سعودی عرب اپنے خر چ پر ہندوستانی ملازمین کو واپس بھیجے گا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-08-05

سعودی عرب اپنے خر چ پر ہندوستانی ملازمین کو واپس بھیجے گا

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ہندوستان کی سفارتی جیت میں سعودی عرب نے سینکڑوں بے روزگار ہندوستانی ورکرس کو ایکزٹ( خروج) دینے اور انہیں اپنے خرچ پر ان کے ملک واپس بھیجنے پر آمادگی ظاہر کی ہے ۔ راجیہ سبھا میں از خود بیان دیتے ہوئے وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ سعودی عرب کیمپس میں پھنسے ہندوستانی ورکرس کو مفت طبی امداد کی سہولت اور غذا کی فراہمی پر بھی آمادہ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے نائب مملکتی وزیر خارجہ وی کے سنگھ منگل کی شام سے سعودی عرب میں پڑاؤ ڈالے ہوئے ہیں اور وہ ہندوستانی ورکرس کے لئے انتظامات کو قطیعت دینے کے بعد ہی لوٹیں گے۔ سشما نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہے کہ سعودی حکمراں نے ہندوستانی ورکرس کی حالت زار کا نوٹ لیا ہے ۔ سعودی شاہ نے عہدیداروں کو دو دن میں مسئلہ کی یکسوئی کی ہدایت دی ہے ۔ سعودی عرب نے حکومت ہند کی یہ درخواست قبول کرلی ہے کہ وہاں پھنسے ہوئے اس کے ورکرس کو ایکزٹ دیا جائے۔ اس نے ورکرس کو ہندوستان پہنچانے کی بھی پیشکش کی ہے۔ حکومت ہند کو ایک پیسہ بھی خرچ کرنا نہیں پڑے گا ۔ سشما نے کہا کہ اسلامی ملک نے ورکرس کو دوسری کمپنیوں مین ملازمت کے حصول کی بھی اجازت دی ہے ۔ وطن واپسی سے قبل ہندوستانی ورکرس کو اپنی تنخواہ کے بقایہ اور دیگر واجبات کی تفصیلات سعودی لیبر آفس میں درج کرانا ہوگا ۔ ریاض کا ہندوستانی سفارت خانہ سعودی لیبر آفس سے ربط میں رہے گا تاکہ ان ورکرس کو ان کا بقایہ مل جائے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی حکمراں نے یہ احکام بھی جاری کئے ہیں کہ کیمپس میں مقیم ہندوستانی ورکرس کو تمام بلدی سہولتوں کے علاوہ مفت میڈیکل اور غذا فراہم کی جائے۔ سعودی شاہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سشما سوراج نے کہا کہ یہ وزیر اعظم نریندر مودی کے نجی اور سفارتی تعلقات کی بناء پر ممکن ہوپایا جو انہوں نے اسلامی ملک کے حالیہ دورہ میں استوار کئے تھے ۔ قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد نے مسئلہ کی یکسوئی کے لئے حکومت ہند اور حکومت سعودی عرب کی ستائش کی ۔ آئی اے این ایس کے بموجب سشما سوراج نے کہا کہ ریٹائرڈ جنرل وی کے سنگھ نے کل سعودی وزیر لیبر سے ملاقات کی۔ ہندوستانی ورکرس کے خروج کی ہدایت دے دی گئی ہے ۔ سعودی عرب اپنے خر چ پر اپنی ایر لائن کی پروازوں سے ہندوستانی ورکرس کو واپس بھیج دے گا ۔ موزوں پائے جانے والے ورکرس کو دوسری نوکری ملے گی۔ وی کے سنگھ نے اہم سعودی حکام بشمول سعودی لیبر وزیر مفرج الحقبانی سے ملاقات کی ۔ سعودی عرب میں7700ہندوستانی ورکرس کو مالی بحران کا سامنا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں