دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کا پرزور مطالبہ - کجریوال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-08-16

دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کا پرزور مطالبہ - کجریوال

نئی دہلی
پی ٹی آئی
دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کا پرزور مطالبہ کرتے ہوئے چیف منسٹر اروند کجریوال نے آج دعویٰ کیا کہ مرکز ایک ایسے نظام کے ذریعہ جو نو آبادیاتی دور کے حکومت ہند ایکٹ1935ء کے تحت ہے ، قومی دارالحکومت پر حکمرانی کرتے ہوئے ایک منتخبہ حکومت کے اختیارات چھین رہا ہے ۔ یہ سوال کرتے ہوئے کہ آیا دہلی کے عوام ، کم محب وطن ہیں یا پھر نصف شہری ہیں ، کجریوال نے یہاں چھتر سال اسٹیڈیم میں اپنی یوم آزادی تقریر میں کہا کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ ان عوام کے جمہوری حقوق کیوں چھینے جارہے ہیں ۔ چیف منسٹر نے دعویٰ کیا کہ دہلی کے عوام کو یہ احساس دلایاجارہا ہے کہ ان کے ووٹوں کی قدر اتنی نہیں ہے جتنی دیگر ریاستوں کے عوام کے ووٹ کی ہے، جہاں منتخب کرنے والو ں کو اختیارات کی حامل حکومتوں کو منتخب کرنے کا حق حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند ایکٹ1935ء کے تحت عوام کو اپنے نمائندوں کو منتخب کرنے کا حق حاصل تھا، لیکن حکومت انگریز چلاتے تھے ۔ فی الحال مرکز نے بھی دہلی میں انگریزوں کے دور کا نظام قائم کررکھا ہے ۔ دہلی میں عوام ، چیف منسٹر اور ارکان اسمبلی کا انتخاب کرتے ہوئے حکومت تو بنا سکتے ہیں، لیکن انہیں مکمل اختیارات کے ساتھ حکومت کرنے کا حق حاصل نہیں ۔ کیا ہم نصف شہری ہیں؟ دہلی کے عوام کی جانب سے ٹیکس ادا کیے جانے کے باوجود ان کے جمہوری حقوق کیوں چھینے جارہے ہیں؟ میں یہ بات سمجھنے سے قاصر ہوں ۔ عام آدمی پارٹی سربراہ نے کہا کہ دہلی کے عوام گزشتہ 24سال سے حکومتوں کا انتخاب کرتے رہے ہیں، جنہیں کچھ حقوق دئیے جاتے ہیں، لیکن گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران تمام اختیارات یکے بعد دیگرے چھینے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بہت کم اختیارات کے باوجود ان کی حکومت نے کئی محاذوں پر خدمات فراہم کی ہیں ، جن کا ساری دنیا میں تذکرہ ہورہا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں