یوم آزادی تقاریب پر ملک بھر میں غیر معمولی چوکسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-08-15

یوم آزادی تقاریب پر ملک بھر میں غیر معمولی چوکسی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ملک بھر میں کل جشن یوم آزادی منایاجائے گا جس کے لئے غیر معمولی سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔ قومی دارالحکومت دہلی کے علاوہ حساس ریاستوں اور سرحدوں پر چوکسی بڑھا دی گئی ہے ۔ کشمیر میں ایک ماہ سے زائد عرصہ سے جاری تشدد کے سبب اس مرتبہ سرحدی ریاست میں سیکوریٹی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج ملک بھر میں بالخصوص جموں و کشمیر میں سیکوریٹی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ یوم آزادی کی تقاریب کے سلسلہ میں سیکوریٹی انتظامات کے بارے میں انہوں ںے عہدیداروں سے معلومات حاصل کیں ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دہشت گردوں اور دیگر عناصر کی جانب سے امن مین خلل ڈالنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے وزیر داخلہ کو واقف کروایا ۔ ذرائع کے مطابق سیکوریٹی ایجنسیوں کے اعلیٰ عہدیداروں کے اجلاس میں بالخصوص وادی کشمیر میں سیکوریٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیاجہاں برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے بد امنی پائی جاتی ہے ۔ قبل ازیں انٹلی جنس اطلاعات میں کہا گیا کہ دہشت گرد جموں و کشمیر میں یوم آزادی تقاریب کو درہم برہم کرنے سیکوریٹی فورسس پر حملے کرسکتے ہیں ۔ قومی دارالحکومت میں صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا جہاں وزیر اعظم نریندر مودی کل لال قلعہ کی فصیل سے قوم سے خطاب کرنے والے ہیں۔ اس تقریب میں سر کردہ قائدین، اعلی سیول دفاعی اور پولیس عہدیدار ، اسکولی طلبہ اور کئی اہم شخصیات شرکت کریں گے ۔ ذرائع نے کہا کہ آسام کے بشمول شمال مشرقی علاقہ، اتر پردیش اور بہار میں بھی سیکوریٹی چوکسی بڑھا دی گئی ہے۔ قومی دارالحکومت کو قلعہ میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ لال قلعہ کے اطراف ہمہ رخی سیکوریٹی گھیرا بنایا گیا ہے تاکہ وزیر اعظم کی اہم تقریب کو کسی امکانی گڑ بڑ سے بچایاجاسکے ۔ اس مقصد کے لئے ڈرونس اور پیروگلائیڈرس بھی استعمال کئے جارہے ہیں ۔ لال قلعہ کے اوپر فضائی حدود کو نو فلائی زون قرار دے دیا گیا ہے ۔ اطراف کی بلند عمارتوں سے پورے علاقہ پر نظر رکھی جارہی ہے ۔ دہلی میں تمام پولیس عملہ کی رخصتیں منسوخ کردی گئی ہیں تاکہ درکار تعداد میں فورس تعینات کی جاسکے ۔ سیکوریٹی عملہ سے کہا گیا ہے کہ احتیاطی اقدام کے طور پر پی سی آر ویان میں مناسب تعداد میں بلٹ پروف جیاکٹس تیار رکھیں۔ لال قلعہ کے اطراف تین ہزار سے زائد درخت کاٹ دئیے گئے ہین تاکہ خلل ڈالنے والے عناصر کو چھپنے کا موقع نہ مل سکے ۔ دہلی میں میٹرو اسٹیشنوں کے داخلہ اور اخراج کے راستوں پر سیکوریٹی دستے تعینات کردئیے گئے ہیں۔ لال قلعہ کو جانے والے راستہ پر605بالکونیوں اور104کھڑکیوں سے فوٹو گرافی کی جارہی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں