پاکستان میں صحافیوں کو خط قبضہ کا معائنہ کروایا گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-03

پاکستان میں صحافیوں کو خط قبضہ کا معائنہ کروایا گیا

نئی دہلی
یو این آئی
ہندوستانی فوج کی جانب سے پاک مقبوضہ کشمیر میں خصوصی فوجی مہم کا موثر جواب نہ دینے پر نواز شریف حکومت پر اپوزیشن کے بھرپور حملوں کے بیچ پاکستانی فوج نے یہ ثابت کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے کہ ہندوستانی فوج کے دعویٰ کے مطابق ایسی کوئی مہم کبھی انجام ہی نہیں دی گئی ۔ پاکستانی فوج نے اپنے دعویٰ ثابت کرنے کی تازہ کوشش کرتے ہوئے صحافیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعہ خط قبضہ کی سیر کروائی اور بتایا کہ ہندوستانی سپاہیوں کی جانب سے معمول کی گولہ باری کے سوا کوئی خاص واقعہ پیش نہیں آیا ۔ صحافیوں کو دریائے پونچھ کے کنارے واقع موضع مندھولے لے جایا گیا جو جموں و کشمیر میں خط قبضہ سے صرف پانچ سو گز کے فاصلے پر ہے ۔ ہندوستانی فوج نے خفیہ مہم کے دوران دہشت گردی کے سات اڈوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا جن میں سے ایک اسی موضع کے قریب بتایا گیا جو ہندوستانی چوکیوں سے باآسانی دیکھاجاتا ہے ۔ اور بمشکل پانچ سو گز کے فاصلہ پر ہے۔ صحافیوں کے رو برو مندھولے کے دیہاتیوں کو کھڑا کیا گیا جنہوں نے وہی بات دہرائی جو ہندوستانی فوجی کارروائی کے بعد سے پاکستانی فوج کہتی آرہی ہے۔ ہندوستان کے وزیر دفاع پاریکر نے یہ کہتے ہوئے پاکستان کے زخموں پر نمک چھڑکا کہ پاکستان کی حالت اس مریض جیسی ہے جس کو انستھسیا دیا گیا اور جانتا ہی نہیں کہ جراحی(سرجیکل کارروائی) انجام دی گئی۔ اپوزیشن کے بڑھتے ہوئے حملوں پر قابو پانے کی کوشش کرتے ہوئے پاکستانی فوج نے چند غیر ملکی صحافیوں کو بھی علاقہ کا مشاہدہ کروایا۔ نیویارک ٹائمس کے پاکستان میں کرسپانڈنٹ سلمان منصور اس گروپ میں شامل تھے جنہوں نے موقع سے ہی رپورٹ روانہ کی ۔ انہوں نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ ایسا لگتا ہے کہ پاکستان علاقہ میں کشیدگی کو کم کرنے بے چین ہے ۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی فوجی ہیلی کاپٹرس میں چند صحافیوں کو پاک مقبوضہ کشمیر کے ضلع بھمبرلے جایا گیا ۔ انہیں پاکستانی فوجی عہدیداروں بشمول لیفٹننٹ جنرل عاصم سلیم بجوا نے واقعات کے بارے میں بتایا۔ نیویارک ٹائمس نے پاکستانی فوجی عہدیداروں کے حوالے سے لکھا کہ ہندوستانی سپ اہیوں نے جمعرات کو علاقہ کے پانچ مقامات پر فائرنگ شروع کی۔ یہ فائرنگ پانچ گھنٹے جاری رہی لیکن ہندوستانی سپاہیوں نے خط قبضہ ہرگز پار نہیں کیا۔

Pakistan takes journalists to LoC, tries to change surgical strike

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں