غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مستقل شہری کا درجہ ۔ ایف ڈی آئی قوانین میں ترمیم کو کابینہ کی منظوری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-01

غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مستقل شہری کا درجہ ۔ ایف ڈی آئی قوانین میں ترمیم کو کابینہ کی منظوری

نئی دہلی
پی ٹی آئی، یو این آئی
ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنے والے بیرونی سرمایہ کاروں کو مستقل باشندوں کا درجہ دے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں آج یہاں منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں اس تجویز کو منظوری دی گئی۔ اس فیصلے کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دس سال کے لئے یہ درجہ دیاجائے گا اور وہ اس دوران اپنے ملک بھی جاسکیں گے ۔ اگر ہندوستان میں ان کا طرز عمل صحیح پایا گیا تو انہیں دوبارہ مزید دس سال کے لئے یہ درجہ دیاجائے گا۔ ان سرمایہ کاروں کو یہ درجہ دینے کے لئے بیرونی ویزا قوانین میں مناسب ترمیم بھی کی جائے گی۔ بیرونی سرمایہ کاروں کو میک ان انڈیا پروگرام اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے یہ اہم تجویز پاس کی گئی ہے۔ ان سرمایہ کاروں کو ہندوستان میں یہ درجہ حاصل کرنے کے لئے اٹھارہ ماہ کے اندر کم از کم دس کروڑ روپے اور چھتیس ماہ میں پچیس کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کرنی ہوگی۔ نیز سرمایہ کاروں کو ہر مالی سال میں کم از کم بیس ہندوستانی شہریوں کو ملازمت دینی ہوگی۔ سرمایہ کاروں کو رجسٹریشن سے چھوٹ ملے گی اور وہ ہندوستان میں رہائشی سہولیات خرید سکیں گے اور ان کے بال بچے اور شریک حیات ہندوستان میں پڑھائی یا ذاتی کاروبار بھی کرسکیں گے ۔ مرکزی کابینہ نے اسٹیٹ پراجکٹس کے رکے ہوئے تعمیری کاموں کو دوبارہ جاری کرنے کے لئے آج تنازعات کے فوری حل میں مددگار اقدامات، لیکویڈ یٹی اور اثاثہ جات سے متعلق معاملت میں سہولت پہنچانے کے اقدامات کو منظوری دی۔ مرکزی کابینہ نے آج کنٹراکٹرس کو تیز رفتار ثالثی کے مراحلہ سے رجوع ہونے کو منظوری دی۔ مرکزی کابینہ نے آج پانچ رہے قدیم دشمن کی جائیداد قانون میں ترمیم کے آرڈیننس کو چوتھی مرتبہ منظوری دی۔ حکومت نے ملک میں روزگار بڑھانے ارو زیادہ سے زیادہ راست بیرونی سرمایہ کاری اپنی طرف متوجہ کرنے کے لئے آج نئی ایف ڈی آئی پالیسی2016کا اعلان کیا۔ جس میں ایف ڈی آئی ضوابط میں نرمی پیدا کرتے ہوئے کھانے کی مصنوعات، نشریات اور فضائی سروس میں سو فیصد ایف ڈی آئی کی اجازت دی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ فارما، سیکوریٹی ایجنسی، دفاع اور برانڈ خوردہ کاروبار میں ایف ڈی آئی کے قوانین میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ مرکزی کابینہ نے اپنے اجلاس کے دوران ان تبدیلیوں کو منظوری دی۔ گزشتہ جون میں ان تبدیلیوں کا اعلان کیا گیا تھا ۔ حکومت نے دس ماہ میں دوسری بار ایف ڈی آئی پالیسی میں نرمی کی ہے اور اس کی زیادہ سے زیادہ حد بڑھائی ہے ۔ اس سے پہلے گزشتہ سال نومبر میں بھی ایف ڈی آئی پالیسی میں بڑی تبدیلی کی گئی تھی۔ سلامتی کے شعبہ میں اب تک اٹو میٹک روٹ سے49فیصد ایف ڈی آئی کی اجازت تھی جب کہ اس سے زیادہ سرمایہ کاری حکومت کی منظوری کے ساتھ اسی حالت میں کی جاسکتی تھی جب اس سے ملک کو جدید ٹکنالوجی تک رسائی ملے ۔ اب جدید ٹیکنالوجی تک رسائی کی شرط ہٹا دی گئی ہے ۔ اس سے اس شعبے میں بھی سرکاری منظوری کے بغیر سو فیصد ایف ڈی آئی کی اجازت مل گئی ہے ۔اس کے علاوہ دفاعی شعبہ کے تحت چھوٹے ہتھیاروں اور گولہ بارود بنانے کے پروجیکٹ بھی ایف ڈی آئی کے لئے کھول دئیے گئے ہیں۔ نشریات کے شعبے میں ٹیلی پورٹس، ڈائریکٹ ٹو ہوم[ ڈی ٹی ایچ] کیبل نیٹ ورک سروس، موبائل ٹی وی، ہیڈ یڈ۔ ان ، دی اسکائی براڈ کاسٹنگ سرویس[ ایچ آئی ٹی ایس] میں غیر آٹومیٹکگ روٹ سے100فیصد ایف ڈی آئی کی اجازت دے دی گئی ہے ۔ ملک میں بننے یا تیار ہونے والی کھانے کی اشیاء کے کاروبار میں ای کامرس سمیت سرکاری منظوری کے راستے سے سو فیصد سرمایہ کاری کی اجازت دی گئی ہے ۔ فارمیسی کے شعبے میں فی الحال گرین فیلڈ منصوبوں میں آٹومیٹک روٹ سے اور براؤن فیلڈ منصوبوں میں سرکاری منظوری سے سو فیصد سرمایہ کاری کی اجازت ہے ۔ اب براؤن فیلڈ منصوبوں می74فیصد تک ایف ڈی آئی آٹو میٹک روٹ سے کی جاسکے گی جب کہ اس سے زیادہ سرمایہ کاری کے لئے سرکاری منظوری لینی ہوگی۔ سنگل برانڈ خوردہ کاروبار کی شرائط میں نرمی کرتے ہوئے حکومت نے مقامی ذرائع سے خریداری کی شرائط میں تین سال تک کی چھوٹ دے دی ہے ۔ جسے جدید ٹکنالوجی کی مصنوعات کے معاملے میں مزید پانچ سال کے لئے توسیع کرسکتے ہیں ۔ ملک میں شہری ہوا بازی کے شعبے میں اب تک گرین فیلڈ منصوبوں میں آٹو میٹک روٹ سے سو فیصد ایف ڈی آئی کی اجازت تھی جب کہ براؤن فیلڈ منصوبوں میں 74فیصد تک آٹو میٹک روٹ سے اور اس سے زیادہ سرکاری منظوری سے ایف ڈی آئی کی اجازت تھی۔

Cabinet approves grant of Permanent Residency Status to Foreign Investors

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں