پیلیٹ بندوقوں پر پابندی لگانے سے کشمیر ہائی کورٹ کا انکار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-23

پیلیٹ بندوقوں پر پابندی لگانے سے کشمیر ہائی کورٹ کا انکار

سری نگر
پی ٹی آئی
وادی کشمیر میں احتجاجی مظاہروں کو کنٹرول کرنے کے لئے پیلیٹ گنس کے استعمال پر پابندی لگانے سے متعلق درخواست کو مسترد کرتے ہوئے جموں و کشمیر ہائیکورٹ نے زمینی صورتحال کا حوالہ دیا اور کہا ک جب تک بے قابو ہجوم کی جانب سے تشدد جاری ہے، طاقت کا استعمال ناگزیر ہے ۔ جسٹس این پال وسنت کمار اور جسٹس علی محمد ماگرے پر مشتمل بنچ نے مظاہرین کو کنٹرول کرنے کے لئے پیلیٹ گنس کے استعمال پر روک لگانے کا مطالبہ کرنے کے سلسلے میں دائر کی گئی کشمیر ہائی کورٹ بار اسوسی ایشن کی درخواست کو کل مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی وزارت داخلہ نے پیلیٹ گنس کے استعمال کے مسئلہ پر پہلے ہی ماہرین کی ایک کمیٹی قائم کردی ہے ۔ عدالت نے ساتھ ہی مظاہرین پر پیلیٹ گنس چلانے والوں اور اس کی اجازت دینے والے عہدیداروں پر مقدمہ چلانے سے بھی انکار کردیا۔ بنچ نے کہا کہ صورتحال اور وزارت داخلہ کی طرف سے پیلیٹ گنس کے متبادل تلاش کرنے کے لئے26جولائی کو ماہرین کی کمیٹی قائم کئے جانے کے سلسلے میں غور کیا گیا ہے۔ تاہم ماہرین کی کمیٹی کی رپورٹ سونپنے اور حکومت کی سطح پر فیصلہ لینے سے پہلے ہم مخصوص حالات میں پیلیٹ گنس کے استعمال پر پابندی نہیں لگاسکتے ۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ضرورت سے زیادہ طاقت کے استعمال پر ہائی کورٹ نے کہا کہ کسی خاص حالات یا مقام پر طاقت کا ضرورت سے زیادہ استعمال کیاگیا یا نہیں، اس کا پتہ انتظامیہ یا عدالت کی تحقیقات کے بعد ہی چل سکتا ہے ۔ عدالت نے کہا کہ کس وقت، کن حالات اور کس مقام پر کتنی طاقت کا استعمال کرنا ہے ، اس کا فیصلہ اس جگہ کا انچارج لیتا ہے ، جہاں تشدد ہوا ہے ۔

J&K HC refuses to ban pellet guns

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں