برکس چوٹی کانفرنس - اڑی اور پٹھان کوٹ میں دہشت گردانہ حملوں کی مذمت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-17

برکس چوٹی کانفرنس - اڑی اور پٹھان کوٹ میں دہشت گردانہ حملوں کی مذمت

باونالم(گوا)
پی ٹی آئی
ایسا محسوس ہوتا ہے کہ دہشت گردی پر پاکستان کو ساری دنیا میں یکا وتنہا کردینے سے متعلق ہندوستان کی کوششیں ثمر آور ثابت ہورہی ہیں ۔ جب کہ پانچ قومی گروپ برکس نے آج اوڑی اور پٹھان کوٹ میں حالیہ حملوں کی مذمت کی اور یہ واضح کیا کہ اسے سیاسی و مذہبی اعتبار سے حق بجانب قرار نہیں دیاجاسکتا ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پڑوسی ملک کو ایک ایسا ملک قرار دیا جہاں سے ساری دنیا میں دہشت پھیلائی جارہی ہے اور دہشت گردانہ سر گرمیاں کی جارہی ہیں ۔ سفارتی عہدیداروں کی جانب سے گھنٹوں غوروخوض کے بعد برازیل، رشیا ، انڈیا، چائنا اینڈ ساؤتھ افریقہ(برکس ) کی چوٹی کانفرنس نے گوا اعلامیہ جاری کیا جس میں ہندوستان کے اس مطالبہ کی بھی حمایت کی گئی کہ تمام ممالک کو کوئی مزید تاخیر کئے بغیر بین الاقوامی دہشت گردی کے بارے میں اقوام متحدہ کنونش کو اختیار کرلینا چاہئے۔ پانچوں ممالک کے قائدین نے جن میں مودی، صدر چین زی جن پنگ اور صدر روس ولادیمیر پوتین بھی شامل ہیں کہا کہ تمام ممالک کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ان کے علاقوں سے دہشت گردانہ کارروائیوں کا انسداد عمل میں لائیں ۔ ہندوستان مسلسل پاکستان سے احتجاج کررہا ہے اور اس کی سر زمین سے سر گرم عمل دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے سرحد پاردہشت گردانہ سرگرمیوں کے لئے اسلام آباد کی تائید و حمایت کے خلاف آواز بلند کرتا آرہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اوڑی اور پٹھان کوٹ میں حالیہ دہشت گردانہ حملوں کے پس منظر میں کیا ہے ۔
موبور(گوا)
پی ٹی آئی
برکس چوٹی کانفرنس کے گوا اعلامیہ میں دہشت گردگروپ جیش محمد کو شامل کرنے کے بارے میں اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔ چوٹی کانفرنس نے دہشت گردی کی مذمت تو کی لیکن جیش محمد کو اپنے اعلامیہ میں شامل نہیں کیا۔ وزارت خارجہ کے سکریٹری برائے معاشی تعلقات امر سنہا نے ایک بیان میں کہا جیش محمد کو گوا اعلامیہ میں شامل کرنے پر اتفاق رائے اس لئے نہیں ہوسکا کیوں کہ بلاک کے دیگر رکن ممالک پاکستان سے سرحد پار کی جانے والی دہشت گردی سے متاثر نہیں ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاہم ہندوستان اس دستاویز سے کافی خوش ہے ۔
اسلام آباد
پی ٹی آئی
پاکستانی وزیر اعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کے ان ریمارکس پر شدید رد عمل ظاہر کیا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کا منبع ہے ۔ انہوں نے ہندوستانی لیڈر پر الام لگایاکہ وہ اس مسئلہ پر برکس ملکوں کو گمراہ کررہے ہیں۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ مودی اپنے برکس اور بمسٹک رفقاء کو گمراہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ ہندوستانی قیادت جموں و کشمیر میں اپنی زیادتیوں کو چھپانے کی کوشش کررہی ہے ۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا کہ سرتاج عزیز نے گوا میں برکس چوٹی کانفرنس سے خطاب کے دوران مودی کے بیان پر شدید رد عمل ظاہر کیا جس میں انہوں نے پاکستان کو دنیا بھر میں دہشت گردی کا مرکز قرار دیا تھا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں