میں دلتوں اور احساس محرومی کے شکار طبقات کی فلاح کا پابند ہوں - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-03

میں دلتوں اور احساس محرومی کے شکار طبقات کی فلاح کا پابند ہوں - وزیراعظم مودی

نئی دہلی
آئی اے این ایس
وزیرا عظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بی جے پی اتر پردیش اور دیگر ریاستوں میں آنے والی اسمبلی انتخابات ترقی کے موضوع پر لڑے گی اور اس کی توجہ ملازمتوں، امن، اتحاد اور سماجی انصاف پر ہوگی ۔ ایک نیوز چینل کو انٹر ویو دیتے ہوئے مودی نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اتر پردیش کے رائے دہندوے ترقی کے موضوع پر ووٹ دیں گے اور اکثریتی حکومت کو منتخب کریں گے ۔ مودی نے کہا کہ آنے والے دنوں میں پانچ ریاستوں میں انتخابات ہوں گے، جن میں اتر پردیش بھی شامل ہے ۔ جہاں تک بی جے پی کا تعلق ہے ، ہم صرف ترقی کے موضوع پر انتخاب لڑیں گے ۔ ہماری توجہ کسانوں کی بہبود، مواضعات ، نوجوانوں کے لئے ملازمتوں پر ہوگی ، اور ہم سماجی انصاف کے کاز کے پابند رہیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری توجہ ملک میں امن ، اتحاد اور بھائی چارہ کی برقراری پر مرکوز رہے گی۔ ہم اس ضمن میں مزید اقدامات کریں گے اور آگے بڑھیں گے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں ووٹ بینک کی سیاست کا ماحول نہیں تھا بلکہ ترقی کی سیاست کا ماحول تھا ۔ انہوں نے کہا کہ سماج کا ایک طبقہ، ترقی کی سیاست کی طرف جھکاؤ رکھتا ہے ۔ مودی نے کہا کہ تیس سال بعد ہمارے سماج کے ایک گوشہ نے متحد ہوکر واضح اکثریت والی حکومت کے لئے ووٹ دیا ۔ ہمارے سماج کا ایک مکمل گوشہ ترقی کی طرف مائل ہے۔ عین ممکن ہے کہ یوپی کی بہتری کے لئے یوپی کے عوام بھی ایسا ہی کریں گے ۔ وہ ترقی کو ذہن میں رکھتے ہوئے ووٹ دیں گے ۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ آئندہ سال کے اوائل میں پنجاب ، اتر کھنڈ، گوا ، منی پور اور اتر پردیش میں انتخابات کا انعقاد عمل میں لایاجائے گا۔ علیحدہ اطلاع کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ وہ دلتوں کی بہبود کے پابند ہیں ۔ ایسے میں جو لوگ خود کو کچھ خاص طبقوں کا ٹھیکدار ظاہر کرتے ہوئے ملک میں رہنا چاہتے ہیں ، انہیں یہ منظور نہیں کہ مودی دلتوں اور قبائلوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں ۔ میں تمام لیڈروں اور اپنی پارٹی کے قائدین سے بھی کہوں گا کہ وہ اناپ شناپ بیان بازی نہ کریں ۔ مودی نے یہ بھی کہا کہ سماجی مسائل کو سیاسی رنگ دیاجارہا ہے ۔ جن لوگوں نے اس ملک میں ذات پات کے نام پر تقسیم کا زہر بھرا ہے ، انہیں سماجی مسائل کو سیاسی رنگ دینا بند کرنا چاہئے ۔ ہمیں ایک مقصد کو لے کر آگے بڑھنا ہے ۔ مین دلتوں ، محروم اور پسماندہ طبقات کی بہبود کا پابند عہد ہون۔

I am committed to the welfare of Dalits: PM Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں