یشونت سنہا کی وفد کے ساتھ گیلانی سے ملاقات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-26

یشونت سنہا کی وفد کے ساتھ گیلانی سے ملاقات

سری نگر
پی ٹی آئی
سینئربی جے پی قائد یشونت سنہا کی زیرقیادت مہذب سماج کے ایک پانچ رکنی وفد نے آج سخت گیر حریت قائد سید علی شاہ گیلانی سے یہاں ملاقات کی، تاکہ جولائی میں عسکریت پسند برہان وانی کی ہلاکت سے کشمیر میں پیدا ہونے والے تعطل کو جو تین ماہ سے جاری ہے، توڑا جاسکے۔ سنہا کی زیر قیادت وفدنے یہاں گرمائی دارالحکومت میں گیلانی سے ان کی حیدر پورہ قیامگاہ پر ملاقات کی۔ گیلانی سے ملاقات سے قبل سنہا نے نامہ نگاروںکوبتایا کہ وہ لوگ وفد کی حیثیت سے نہیں آئے ہیں ۔ انہوںنے کہا ہم خیر سگالی کے حامل چند لوگ ہیں جو انسانیت کی بنیاد پر یہاں آئے ہیں۔ اس ملاقات کامقصد عوام کے دکھ درد میں شامل ہونا ہے ۔ اگر ہم ایسا کرسکیں تو اپنے آپ کو خوش نصیب سمجھیں گے ۔ اس سوال پر کہ آیا یہ ٹیم میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین جیسے دیگر علیحدگی پسند قائدین سے بھی ملاقات کرے گی؟ سنہا نے کہا کہ وہ سب سے ملنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اس دورہ کے وقت سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے سابق وزیر فینانس نے کہا کہ یہ سوال ہمیشہ پوچھاجاتا ہے کہ آپنے پہلے ایسا کیوں نہیں کیا؟ ہم ایک ایسے وقت یہ کام کررہے ہیں جو بالکل مناسب ہے ۔ اس استفسار پر کہ آیا علیحدگی پسندوں نے انہیں مدعو کیا ہے ، سنہا نے کہا کہ ہمیں (گیلانی سے) کوئی دعوت نامہ نہیںملا ہے ، ہم نے ملاقات کی درخواست کی تھی اور ہم ان سے ملنے جارہے ہیں۔ وفد میں شامل دیگر ارکان قومی اقلیتی کمیشن کے سابق صدر نشین وجاہت حبیب اللہ، سابق ایر وائس مارشل کپل کاگ، صحافی بھارت بھوشن اور مرکز برائے مذاکرات و مفاہمت کی عہدیدار سشوبھا باروے بھی تھیں۔ یہ وفد اعتدال پسند حریت کانفرنس قائدمیر واعظ عمر فاروق سے بھی ملاقات کرنیوالا ہے ۔ واضح رہے کہ میر واعظ کو کل دیر رات گئے چشمہ شاہی سب جیل سے رہا کیا گیا، جہاںوہ27 اگست سے محروس تھے ، گیلانی، میر واعظ ور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے صدر یاسین ملک ، وادی میں بد امنی کے آغاز سے مشترکہ طور پر ہفتہ واری احتجاجی پروگرام جاری کرتے رہے ہیں ۔ آئی اے این ایس کے بموجب دلچسپ بات یہ ہے کہ گیلانی نے جو سخت گیر حریت کانفرنس کے صدر نشین ہیں، سنہا کی زیرقیادت وفد سے ملاقات اور بات چیت کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے ۔ وفد کے ارکان کو اس انتہائی سیکوریٹی کے حامل مکان میں داخل ہوتا ہوا دیکھا گیا ۔ جہاں گیلانی کو زائد از تین ماہ سے حراست میں رکھاگیا ہے ۔ گیلانی نے 4ستمبر کو سی پی آئی ایم جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری اور دیگر غیر بی جے پی ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کرنے سے انکار کردیا تھا، جو کشمیر کا دورہ کرنے والے کل جماعتی وفد میں شامل تھے۔ توقع ہے کہ سنہا اور ان کی ٹیم کے ارکان دیگر علیحدگی پسندق ائدین سے بھی ملاقات کریں گے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں