لکھنو میں بی ایس پی کی عظیم الشان ریالی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-09

لکھنو میں بی ایس پی کی عظیم الشان ریالی

لکھنو
یو این آئی
اتر پردیش کا دارالحکومت لکھنو نیلے رنگ میں رنگ گیا ہے ، جو بہوجن سماج پارٹی( بی ایس پی) کا سرکاری رنگ ہے ۔ پارٹی کل اس کے بانی کانشی رام کی دسویں برسی کے موقع پر یہاں ایک بڑی ریالی کی تیاری کررہی ہے ۔ بی ایس پی صدر و سابق چیف منسٹر اتر پردیش مایاوتی قدیم جیل کے احاطہ میں واقع مانیا ور کانشی رام میموریل میں ایک عظیم الشان جلسہ سے خطاب کریں گی ۔ توقع ہے کہ تقریبا پانچ لاکھ پارٹی حامی اس ریالی میں شرکت کریں گے۔ ریاستی دارالحکومت میں آنجہانی کانشی رام ، مایاوتی اور دیگر دلت قائدین کی بڑی ہورڈنگس لگائی گئی ہیں ۔ ہاتھی کے انتخابی نشان پر مشتمل بی ایس پی کے نیلے رنگ کے پرچموں سے ریاستی دارالحکومت کی سڑکیں ڈھگ گئی ہیں۔ کانشی رام کی یادگارکو نیلے رنگ کی روشنیوں اور پرچموں سے سجایا گیا ہے۔ پارٹی قائدین کے مطابق یوپی کے403اسمبلی حلقوں کے ہر حلقہ سے تقریباً ایک ہزار حامی اس پروگرام میں شرکت کریں گے جس کے لئے گزشتہ چند دن سے بی جے پی قائدین لکھنو میں مقیم ہیں اور ان کے حامی جمع ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ وسیع و عریض کانشی رام میموریل میں ہونے والی یہ ریالی پارٹی سربراہ کی جانب سے طاقت کا مظاہرہ ہوگی ۔ قبل ازیں انہوں نے2017ء کے اسمبلی انتخابات کے لئے اپنی مہم کا آغاز کرنے چار بڑی ریالیوں سے خطاب کیا تھا ۔ اس ریالی کے لئے پارٹی کے حامیوں کو لانے 22خصوصی ٹرینوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔ ان کے منجملہ16خصوصی ٹرینیں صرف مغربی اتر پردیش سے آئیں گی ، جب کہ دو ٹرینیں مشرقی اتر پردیش کے ضلع بلیا کے لئے مخصوص کی گئی ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ہر ٹرین میں بیس بوگیاں ہوں گی ، جن میں سلیپر اور جنرل بوگیاں شامل رہیں گی، تاکہ تقریبا پانچ ہزار حامیوں کو لایاجاسکے ۔ اس طرح صرف ٹرینوں کے ذریعہ ایک لاکھ بی ایس پی کارکن یہاں پہنچیں گے ۔ یہ ٹرینیں درمیان میں کسی اسٹیشن پر نہیں رکیں گی اور آج شام لکھنو پہنچیں گی ۔ ریالی کے فوری بعد پارٹی کے حامیوں کو دوبارہ ان کے آبائی اضلاع میں پہنچادیاجائے گا۔ ٹرینوں اور بسوں کے ذریعہ لائے جانے والے تقریباً دو لاکھ پارٹی حامیوں کے لئے واٹر پروف خیمے نصب کئے گئے ہیں۔ کئی ٹن سبزیاں، آٹا اور دالوں کا انتظام کیا گیا ہے اور شہر میں گھومنے تقریباً200بسیں مخصوص کی گئی ہیں۔ یہ تمام انتظامات بی ایس پی کی جانب سے اس کی عظیم الشان ریالی کے لئے کیے جارہے ہیں ۔ پارٹی کے حامیوں کو قریبی وسیع و عریض سمرتی اپوان میں ٹھہرایا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق مایاوتی نے اپنے پارٹی امید واروں کو ہدایت دی ہے کہ پارٹی کے حامیوں کو متعلقہ حلقوں سے لانے بسوں کا بھی انتظام کریں۔ وی ایچ پی کے ایک سینئر کارکن نے بتایا کہ پارٹی کم از کم پانچ لاکھ حامیوں کو جمع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ اسمبلی انتخابات سے قبل مایاوتی کی سب سے بڑی ریالی ہوگی ۔ انہوں نے تقریبا ایک ماہ قبل آغرہ، اعظم گڑھ، سہارنپور اور الہ آباد میں بھی ریالیوں سے خطاب کیا ہے ۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ مایاوتی نے چاروں ریالیوں کے ذریعہ تقریبا220اسمبلی حلقوں میں رائے دہندوں تک رسائی حاصل کرلی ہے ۔ اس طرح لکھنو کی ریالی بی ایس پی کی طاقت کا مظاہرہ ہوگی ۔ ایک سینئر پارٹی قائد نے بتایا کہ پارٹی تمام ذاتوں اور مذاہب کے افراد کو متحد کرنے پر توجہ دے گی ۔ دلتوں، مسلمانوں اور برہمنوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ اگر یہ تینوں برادری پارٹی کے حق میں ووٹ دیں تو اسے فیصلہ کن سبقت حاصل ہوسکتی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں