حیدرآباد میں بارش سے مزید تباہی - ذخائر آب کی سطح میں اضافہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-23

حیدرآباد میں بارش سے مزید تباہی - ذخائر آب کی سطح میں اضافہ

حیدرآباد
اعتماد نیوز
ریاست تلنگانہ میں جاریہ موسم کے دوران آج بھی شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے مختلف مقامات پر وقفہ وقفہ سے زبردست بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔ آئندہ دو دنوں 23اور24ستمبر کو بھی شہر کے علاوہ اضلاع میں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ بارش کی وجہ سے تباہیوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔ کئی علاقوں میں پانی کے جمع ہوجانے کی وجہ سے عام زندگی پر اس کا اثر دیکھا گیا ہے ۔ بارش کی وجہ سے سری سلیم، ناگرجنا ساگر، سنگور مانجرا، عثمان ساگر، حمایت ساگر، اور دیگر ذخائر آب کی سطح مین تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔ گزشتہ چھتیس گھنٹوں کے دوران کئی مقامات پر اٹھارہ تا چوبیس سنٹی میٹر اور کچھ مقامات پر تیس سینٹی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ جو دہلی میں کیمپ کئے ہوئے ہیں نے کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن بی جناردھن ریڈی کو ہدایت دی کہ وہ بارش سے ہورہی تباہ کاریوں سے نمٹنے موثر اقدامات کریں ۔ انہوں نے آئندہ تین دن کے دوران بارش کے امکانات سے متعلق پیش قیاسیوں کے حوالے سے ریاستی حکام سے کہا کہ وہ کسی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے احتیاطی اقدامات کریں ۔ ضرورت پڑنے پر فوج، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، پولیس کی خدمات کو حاصل کریں ۔ ترجیحی بنیاد پر بچاؤ کام انجام دیں ۔ گوداوری اور کرشنا کے آبگیر علاقوں میں ہورہی شدید بارش کی وجہ سے ان دونوں دریاؤں پر بنے مختلف ذخائر آب کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ کئی مقامات پر بیشتر دیہات زیر آب ہیں ۔ اس دوران اندھرا پردیش حکومت کی جانب سے امکانی سیلاب سے نمٹنے کے لیے تلنگانہ حکومت کے ساتھ تعاون کا پیش کش کیا گیا ہے ۔ شہر حیدرآباد کے زیر آب نواحی علاقوں می پانی کی نکاسی کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے گئے ہیں۔ ان اقدامات پر آج اس وقت رکاوٹ پیدا ہوئی جب کہ دوپہر کے وقت ایک بار پھر شدید بارش کی وجہ سے ان علاقوں میں دوبارہ پانی جمع ہوگیا۔ بالانگر، کوکٹ پلی، کاپرا ، الوال، نظام پیٹ، قطب اللہ پور اور اس سے متصل علاقوں میں بارش کے پانی کے سبب دوسرے دن بھی عام زندگی متاثر دیکھی گئی ۔ شہر کے کئی مقامات پر ٹریفک خلل کا شکار رہی۔دریائے کرشنا پر واقع سری سلیم ڈیم کی سطح میں زبردست اضافہ ریکاڈ کیا گیا ۔ اس کی مکمل سطح885میٹر ہے جب کہ آج اس کی سطح آب874.200ریکارڈ کی گئی جب کہ بیس دن قبل اس کی سطح 813 میٹر تھی۔ کرشنا پر بنائے گئے جورالا پراجکٹ سے فاضل پانی چھوڑا جارہا ہے جو سری سلیم میں جمع ہورہا ہے ۔ ناگرجنا ساگر کی سطح آب میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ حیدرآباد کے دوذخائر آب عثمان ساگر اور حمایت ساگر کی سطحوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ترتیب وار1.250فٹ،0660فٹ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ سنگوراور مانجرا میں تقریبا ایک، ایک فٹ پانی کا اضافہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریکارڈ کیا گیا ۔ بارش کی وجہ سے برقی کی تنصیبات کو ہوئے نقصانات کا جائزہ لینے تلنگانہ ٹرانسکو کے صدر نشین ومنیجنگ ڈائرکٹر پربھاکر راؤ ، تلنگانہ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے صدر نشین جی رگھو راما ریڈی اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔ جن علاقوں میں برقی کی سربراہی مسدود ہوئی ہے وہاں فوری برقی بحال کرنے کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ ہنگامی کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔ کئی علاقوں پر برقی لائنوں کے ٹوٹنے کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔ شہر کے رین بازار علاقہ میں دیوار گرنے کا ایک واقعہ پیش آیا تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ۔ مسلسل بارش کی وجہ سے شہر کی سماجی سر گرمیوں پر اثر دیکھا گیا۔

Hyderabad rain: Hussainsagar levels rise,

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں