تدارک ایڈس ترمیمی بل - میڈی پارک کو منظوری - مرکزی کابینہ کے فیصلے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-06

تدارک ایڈس ترمیمی بل - میڈی پارک کو منظوری - مرکزی کابینہ کے فیصلے

نئی دہلی
پی ٹی آئی، یو این آئی
مرکزی کابینہ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ایچ آئی وی اور ایڈس( روک تھا م اور تدارک) بل2014کی ترامیم کو اپنی منظوری دے دی ہے ۔ واضح رہے کہ ایچ آئی وی اور ایڈس بل2014کا مسودہ ایچ آئی وی اور ایچ آئی وی سے متاثر افراد کے حقوق کے تحفظ کے لئے تیار کیا گیا ہے ۔ اس بل کی تجاویز میں ایچ آئی وی سے متاثر افراد کے ساتھ برتی جانے والی تفریق کے خاتمے اور متعلقہ افراد کی شکایات اور تکالیف کا ازالہ کرنے کے لئے باقاعدہ طور پر میکنزم کے قیام کی گنجائش ہے ۔ اس بل کے ذریعہ ایچ آئی وی کی روک تھام اور تدارک ، ایچ آئی وی اور ایڈس سے متاثر افراد کے ساتھ کسی قسم کی تفریق نہ برتے جانے اور علاج کے سلسلے میں اطلاع کے ساتھ رضا مندی اور رازداری برقرار رکھنے کے لئے اداروں کو ذمہ دار بنایا گیا ہے تاکہ ایچ آئی وی سے متاثر افراد کے حقوق کا تحفظ ممکن ہوسکے ۔ اس بل کے توسط سے ایچ آئی وی سے متعلق علاج و معالجے تک متاثرہ افراد کی رسائی کو آسان بنانا، جانچ اور معالجہ اور کلینکل تحقیق کرنا بھی آسان ہوگا ۔ اس بل میں ایچ آئی وی سے متاثر افراد کے ساتھ جن مختلف بنیادوں پر تفریق برتی جاری ہے ان کی تفصیل فراہم کرتے ہوئے تفریق کے خاتمے کی بات کہی گئی ہے۔ یعنی ایسے متاثرہ افراد کو روزگار ، تعلیمی اداروں، حفظان صحت کی خدمات کی فراہمی ، املاک کو کرائے پر دینے یا وہاں رہائش اختیار کرنے ، نجی یا سرکاری دفاتر میں آنے جانے، بیمے کی تجاویز وغیرہ کے سلسلے میں جس تفریق کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، اسے ختم کرنے کی گنجائش نکالی گئی ہے ۔ ایچ آئی وی سے متاثر ایسا ہر فرد جو18سال سے کم عمر کا ہو ، اسے کنبے کے ساتھ مل جل کر رہنے کا حق حاصل ہے اور خاندان کی تمام سہولیات بھی اسے ملنی چاہئے ۔ یہ بل ایسے افراد کو روکتا ہے جو ایچ آئی وی اسے متاثر افراد کے خلاف کوئی مواقع شائع کریں یا ان کے خلاف نفرت پھیلائیں۔ اس بل میں متاثرہ نابالغ افراد کی سرپرستی کا بھی ذکر ہے۔ مرکزی کابینہ نے نئی دہلی کی دو ایکڑ اراضی کو99برس کے پٹے پر ویٹینری کونسل آف انڈیا( سی سی آئی) کو منتقل کرنے کے ضمن میں اپنی منظوری دے دی ہے ۔ اس کے تحت مجموعی پٹہ محصول801278روپے کا ہوگا ، جو ایک روپیہ فی مربع میٹر سالانہ کے لحاظ سے واجب الادا ہوگا ۔ وی سی آئی مویشی سائنسیز کے تحقیقی شعبوں میں مویشیوں کے علا ج سے متعلق پیشہ ور افراد کی ہنر مندی کو زیر ملازمت رہتے ہوئے بہتر سے بہتر بنانے کے لئے اپنی سرگرمیوں کو وسعت دے گی اور اس مقصد کے لئے جددی ترین نوعیت کے مختصر مدتی کورس چلائے چلائے گی۔ سہولتوں کی فراہمی کے بعد وی سی آئی اضافی سر گرمیاں شروع کرے گی جس کے فوائد ملک کی دیہی آبادی کوپہنچیں گے اور اسکے نتیجے میں ملک میں اقتصادی ترقی اور روزگار کی فراہمی کا راستہ ہموار ہوگا ۔ مرکزی کابینہ نے وزارت صحت و خاندانی بہبود کے تحت سرکاری دائرہ کار کی منی رتن صنعت یعنی میسرز ایچ ایل ایل لائف کیئر لمٹیڈ کو چینائی کے مضافات میں ، چنگل پٹو، میں واقع330.10ایکڑ زمین کو اپنی جانب سے طبی آلات سازی پارک(میڈی پارک) کے قیام کی اجازت دے دی ہے ۔ اس پراجیکٹ میں ایچ ایل ایل کا شیئر50فیصد سے زائد ہوگا ۔ واضح رہے کہ میڈی پارک پراجکٹ ملک میں طبی ٹکنالوجی کے شعبے میں اپنی نوعیت کا اولین مینو فیکچرنگ کلسٹر ہوگا اور اس کے توسط سے خاطر خواہ کم لاگت پر اعلی قسم کی مصنوعات مقامی پیمانے پر تیار کی جاسکیں گی ۔ جس سے واجبی قیمتوں پر حفظان صحت کے آلات وغیرہ کی دستیابی ممکن ہوسکے گی۔ خاص طور سے معاشرے کے ایک بڑے طبقے کو تشخیصی خدمات واجب شرحوں پر دستیاب ہوسکیں گی۔ مجوزہ میڈی پارک طبی آلات اور ٹکنالوجی کے شعبے میں بامعنی ترقی کو مہمیز کرے گا اور ملک میں معاون شعبوں میں اپنا تعاون دے گا ۔ اس کے قیام سے روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے اور حکومت کی جانب سے چلائے جانے والی میک ان انڈیا مہم کو بھی فروغ حاصل ہوگا ۔ میڈی پارک کا قیام مرحلہ وار طریقے سے سات برسوں کی مدت میں عمل میں آئے گا۔

Cabinet approves amendments to HIV/AIDS bill

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں