دہشت گردی کے سرپرست ممالک کو اقوام عالم میں جگہ نہیں - سشما سوراج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-27

دہشت گردی کے سرپرست ممالک کو اقوام عالم میں جگہ نہیں - سشما سوراج

نیویارک
پی ٹی آئی
وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی سرپرستی کرنے ، اسے پروان چڑھانے ، اس کا ساتھ دینے اور برآمدکرنے والے ممالک کے لئے اقوام عالم میں کوئی جگہ نہیں ہونی چاہئے ۔ سوراج نے آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے اوڑی دہشت گرد حملہ کے پس منظر میں پاکستان کو ایک سخت پیام دیتے ہوئے یہ بات کہی۔ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف نے ایک ہفتہ قبل ہی اپنے خطاب میں تمام تر زور کشمیر کی صورتحال پر صرف کرتے ہوئے وہاں ظلم و زیادتی کا ہندوستان پر الزام عائد کیا تھا۔ اس کا ہندوستان کی جانب سے جواب سننے کے لئے عالمی ادارہ کے اجلاس سے وزیر خارجہ کے خطاب کا بے چینی سے انتظار کیا جارہا تھا ۔ سوراج نے اپنی تقریر میں بلو چستان کا مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ بلوچ عوام پر جو ظلم و زیادتی ہورہی ہے وہ حکومت کے جبرودباؤ کی بد ترین شکل کو ظاہر کرتی ہے ۔ انہوں نے کشمیر کو حاصل کرنے پاکستان کے ارادوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو چاہئے کہ جس علاقہ پر قبضہ کا وہ لالچ رکھتا ہے ، چاہئے کہ یہ خواب دیکھنا بند کردے ۔ وزیر خارجہ نے بین الاقوامی دہشت گردی پر ایک جامع کنونشن منظورکرنے پر بھی زور دیا، تاکہ دہشت گردوں پر مقدمہ چلانے اور انہیں متعلقہ ملک کو حوالے کرنے کے اصول وضع کئے جاسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ نشاندہی کرنا ہوگا کہ دہشت گردوں اور دہشت گردی کی کون تائید کررہا ہے اور کون انہیں تحفظ فراہم کررہا ہے ۔ اوڑی میں فوجی کیمپ پر حملہ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اسی ماہ ہم نے ایک قابل مذمت دہشت گرد حملہ کا سامنا کیا ہے ۔ جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں سوراج نے کہا کہ اگر کوئی ملک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شامل نہیں ہونا چاہتا تو ہمیں چاہئے کہ اس ملک کو الگ تھلگ کردیں ۔ نواز شریف کی کشمیر پر مرکوز تقریر کے بالمقابل سوراج نے کئی امور کا احاطہ کیا اور بین الاقوامی برداری کو ہندوستان میں کئے جانے والے فلاحی اقدامات سے بھی واقف کروایا ۔ اہنوں نے کہا کہ صفائی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے جس سے نمٹنے کے لئے ہم نے سوچھ بھارت ابھیان شروع کیا، جس کے تحت دو لاکھ اسکولوں میں چار لاکھ بیت الخلاء تعمیر کئے گئے ۔ اسی طرح غربت بھی ہمیں در پیش بڑے چیالنجون میں سے ایک ہے اور یہ ایسا مسئلہ ہے جو دنیا کے تمام گوشوں میں پایاجاتا ہے ۔ حکومت ہند نے جن دھن یوجنا کی شکل میں دنیا کا سب سے بڑا مالیاتی شمولیت پروگرام شروع کیا ہے ۔ انہوں نے بیٹی بچاؤ، بیٹی پڑھاؤ اسکیم سے بھی دنیا کو واقف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری سے خطاب کے لئے ایک سال بعد آج وہ یہاں موجود ہیں اور اس دوران بہت بڑی تبدیلیاں رونما ہوچکی ہیں ۔

Aiming at Pakistan, Swaraj tells UN world must isolate nations exporting terror

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں