پولیس آفیسرس غیر جانبداری اور رحمدلی کا مظاہرہ کریں - جیٹلی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-29

پولیس آفیسرس غیر جانبداری اور رحمدلی کا مظاہرہ کریں - جیٹلی

28/اکتوبر
حیدرآباد
آئی اے این ایس، پی ٹی آئی
مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے جمعہ کے دن پولیس عہدیداروں کو غیر جانبدار ، شفیق، رحمدلانہ، قابل و لائق آفیسر بننے کی ہدایت دی۔ سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈیمی میں یہاں آئی پی ایس پروبیشنرس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ارون جیٹلی نے کہا کہ علم و اخلاق اور حسن عمل کے ساتھ ساتھ ہمیشہ سیدھی راہ کو ا پنائیں تاکہ زندگی میں کامیابی نصیب ہوسکے اور خود کو اپنا مقصد مل سکے۔ نیشنل پولیس ایڈیمی میں68ویں دکشنت پریڈ کی سلامی لینے کے بعد جیٹلی نے یہ بات کہی۔اکیڈمی میں26خواتین کے علاوہ بیرونی ممالک کے پندرہ آفیسرس کے بشمول109آئی پی ایس پروبیشنرس نے یہاں45روزہ ابتدائی تربیت مکمل کرلی۔ بیرونی ممالک کے پندرہ عہدیداروں می رائل بھوٹان پولیس کے چھ، نیپا کے پانچ اور مالدیپ کے چار آفیسرس شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک پولیس آفیسر کو ہمیشہ قانون صرف قانون کی بالا دستی برقرار رکھنے کے جذبہ پر کاربند رہنا چاہے انہوں نے کہا کہ آپ کی غیر جانبداری اور آپ کا ہمدردانہ اور شائستہ رویہ آپ کو جج بنائے گا۔ آپ کی قابلیت ، لیاقت اور آپ کے حسن عمل سے آپ ایک فرض شناس اور انصاف پسند آفیسر بن پائیں گے ۔ مرکزی وزیر فینانس نے مزید کہا کہ گمراہ افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی کیونکہ ان افراد سے سماج کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا ایسے کیس بہت کم ہوتے ہیں جو نظر انداز کرنے کے قابل ہیں۔ اپنی سرویس سے مکمل انصاف کرنے والے اور پابند عہد رہنے واے دن بہ دن منکسرالمزا صفت کے حامل ہوجاتے ہیں۔ عاجزی و انکساری، رحمدلی خوش مزاجی کسی بھی عہدیدار کے شخصیت کے فروغ میں اہمیت رکھتی ہیں۔ ارون جیٹؒی نے اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اب جرم کی نوعیت اور اس کا طریقہ کار بدل گیا ہے ۔ اب جرائم رسمی نہیں رہے ہیں۔ دہشت گردی، سماج کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ دہشت گردی ، سماج کے لئے ناسور ہے۔ آپ لوگوں کو اس سماجی لعنت سے لڑنے کے لئے تمام تر عصری آلات ووسائل سے لیس ہونے کی ضرورت ہے ۔ سائبر کرائم بھی آج بہت بڑا مسئلہ بن گیا ہے ۔ ان جرائم کی تفصیلات سے آگاہی کے لئے فارنسک تجزیہ کی ضرورت ہوتی ہے ۔ نارکو ٹکس اور دیگر نئے جرائم بھی رونما ہورہے ہیں۔ نئے جرائم پیش آرہے ہیں۔ ان تمام جرائم سے آپ کو واقفیت ضروری ہے ۔عہدہ پر مامور تمام آفیسرس کو ان جرائم سے متعلق باخبر رہنا چاہئے ۔ مجھے یقین ہے کہ آپ میں سے ہر ایک روزانہ خود کو سیکھنے کے عمل سے وابستہ رکھیں گے ۔ انہوں نے آئی پی ایس پروبیشنرس سے کہا کہ زندگی کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے آپ لوگوں کو سرویس میں بے شمار مواقع دستیاب ہوں گے ۔ ہر ایک کے لئے زندگی کا بنیادی اصول یہ ہے کہ جب آپ دوراہے پر ہوں تو ہمیشہ سیدھا راستہ انتخاب کریں یہی آپ کو کامیابی کی طرف لے جائے گا۔ اگر آپ شارٹ کٹ یا آسانی کا راستہ تلاش کریں گے تو آپ کو وقتیہ فائدہ مل پائے گا مگر یہ طویل مدتی کار آمد نہیں رہے گا۔ انہوں نے پروبیشنرس کو ایک اور ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جہاں کہیں آپ اندرونی مسائل یا خلفشار کا شکار ہوں تو ہمیشہ اخلاق و اطوار و حسن عمل کو اپنائے رکھیں۔ ملک کے اولین وزیر داخلہ سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ہر سال31اکتوبر کو سالانہ پاسنگ آوٹ پریڈ کااہتمام کیاجاتا ہے مگر دیوالی تہوار کے پیش نظر اس پریڈ کو قبل از وقت منعقد کیا گیا۔ جیٹلی نے پٹیل کو خرا ج عقیدات پیش کرتے ہوئے انہیں ملک کا ایک عظیم قائد و سپوت قرار دیا۔ اس ملک کی تعمیر و تشکیل میں پٹیل کا اہم رول رہا ہے جسے فراموش نہیں کیاجاسکتا ۔ مرکزی وزیر فینانس نے مزید کہا کہ آزادی کے بعد وہ صرف ڈھائی برس ہی بقید حیات تھے مگر انہوں نے اس مختصر عرصہ میں مختلف صوبوں اور شاہی مملکتوں کو انڈین یونین میں ضم کرایا اور ایک وسیع و عریض ملک کو آپس میں باہمی متحد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پٹیل نے مختلف صوبوں کے افراد کو انڈین یونین میں شامل کرانے ممکنہ اقدام اٹھائے ۔ ڈائرکٹر نیشنل پولیس اکیڈمی ارونا بہو گنا نے بھی خطاب کیا۔ پی ٹی آئی کے بموجب ارون جیٹلی نے کہا کہ پروبیشنرس کو مختلف امور کے ساتھ نئے جرائم سے نمٹنے کے لئے خود کو تیار رکھنا ہوگا ۔ جرم کی نوعیت اور اس کی شکل تبدیل ہوتی جارہی ہے ۔ اب جرائم رسمی نہیں رہے۔ دہشت گردی، آج سماج کا سب سے بڑا ناسور ہے ۔ اس کے خلا فلڑنے کے لئے عصری وسائل و ہتھیاروں سے لیس ہونے کی ضرورت ہے ۔ ارونا بہو گنا نے کہا کہ اکیڈیمی میں آفیسرس کو نہ صرف میدانی لڑائی جیتنے بلکہ ذہنی لڑائی کی بھی تربیت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ2015بیاچ کے124پروبیشنرس نے رنگا رنگ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں حصہ لیا۔

Arun Jaitley Advises Police Officers to be Impartial, Humane

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں