وادی کشمیر میں عام زندگی 24 ویں روز بھی مفلوج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-08-02

وادی کشمیر میں عام زندگی 24 ویں روز بھی مفلوج

سری نگر
پی ٹی آئی
کشمیر میں آج مسلسل چوبیسیوں دن عام زندگی مفلوج رہی۔ بعض علاقوں میں کرفیو برقرار ہے، جب کہ وادی کے دیگر علاقوں میں تحدیدات نافذ رہیں، تاکہ نظم و ضبط برقرار رکھا جاسکے۔ شہر کے پانچ پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں اور اننت ناگ ٹاؤن میں کرفیو برقرار ہے۔ سارے کشمیر میں چار یا چار سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہے۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ سری نگر کے صرف پانچ پولیس اسٹیشنوں نوہٹہ، خانیار، رینا واری، صفا کدل اور مہار اج گنج میں کرفیو نافذ ہے ۔ برہان وانی کی 8جولائی کو سیکوریٹی فورسس کے ساتھ انکاؤنٹر میں ہلاکت کے بعد پھوٹ پڑنے والے احتجاج کے دوران عام شہریوں کی اموات کے خلاف علیحدگی پسندوں کی جانب سے ہڑتال کی اپیل پر آج مسلسل چوبیسیوں روز عام زندگی درہم برہم رہی۔ دکانات، اسکول ، کالج ، تجارتی ادارے اور خانگی ادارے بند رہے۔ جب کہ وادی میں سڑکوں پر عوامی ٹرانسپورٹ بھی نہیں تھا۔ وادی میں جاری تشددکے نتیجہ میں تا حال49افراد ہلاک اور زاید از پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ساری وادی میں موبائل انٹر نیٹ خدمات ہنوز مسدود ہیں۔ جہاں تمام نیٹ ورکس میں پوسٹ پیڈ موبائل فون خدمات بحال کردی گئی ہیں۔ پری پیڈ کنکشنس پر ان کمنگ کی سہولت بھی بحال کردی گئی ہے ، تاہم ایسے نمبروں پر آؤٹ گوئنگ کالس ہنوز مسدود ہیں۔ علیحدگی پسندوں نے کشمیر میں ہڑتال کی اپیل میں 5اگست تک توسیع کردی ہے اور جمعہ کو زیارت گاہ حضرت بل تک مارچ کی اپیل کی ہے ۔ یو این آئی کے بموجب سیکوریٹی فورسس اور ریاستی پولیس عملہ کو کرفیو زدہ علاقہ میں ہر دس فٹ کے فاصلہ پر تعینات کیا گیا ہے ، تاکہ تحدیدات کو سختی سے نافذ کیاجاسکے ۔ عوام نے اشیائے ضروریہ بالخصوص سبزیوں ، دودھ اور بریڈ کی قلت کی شکایت کی ہے ۔ مضافاتی علاقوں کے دود ھ والوں کو ان علاقوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ عوام ، سبزیوں کی عدم دستیابی کے سبب تہاڑی کھانے پر مجبور ہیں، جب کہ دودھ نہ ملنے کی وجہ سے بغیر دودھ کی چائے یا قہوہ پینے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ عوام نے الزام عائد کیا کہ کرفیو ہڑتال کی وجہ سے تجارت اور دیگر سر گرمیاں معطل ہیں ۔ شہر کے داخلی علاقوں میں رات دیر گئے چند دکانات کھولی جارہی ہیں، ڈاکٹروں اور نیم طبی عملہ نے بھی الزام عائد کیا ہے کہ سیکوریٹی فورسس نے انہیں ڈان ٹاؤن اور شہر خاص کے چند علاقوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔

Kashmir remains paralyzed 24th day

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں