عیدالاضحی ہندوستان بھر میں جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-15

عیدالاضحی ہندوستان بھر میں جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی

نئی دہلی
آئی اے این ایس
عیدالاضحی کل ملک بھر میں مذہبی جو ش وخروش و عقیدت کے ساتھ منائی گئی ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی، نائب صدر حامد انصاری اور وزیر اعظم نریندر مودی نے اس موقع پر مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی۔ ملک کے مختلف علاقوں کی مساجد او رعید گاہوں میں نما ز عید ادا کی گئی، جس کے بعد مویشیوں کی قربانی کی گئی۔ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی اس موقع پر اپنے مسلم دوستوں کو مبارکباد دی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پیام میں کہا عیدالاضحی مبارک۔ خدا کرے کہ یہ تہوار ہمارے سماج میں امن و یکجہتی کے جذبے میں اضافہ کرے ۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی، نائب صدر حامد انصاری اور اسپیکر لوک سبھا سمترا مہاجن نے بھی عیدالاضحی کے موقع پر قوم کو امن و ہم آہنگی کا پیام دیا۔ دہلی میں تاریخی مساجد جیسے جامع مسجد ، فتح پوری اور شاہی عید گاہ سمیت مختلف مساجد میں ہزاروں افراد نے نماز عید ادا کی۔ ان مساجد میں لگ بھگ ساڑھے سات بجے نماز کا اہتمام کیا گیا۔ جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری نے بتایا کہ آج قومی یکجہتی کی ہمارے ملک کی انفرادی خصوصی نمایاں ہے ، کیوں کہ اس مقدس موقع پر ہندو برادری کے کئی افراد نے بھی اپنے مسلم افراد کو مبارکباد دی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مختلف مذاہب کے ماننے والے دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے اپنے دوست و احباب کو مبارکباد پیش کررہے ہیں، جس سے بھائی چارہ کا اظہار ہوتا ہے اور اس کا سلسلہ جاری رہے گا ۔1990ء کے بعد سے جب پہلی مرتبہ علیحدگی پسندوں نے مسلح جدو جہد شروع کی تھی، پہلی مرتبہ سری نگر میں نماز عید کے اجتماعات کی اجازت نہیں دی گئی۔ وادی کشمیر میں کل مسلمانوں نے قریبی مساجد میں نماز عید ادا کی ۔ وادی میں کہیں جشن بھی نہیں دیکھا گیا ۔ عوام نے جھڑپوں اور تشدد کے اندیشے کے تحت مکانات تک محدود رہنے کو ترجیح دی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں