ملک بھر میں 13 ستمبر کو عیدالاضحٰی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-13

ملک بھر میں 13 ستمبر کو عیدالاضحٰی

نئی دہلی، ترواننتاپورم
یو این آئی
ملک بھر میں منگل کو عیدالاضحٰی منائی جائے گی۔ کئی ریاستوں میں ذبیحہ گاؤ کے سخت قوانین کے سبب بیلوں اور بچھڑوں کو قربانی پر پابندی اور غیر ضروری فعال گاؤ رکھشکوں کی وجہ سے کشیدگی کے ماحول میں عید منائی جارہی ہے جس کے سبب حکام نے کسی بھی ناگوار صورتحال کے تدارک کے لئے سخت چوکسی اختیار رکھی ہے ۔ جنوبی ہند کی ریاست کیرالا میں پیر12ستمبر کو عیدالاضحیٰ منائی گئی۔ دارالحکومت تروواننتاپورم میں مسلمانوں نے نماز عید ادا کی ۔ نماز فجر کے بعد کیرالا کے مسلمانوں نے اشراق کے وقت کا انتظار کیا، پھر عید گاہوں اور مساجد میں عیدالاضحی کی نماز ادا کی ۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد صاحب استطاعت افراد نے سنت ابراہیمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی دی۔صدر جمہوریہ پرنب مکرجی ارو نائب صدر ایم حامد انصاری نے عیدالاضحی کے موقع پر عوام کو مبارکباد دی ہے۔ ہندوستان اور بیرونی ملک تمام مسلم بھائیوں اور بہنوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے اپنے پیام میں صدر نے کہا کہ عیدالاضحی اعتماد، محبت، قربانی اور درگزر کا درس دیتی ہے ۔ آئیے ہم اس موقع پر حضرت ابراہیم ؑ کی پر خلوص قربانی کو یاد کریں اور انسانیت کی خدمت کے لئے خود کو وقف کریں۔ آئیے ہم حاجت مندوں اور غریبوں کے دکھ کو محسوس کریں۔ خدا کرے یہ عید عالمی بھائی چارگی، امن اور سماج میں ہم آہنگی کو بڑھاوا دینے ہماری کوششوں کو مضبوط بنانے کا ذریعہ بنے ۔ نائب صدر حامد انصاری نے اس عید کے ذریعہ ملک میں امن، ہم آہنگی اور خوشحالی کی تمنا ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی ہماری زندگیوں میں قربانی اور جذبہ ایثار کی نیکیوں کو اجاگر کرتی ہے اور سماج کے تئیں ہمدردی اور بھائی چارگی کی روح کو بڑھا وادیتی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں