خط قبضہ کے پار فوج کے سرجیکل حملوں کی ستائش - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-01

خط قبضہ کے پار فوج کے سرجیکل حملوں کی ستائش - راہول گاندھی

بلند شہر( اتر پردیش)
یو این آئی
کانگریس قائد راہول گاندھی نے آج خط قبضہ کے پار ہندوستانی مسلح افواج کے سرجیکل اسٹرائیکس(محدود کارروائی) پر نریندر مودی کی ستائش کی اور کہا کہ گزشتہ ڈھائی سالوں میں یہ ان کا پہلا اقدام تھا جس کسی وزیر اعظم کے شایان شان تھا ۔ راہول نے جو اپنی کسان یاترا کے سلسلہ میں اتر پردیش میں ہیں،ن کہا کہ وہ اور ان کی پارٹی وزیر اعظم کے فیصلہ کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب وزیر اعظم ملک کے وزیر اعظم کی طرح کام کرتے ہیں تو میں بھی ان کی تائید کرتا ہوں ۔ میں ان کا شکریہ اد ا کرنا چاہتا ہوں کہ گزشتہ ڈھائی سال میں یہ ان کا پہلا اقدام ہے جسے وزیر اعظم کی شایانِ شان قرار دیاجاسکتا ہے ۔ راہول نے جو اپنی جاریہ دیوریا تا دہلی کسان یاترا کے دوران مودی کو نشانہ تنقید بناتے رہے ہیں، خط قبضہ کے پار دہشت گردی کے لانچنگ پیاڈ پر فوج کے سرجیکل اسٹرائکس کے ایک دن بعد وزیر اعظم کی تعریف میں رطب اللسان تھے ۔ واضح رہے کہ فوج نے ان حملوں کے دوران مقبوضہ کشمیر سے در اندازی کے منتظر دہشت گردوں کو قابل لحاظ نقصان پہنچایا ۔ راہول نے کہا انہیں(مودی کو)میری اور کانگریس پارٹی کی مکمل تائید حاصل ہے ۔ سارا ملک آج ان کے ساتھ کھڑا ہے ۔ انہوں نے ملک کی حفاظت کے لئے عظیم ترین قربانی دینے کی تیاری کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ راہول نے اپنی کسان یترا کے دوران الزام عائد کیا تھا کہ مودی جی کوتاہ بینی اور پی ڈی پی کے ساتھ سیاسی اتحاد کے سبب کشمیر میں دہشت گردی کی گنجائش پیدا ہوئی ہے ۔ انہوں نے اری حملہ کے چند دن بعد کانپور، بہار کے ماٹی علاقہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں ہمارے فوجیوں کے ساتھ ہوں اور پاکستانیوں نے ان کے ساتھ جو کچھ کیا ہے اس کی مذمت کرتا ہوں ۔ بہر حال سیاست کی وجہ سے اس کی گنجائش پیدا ہوئی ہے۔ این ڈی اے نے جموں و کشمیر میں سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ سابق یوپی اے حکومت نے دہشت گردی کے خلاف نو سال تک لڑائی کی تھی اور اسے کچل دیا تھا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں