خلیجی ممالک کی زرعی ضروریات کی تکمیل سے کسانوں کو منافع ممکن - مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-27

خلیجی ممالک کی زرعی ضروریات کی تکمیل سے کسانوں کو منافع ممکن - مودی

نئی دہلی
آئی اے این ایس، پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سائنسدانوں پر زور دیا کہ زراعت میں نشانوں کے حصول پر توجہ مرکوز کریں ، تاکہ بر آمدات کو فروغ دیاجاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی کسان خلیجی ممالک کی ضروریات کی تکمیل کے ذریعہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے یہاں وگیان بھون میں سی ایس آئی آر کی پلاٹینم جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہ خلیجی ممالک میں پانی کے بحران کی وجہ سے انہیں اپنی تمام غذائی اشیاء درآمد کرنی پڑتی ہیں ، جس کی وجہ سے وہ بڑھتی آبادی کے بارے میں پریشان رہتے ہیں ۔ کیا ہم خلیجی ممالک کی ضروریات کو ذہن میں رکھتے ہوئے اور برامدات کے ذریعہ ان کی تکمیل کرتے ہوئے فائدہ نہیں اٹھا سکتے ۔ انہوں نے کونسل آف سائنٹفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ[ سی ایس آئی آر] کی تقریب سے یہاں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خلیجی ممالک میں زرعی مصنوعات کی بھاری طلب ہے ۔ ہندوستانی کسان اس بازار پر قبضہ کرنے، انہیں سستا متبادل فراہم کرسکتے ہیں ۔ سائنسدانوں کو نئی انواع کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔ ہمیں صرف مقامی پیداوار اور کھپت تک محدود نہیں رہنا چاہئے ۔ یہ بتاتے ہوئے کہ سائنسی اختراعات کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔ وزیر اعظم نے سائنسدانوں ، موجدین اور انٹر پرینرس جیسے با صلاحیت افراد کی تلاش کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ریالیٹی شوز میں با صلاحیت افراد کو تلاش کرتے ہوئے ملک کے بہترین صلاحیت مند افراد کو آگے لایاجاتا ہے ، اسی طرح سائنسدانوں اور موجدین کی بھی تلاش کی جانی چاہئے ۔ اس موقع پر کئی سائنسدانوں کو ان کی خدمات پر ایوارڈس دئیے گئے۔ وزیر اعظم نے ایوارڈ یافتگان سے کہا کہ وہ اسکول کو اپنالیں اور چند منتخب طلباء کو تربیت دیں تاکہ وہ مستقبل کے سائنسداں بن سکیں۔ مودی نے سی ایس آئی آر کے75سال کو قوم کی خدمت کے لئے وقف سفر قرار دیا ۔ انہوں نے کئی شعبوں میں بہترین خدمات انجام دینے پر سی ایس آئی آر سے اظہار تشکر کیا۔ مودی نے کہا زراعت سے لے کر ایرو اسپیس تک ، کیمیکلس سے لے کر ماحولیاتی تبدیلی، ادویات کی تیاری سے گہرے سمندروں میں کھوج تک سی ایس آئی آر نے اپنی موجودگی درج کرائی ہے ۔ بعض اوقات میں یہ سوچتا ہوں کہ جھے آپ سے بہت زیادہ توقعات ہیں لیکن یہ بھی ذہن میں رہنا چاہئے کہ توقعات ان ہی سے وابستہ کی جاتی ہیں جو نتائج فراہم کرسکتے ہیں ۔ کچرے کے انصرام کے لئے ٹکنالوجی کی ایجاد پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اہم ٹکنالوجی کے ذریعہ کچرے کو دولت میں تبدیل کرسکتے ہیں ۔ اس شعبہ پر قبضہ کرنے کے بے شمار مواقع موجود ہیں ، جن کی وجہ سے نہ صرف کاروبارپید اہوگا ، بلکہ ملک کو صاف ستھرا رکھنے میں بھی مدد ملے گی ۔ وزیر اعظم نے اندرون ملک فروغ دئیے گئے پودوں کی سات نئی انواع کو قوم کے نام معنون کیا اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کسانوں سے بات چیت کی۔ مودی نے حیدرآباد ، جموں، کڈالور[ٹاملناڈو] جورہاٹ [آسام] اور پالمپور[ہماچل پردیش] کے کسانوں سے بات چیت کی۔ پی ٹی آئی کے بموجب وزیر اعظم نے فصلوں میں اضافہ کے لئے سائنسی حل کے ساتھ آگے بڑھنے کی سائنسی برادری سے اپیل کی۔ انہوں نے یہاں سی ایس آئی آر کی پلاٹینیم جوبلی یوم تاسیس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا میں ہمیشہ سے کہتا رہا ہوں کہ ہر قطرہ کے ساتھ زیادہ پیداوار حاصل ہو ۔ ہمیں ایک ایک انچ زمین اور مختلف فصلوں کے بارے میں بھی سوچنا چاہئے ۔ انہوں نے سائنسدانوں سے کہا کہ وہ سبزیوں کی پیداوار میں اضافہ کے لئے کام کریں، تاکہ نہ صرف اندرون ملک ضروریات کی تکمیل ہو سکے بلکہ برآمدات بھی کیے جاسکیں ۔

Can profit by meeting agricultural demands of Gulf: PM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں