کشمیر میں تازہ جھڑپیں - مزید دو افراد ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-11

کشمیر میں تازہ جھڑپیں - مزید دو افراد ہلاک

سری نگر
یو این آئی، آئی اے این ایس
وادی کشمیر میں آج مظاہرین کو منتشر کرنے سیکوریٹی فورسس کی جانب سے چھرے داغنے ، آنسو گیس شل برسانے لاٹھی چارج میں دو نوجوان ہلاک اور دیگر چالیس زخمی ہوگئے۔ ان اموات کے ساتھ ہی وادی کشمیر میں جاری بے چینی میں ہلاک ہونے والے افراد کی جملہ تعداد77ہوگئی ہے ۔ بہر حال مقامی میڈیا کے مطابق مہلوکین کی تعداد80سے زائد ہے۔ سیکوریٹی فورسس نے جنوبی کشمیر کے اننت ناگ میں موافق آزادی نعرے بلند کرنے والے مظاہرین کو منتشر کرنے چھرے داغے اور آنسو گیس شل برسائے ۔ عوام کی کثیر تعداد یہاں ایک ریالی میں حصہ لینے جمع ہوئی تھی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تقریبا بیس افراد زخمی ہوئے ہیں ، جن میں سے چند چھرے لگنے سے زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو ایک ہاسپٹل میں لے جایا گیا ، جہاں ایک نوجوان یاور احمد ڈار کو مردہ قرار دیا گیا ، جس کے سینہ میں چھرے لگے تھے۔ یاور بوٹنگو علاقہ کا ساکن تھا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تنگوان علاقہ میں جہاں ایک موافق آزادی ریالی نکالی جارہی تھی ، سینکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے ، بہر حال سیکوریٹی فورسس نے آنسو گیس شل برسائے اور لاٹھی چارج کیا، تاکہ مظاہرین کو منتشر کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ایک آنسو گیس شل سیدھے ایک پچیس سالہ نوجوان سحر شمیم کے سر میں لگا۔ اسے فوری ہاسپٹل لے جایا گیا ، جہاں وہ مردہ قرار دے دیا گیا ، ضلع شوپیان کے مختلف علاقوں کے ہزاروں افراد سحر کی نماز جنازہ میں شرکت کے لئے گناؤ پورہ کی طرح مارچ کررہے تھے۔ سحر کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسلامی تنظیم آزادی کے صدر نشین عبدالصمد انقلابی نے کہا کہ سیکوریٹی فورسس پر امن جلوس پر فائرنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور دیگر مذہبی و علیحدگی پسند قائدین وہاں ایک پر امن ریالی سے خطاب کرنے والے تھے ۔ وادی کشمیر کے دیگر علاقوں سے بھی جھڑپوں کی اطلاع موصول ہورہی ہے۔ آئی اے این ایس کے بموجب کشمیر مین آج سیکوریٹی فورسس کے ساتھ تازہ جھڑپوں میں دو افراد ہلاک ہوگئے۔ وادی میں آج مسلسل64 ویں روز عام زندگی مفلوج رہی۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں اموات جنوبی کشمیر کے دو مواضعات میں ہوئی ہیں ، جہاں سینکڑوں افراد تحدیدات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے تھے ۔ سیکوریٹی فورسس نے انہیں منتشر کرتے ہوئے آنسو گیس شل برسائے ، چھرے داغے اور لاٹھی چارج کیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں