مسئلہ کشمیر کو حل کرنے اتحاد اور محبت بنیادی اصول - وزیر اعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-08-29

مسئلہ کشمیر کو حل کرنے اتحاد اور محبت بنیادی اصول - وزیر اعظم مودی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے اتحاد اور محبت بنیادی منتر ہیں ۔ انہوں نے بد امنی پھیلانے کے لئے بچوں کو آگے بڑھانے والوں کی مذمت کی اور کہا کہ ایک دن انہیں ان معصوم بچوں کو جواب دینا ہوگا ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کشمیر میں اگر کوئی زندگی ضائع ہوتی ہے خواہ وہ نوجوان کی ہو یا سیکوریٹی اہلکار کی وہ ہمارا نقصان ہے ، ہمارے ملک کا نقصان ہے ۔ ماہانہ ریڈیو پروگرام من کی بات میں وادی کی بد امنی کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ کشمیر کے تمام فریقوں سے تبادلہ خیال سے ایک بات سامنے آتی ہے جسے سادہ الفاظ میں یکتا[اتحاد] اور ممتا ،محبت کہا جاسکتا ہے۔ یہ دو چیزیں بنیادی اصول ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں نے کشمیر پر یک زبان ہوکر بات کرتے ہوئے دنیا کے ساتھ ساتھ علیحدگی پسندوں کو ایک پیام دیا ہے ۔ انہوں نے اس کا تقابل پارلیمنٹ میں جی ایس ٹی بل کی منظوری سے کیا جس کے لئے تمام پارٹیاں متحد ہوگئیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سبھی کا یہ خیال ہے کہ گاؤں کے پردھان سے وزیر اعظم تک125کروڑ لوگوں کا یہی خیال ہے کہ اگر کشمیر میں کوئی جان ضائع ہوتی ہے خواہ وہ کسی نوجوان کی ہو یا سیکوریٹی اہلکار تو وہ ہمارا اور ملک کا نقصان ہے ۔ وزیر اعظم کے ریمارکس ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب کہ ایک دن قبل ہی چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی نے ان سے ملاقات کی اور سہ رخی منصوبہ عمل پیش کیا جس میں تمام فریقوں سے مذاکرات کی تجویز بھی شامل ہے ۔ مودی نے کہا کہ یہ ملک بہت بڑا ہے یہاں تنوع ہے اسے متحد رکھنا ہم سبھی کی ذمہ داری ہے ۔ ایک شہری، سماج اور حکومت کی حیثیت سے اس اتحاد کو مضبوط بنانے کے لئے اس تصور کو جس قدر ہوسکتا ہے ہم نمایاں کریں ۔ تب ہی قوم روشن مستقبل کو حاصل کرسکتی ہے۔35 منٹ کے اس پروگرام میں وزیر اعظم نے حالیہ اولمپک گیمس کا بھی حوالہ دیااور شٹلر وی سندھو اور ریسلر ساکشی کی کامیابیوں کے حوالے سے لڑکی کی طاقت کی ستائش کی ۔ مودی نے کہا کہ ہماری بیٹیوں نے وہ ثابت کردیا کہ وہ کسی سے کم نہیں ہیں ۔ مودی نے کہا کہ لیکن ائے میرے ہم وطنوں ہمیں ہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔ اگر ہم وہی کچھ کرتے رہین جو کررہے ہیں تو ہوسکتا ہے ہمیں مایوسی کا سامنا ہوگا ۔ پانچ ستمبر کو آنے والے یوم اساتذہ کے حوالے سے وزیر اعظم نے ٹیچرس اور طلبہ کے تعلقات پر اظہار خیال کیا اور 84سالہ ایک ریٹائرڈ خاتون ٹیچر کے بارے میں بتایا جنہوں نے انہیں مکتوب لکھا کہ ایل پی جی میں سبسیڈی سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے لکڑی پر پکوان کرنے والی خواتین کے لئے پچاس ہزار روپے کا عطیہ دیا ہے ۔ ملک کے مختلف حصوں میں سیلاب کے بارے میں وزیر اعظم نے کہا کہ مقامی حکام اور مرکزی حکومت کی جانب سے متاثرین کو مدد دی جارہی ہے ۔

PM Modi proposes unity and love mantra to resolve Kashmir unrest

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں