کشمیر میں امن کو پٹری سے اتارنے پاکستان مسلسل کوشاں - راج ناتھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-08-21

کشمیر میں امن کو پٹری سے اتارنے پاکستان مسلسل کوشاں - راج ناتھ

شاہجہاں پور، یو پی
پی ٹی آئی
مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج پاکستان کو کشمیر میں جاری بے چینی کے لئے نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ وہ وادی میں امن کو پٹری سے اتارنے کی مسلسل کوشش کررہا ہے ۔ انہوں نے یہاں ترنگا ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مجھے یہ کہنے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کہ پاکستان، کشمیر میں بے چینی پیدا کرنے کی مسلسل کوشش کررہا ہے ۔ وہ وادی میں امن کو پٹری سے اتارنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں میں پاکستان گیا تھا اور آپ سبھی اس ملک کی کرتوتوں سے واقف ہیں۔ وہاں کیا ہوا مٰں اسے دہرانا نہیں چاہتا لیکن اتنا ضرور کہوں گا کہ میں نے وہاں اپنے ملک کا وقار گھٹنے نہیں دیا ۔ میں نے کہہ دیا کہ ایک ملک کا دہشت گرد، دوسرے ملک کا ہیرو نہیں ہوسکتا۔ میں کشمیر کے عوام سے کہنا چاہتا ہوں کہ ہم نہ صرف کشمیر سے بلکہ وہاں کے عوام سے پیار کرتے ہیں ۔ میں کشمیریوں سے اپیل کرنا چاہوں گا کہ ہم ان کے ہاتھوں میں پتھر، اینٹ اور آتشیں اسلحہ نہیں دیکھنا چاہتے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ ان کے ہاتھوں مین پین، کمپیوٹرس اور روزگار ہو۔ ہم چاہتے ہیں کہ آپ روزگار سے لگیں۔ انہوں نے کہا کہ پر تشدد احتجاج کسی مسئلہ کا حل نہیں ہوسکتا۔ پہلے امن قائم ہونا چاہئے اس کے بعد ہی مسائل کی یکسوئی بات چیت کے ذریعہ ہوسکتی ہے ۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بعض افراد انگریز حکمرانوں کی اختیار کردہ پھوٹ ڈالو اور راج کرو کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ہندوؤں، مسلمانوں ، عیسائیوں اور پارسیوں کے درمیان نفرت پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں لیکن یہ بری طرح ناکام رہے ہیں۔ ہندوستان کے عوام کو کوئی بھی تقسیم نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ہندوستان کو عظیم ملک بنانا چاہتے ہیں تو تمام شہریون کو بلا لحاظ مذہب، برادری یا نسل اپنا رول ادا کرنا ہوگا اور مل جل کر آگے بڑھنا ہوگا ۔ برطانوی حکمرانوں نے مذہبی خطوط پر برادریوں کو بانٹنے کی کوشش کی تھی لیکن ان کی ان شر انگیزکوششوں کو مجاہدین آزادی ، اشفاق اللہ خان اور رام پرساد بسمل کی دوستی نے ناکام کردیا۔ ہندوستان کے مسلمان جانتے ہیں کہ ہندوستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں اسلام کے تمام72فرقے پائے جاتے ہیں کسی اور ملک یہاں تک کہ مسلم ممالک میں بھی اسلام کے بہتّر فرقے نہی پائے جاتے ۔ عیسائیت کے تمام فرقے بھی صرف ہندوستان میں موجود ہیں ۔ راج ناتھ سنگھ کے بموجب چین اور پاکستان نے ماضی مین سرحدوں پر جب بھی جارحیت کی کوشش کی، ہمارے عوام متحد رہے اور انہوں نے انہیں چیلنج کیا۔ راج ناتھ سنگھ نے مجاہدین آزادی اشفاق اللہ خان، رام پرساد بسمل اور ٹھاکر روشن سنگھ کو گلہائے عقیدت پیش کیا اور شہر کے رام پرساد بسمل پارک میں ان کی یادگار کا دورہ کیا۔ اس موقع پر شاہجہاں پور کے رکن پارلیمنٹ کرشنا راج اور مقای بی جے پی قائدین کے علاوہ سینکڑوں افراد ان کے ساتھ موجود تھے ۔ راج ناتھ سنگھ نے اشفاق اللہ خان کے ارکان خاندان سے بھی ملاقات کی ۔

Pakistan trying to derail peace in Kashmir Valley: Rajnath

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں