاملے کو سیاسی رنگ دے رہے ہیں۔ انہوں نے ان خبروں پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا کہ فوج کی سرجیکل اسٹرائک28ستمبر سے پہلے بھی ہوئی تھی لیکن اس وقت کی حکومت نے اسے عام نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ خفیہ اور واضح فوجی کارروائی میں فرق ہوتا ہے ۔ خفیہ کارروائی میں آپ ذمہ داری نہیں لیتے ۔ ہم نے اسٹرٹیجیک کارروائی کرائی اور ملک کو اس کے بارے میں فوج سے بتانے کے لئے کہا۔ پاریکر نے یہ واضح کردیا کہ ماضی کے برعکس اس مرتبہ سرجیکل کاروائی تھی ۔ کیونکہ فیصلہ کیا گیا تھا اور معلومات دی گئی اور فوج نے اچھا کام کیا ۔ پاریکر نے کہا کہ اگر سرکار اس کا سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی تو ڈی جی ایم او کے بجائے انہوں نے خود اس کا اعلان کیا تھا۔
نئی دہلی
یو این آئی
کانگریس نے آج الزام لگایا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی سرجیکل اسٹرائک کو انتخابی موضوع بنارہے ہیں اور اپنی حکومت کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے فوج کی کامیابی کو اپنی حصولیابی قرار دے رہے ہیں۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری دگ وجئے سنگھ اور پارٹی کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ مودی حکومت اپنی حکومت کے ڈھائی سال کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے سرجیکل اسٹرائک کو اپنی حصولیابی قرار دے رہی ہے اور بی جے پی اور آر ایس ایس اسے انتخابی موضوع بنارہے ہیں۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ مودی حکومت ہر محاذپر ناکام ہوئی ہے ۔ اپنی اس ناکامی کو چھپانے کے لئے وہ فوج کی کامیابی کو اپنی کامیابی قرار دے کر سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے ۔ اسی طرح سرجے والا نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ آر ایس ایس اور امت شاہ عوامی طور پر یہ کہہ چکے ہیں کہ سرجیکل اسٹرائک بی جے پی کا انتخابی ایجنڈا ہوگا۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ کیا مودی حکومت فوج کو ایک رینک ایک پنشن دینے کے اپنے وعدہ سے مکر کر فوج کی بہادری کا انعام دے رہی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں