بھگوا بریگیڈ دلتوں اور اقلیتوں پر مظالم کے ذمہ دار - مایاوتی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-08-22

بھگوا بریگیڈ دلتوں اور اقلیتوں پر مظالم کے ذمہ دار - مایاوتی

آگرہ
یو این آئی
بہوجن سماج پارٹی سربراہ مایاوٹی نے مرکز کی نریندر مودی حکومت اور بھگوا بریگیڈ پر یہ کہتے ہوئے تنقید کی کہ وہ ملک میں تحفظات کے خاتمہ کی سازش کررہے ہیں اور دلتوں و اقلیتوں کے خلاف زیادتیوں کو بھڑکا رہے ہیں ۔ مایاوتی نے کہا کہ سرمایہ دارانہ نظام اور خانگیانہ بڑھاوا دیتے ہوئے مرکز کوشش کررہا ہے کہ دلتوں اور پسماندہ طبقات کاریزرویشن ختم ہوجائے ۔ وہ ملک میں دلتوں اور اقلیتوں کے خلاف زیادتیوں کے لئے بھی اکسا رہا ہے ۔ اتر پردیش مشن2017کے سلسلہ میں اپنی پارٹی کی ریالی سے یہاں کے کوٹھی مینا بازار گراؤنڈ پر خطاب کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت اب ملک کے عوام کی حب الوطنی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے ۔ وہ مسئلہ کشمیر پا پاکستان سے در پردہ جنگ کرسکتی ہے تاکہ اپنی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹائی جائے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس کی طرح بی جے پی حکومت بھی کرپشن میں ملوث ہے۔ بی ایس پی صدر نے کہا کہ وجئے مالیا ، للت مودی اور مدھیہ پردیش کا ویاپم اسکام آنکھیں کھول دینے کے لئے کافی ہے ۔ اس سے مودی حکومت کا کرپشن بے نقاب ہوتا ہے انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ بی جے پی کا اتر پردیش میں سماج وادی پارٹی سے گٹھ جوڑ ہے۔ مایاوتی نے آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے اس بیان پر تنقید کی کہ ہندوؤں کو زیادہ بچے پیدا کرنے چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر ایس ایس ہندو فرقوں کو غلط مشورہ دے رہی ہے۔ کیا حکومت زیادہ بچوں کو نوکری دے گی ۔ غور طلب ہے کہ موہن بھاگوت بھی19اگست سے آگرہ میں موجود ہیں ، بی جے پی کا نعرہ سب کا ساتھ ، سب کا وکاس پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کو اب مرکزی حکومت کے سوتیلے برتاؤ کا سامنا ہے ۔ اس حکومت میں ان کے خلاف زیادتیاں بڑھ گئی ہیں ۔ مایاوتی نے کہا کہ بی جے پی نے صرف سرمایہ داروں اور صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کی ہے ۔ کرپشن اور مہنگائی دونوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ بی جے پی حکومت نے سرمایہ داروں اور صنعت کاروں کا1.14لاکھ کروڑ روپے کا قرض معاف کردیا ہے ۔ بی جے پی نے 2014 کے الیکشن سے قبل کئی وعدے کئے تھے، لیکن یہ تمام جھوٹے نکلے۔ بی ایس پی سربراہ نے کانگریس کو بھی نہیں بخشا اور کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ کانگریس نے ایک بوڑھی عورت کو اتر پردیش میں امید وار چیف منسٹری بنایا ہے جس نے الزام عائد کیا تھا کہ اتر پردیش اور بہار کے لوگوں نے دہلی کو گندا کردیا ہے ۔ ریالی میں لوگوں کی بھاری تعداد دیکھ کر مایاوتی کافی خوش دکھائی دیں اور انہوں نے تقریر شروع کرنے سے قبل ہر ایک کا شکریہ ادا کیا۔ بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے آج کہا کہ چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو کو انہین اپنی بوا[پھوپھی] کہنے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکھلیش مجھے اپنی بوا کیسے کہہ سکتے ہیں جب کہ ان کے باپ ملائم سنگھ یادو نے1995 میں مجھ پر حملہ کرایا تھا ۔ اتر پردیش میں اپنی پارٹی کی انتخابی مہم شروع کرنے یہاں ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ چیف منسٹر عورتوں سے راکھی بندھوا نے کا اخلاقی حق بھی کھوچکے ہیں کیونکہ وہ انہیں اپنے غنڈوں سے بچا نہیں سکتے ۔ مایاوتی نے کہا کہ ریاست میں عورتوں کی عصمت ریزی ہورہی ہے اور انہیں ہلاک کیاجارہا ہے ۔ سماج وادی پارٹی دور حکومت میں عورتوں کے خلاف زیادتیاں کئی گنا بڑھ گئی ہیں ۔ قبل ازیں اکھلیش یادو اور مایاوتی نے ایک دوسرے کو بوا اور بھتیجہ کہا تھا۔

Saffron brigade instigating atrocities against dalits, minorities: Mayawati

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں