اتر پردیش - برسر اقتدار سماج وادی پارٹی اور وزیراعلیٰ اکھلیش یادو پر سخت تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-11

اتر پردیش - برسر اقتدار سماج وادی پارٹی اور وزیراعلیٰ اکھلیش یادو پر سخت تنقید

جونپور
نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج سماج وادی پارٹی اور چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو پر حملہ کیا اور کہا کہ سائیکل[سماج وادی پارٹی کا انتخابی نشان] جس کو ووٹ دیتے ہوئے [اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں]عوام نے بر سر اقتدار لایا تھا نہیں چل رہی ہے۔ انہوں نے کھیتا ساریا جونپور میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا آپ نے ہاتھی [بی ایس پی کا انتخابی نشان] ہٹا دیا ہے اور سائیکل کو لایا ہے لیکن سائیکل ٹھہری ہوئی ہے ، انہوں نے وضاحت کی کہ اس بات کا علم نہیں ہے کہ کیا یہ سائیکل پنکچر ہوگئی ہے یا اسے پیچھے سے باندھ دیا گیا ہے یا توڑ دیا گیا ہے لیکن یہ نہیں چل رہی ہے ۔ گاندھی خاندان کے چشم و چراغ نے جو اتر پردیش اسمبلی انتخابات سے قبل عوام سے رابطہ کے لئے دیوریا تا دہلی یاترا کررہے ہیں ، وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی بار بار بیرونی دوروں پر تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی اپنی دنیا میں مست رہتے ہیں جیسا میں نے کہا تھا جتنا ٹرسٹ، مودی مست ، مودی جی ان کی اپنی دنیا میں خوش ہیں ۔ جیسا کہ میں نے پہلے کہا تھا عوام مشکل میں ہین لیکن مودی خوش ہیں ، ان کی توجہ امریکہ، جاپان پر ہے۔ انہوں نے بتایا ان کی جانب سے بلند بانگ دعوے کئے گئے تھے کہ ہر ایک کے بینک اکاؤنٹ میں پندرہ لاکھ روپے جمع ہوں گے ۔ نوجوانوں کو روزگار ملے گا اور بلیٹ ٹرینیں چلیں گی ۔ ان کو کب پندرہ لاکھ روپے ملیں گے؟ نوجوانوں کو کب ملازمیں ملی گیں؟ بلیٹ ٹرینیں کب چلین گی؟ حتی کہ عام ٹرینوں کے کرائے بھی بڑھا دئیے گئے ہیں ، راہول گاندھی جنہوں نے غریبی مدرسہ میں لنچ کیا اور ایک روڈ شو میں حصہ لیا ان کی2500کلو میٹر کی یاترا کے پس پشت محرک پر روشنی ڈالی اور بایا کہ وہ عوام سے رابطہ قائم کرنا چاہتے ہیں اور ان کے قریب ہونا چاہتے ہیں ۔ راہول گاندھی نے الزام عائد کیا مودی حکومت کے دو سالہ دور اقتدار کے دوران 1.10لاکھ کروڑ روپے کے قرضے معاف کردئیے گئے ہیں ۔ یہ ملک کے پندرہ امیر ترین افراد کے لئے کیا گیا ہے جب کہ ہمارے دور حکومت میں ہم نے کسانوں اور غریبوں کے70000کروڑ روپے معا ف کئے تھے ، اس بات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہ مرکز نے امیر ترین افراد کے قرضہ جات کیوں معاف کئے ہیں نائب صدر کانگریس نے الزام عائد کیا کہ ان کے پیسہ کو وزیر اعظم کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران پوسٹرس اور ٹیلی ویژن اشتہارات کے لئے استعمال کیا گیا تھا ۔ اپنی پارٹی کا بی جے پی سے تقابل کرتے ہوئے راہول نے دعویٰ کیا کہ جب کہ کانگریس اپنے قائدین کو یہ ہدایات جاری کرتی ہیں کہ وہ اضلاع کا دورہ کریں ، مودی ان کے وزراء کی اس خصوص میں حوصلہ افزائی کررہے ہیں کہ ان میں سے ہر ایک وزیر کی جانب سے کم از کم دو ممالک کے دورے کئے جائیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں