ہندوستان کو 2019ء تک مکمل صاف ستھرا بنانے کا نشانہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-03

ہندوستان کو 2019ء تک مکمل صاف ستھرا بنانے کا نشانہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
عوامی مقامات کی صاف صفائی کے لئے شروع کردہ سوچھ بھارت مہم کو موثر بنانے کے لئے تازہ عہد کیا گیا ۔ اس عہد میں سال2019ء تک سارے ہندوستان کو صاف ستھرا بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے ۔ گاندھی جینتی کے موقع پر دو سال قبل وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے شروع کردہ سوچھ بھارت کی آج دوسرے سال کی تکمیل ہے ۔ سوچھ بھارت مہم کے دو سال پورے ہونے کے موقع پر صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کی قیادت میں ملک کے شہریوں نے پورے ملک میں صفائی پروگراموں میں حصہ لے کر اس مہم کو کامیاب بنایا اور ہندوستان نے گاندھی جی کی150ویں یوم پیدائش پر ہندوستان کو صاف ستھرا بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ گاندھی جی کی جائے پیدائش پور بندر سمیت گجرات کے180شہروں اور قصبوں کے علاوہ آندھرا پردیش کے110شہروں اور قصبوں کو بھی آج کھلے میں رفع حاجت سے آزاد قرار دیا گیا ۔ یہ دونوں ریاست ملک کی پہلی ایسی ریاستیں ہیں جہاں شہری علاقہ کھلے میں رفع حاجت سے آزاد ہونے کا اعلان کیا گیا ہے۔ صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی نے آج راشٹر پتی بھون کے احاطے میں بڑی تعداد میں نوجوانوں اور طالب علموں کو سوچھ بھارت مہم میں حصہ لینے کی ترغیب دیتے ہوئے اس مہم کو ہری جھنڈی دکھائی ۔ انڈیا گیٹ پر شہری ترقیات کے مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے بھی ہری جھنڈی دکھا کر حفظان صحت دوڑ کی شروعات کی جس میں بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی ۔ قبل ازیں نائیڈو نے حفظان صحت پر ایک مختصر فلم (شارٹ فلم) کی تقریب کا افتتاح بھی کیا اور حفظان صحت اور گاندھی جی پر ایک کتاب کا اجرا بھی کیا۔ مرکزی مملکتی وزیر اطلاعات و نشریات راجیہ وردھن راٹھور نے تین تین منٹ کی فلموں کے لئے دس فلم سازوں کو ایوارڈ سے بھی نوازا۔جن میں پہلا انعام دس لاکھ روپے کا ہے جو مہاراشٹر کے کاتیان شیو پوری کو ان کی فلم ’مرغا‘ کے لئے دیا گیا ۔ دارالحکومت نے رفیع مارگ پر وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے ایک اسمارٹ ٹوائلٹ کا افتتاحح کیا ۔ اس کے علاوہ انہوں نے کناٹ پلیس کے سنٹرل پارک میں لوگوں کو حفظان صھت کا حلف دلایا ۔ وہیں وزیر صحت جے پی نڈا نے دارالحکومت کے صفدر جنگ ہسپتال میں صفائی مہم میں حصہ لیا ۔ مرکزی وزیر اسٹیل بیریندر سنگھ نے انڈین اسٹیل اتھارٹی کے دفتر میں جاکر حفظان صحت کے پروگراموں کا معائنہ کیا۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ بابائے قوم کی جینتی کو سوچھ بھارت مہم سے شامل کرنا انتہائی موزوں ہے کیونکہ وہ اپنی معمول میں حفظان صحت کو بہت اہمیت دیا کرتے تھے ۔ انہوں نے کہا گاندھی جی کہا کرتے تھے کہ حفظان صحت بھی ایک طرح کی عبادت ہے۔ گاندھی جی نے بیماریوں سے آزاد جسم و ذہن کی اہمیت پر زور دیا تھا۔ انہوں نے اس موقع پر موجود تمام لوگوں سے حفظان صحت اور سوچھ بھارت مہم کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کرنے کی بھی اپیل کی ۔ اس موقع پر راشٹرپتی بھون کے عہدیداران ، ملازمین اور ان کے خاندان کے افراد بھی موجود تھے ۔ نائیڈو نے کہا کہ سوچھ فلم فیسٹیول کا مقصد سوچھ بھارت مہم کے تئیں لوگوں کو بیدار کرنا اور ان میں حوصلہ پیدا کرنا ہے کیونکہ فلمیں اپنی بات پہونچانے کا سب سے بہتر ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشہور فلم سازوں جیسے مدھر بھنڈارکر، رادھا کرشنن جاگرلا منڈی، پرسون پانڈے، رمیش سپی اور سجیت سرکار نے سوچھ بھارت مہم کی تحریک اور اس خیال کی اشاعت کرنے کے لئے اس پر فلم بنانے پر اتفاق ظاہر کیا ہے۔ نڈا نے یہاں صدر جنگ ہسپتال کے احاطے میں رضا کارانہ طور پر حصہ لیا۔

Aimed at making India clean by 2019

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں