کشمیر سے 51 دن بعد کرفیو برخواست - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-08-30

کشمیر سے 51 دن بعد کرفیو برخواست

سری نگر
پی ٹی آئی
بعض پولیس اسٹیشنوں کے علاقوں کے سوا سارے کشمیر سے51دن بعد آج کرفیو برخواست کردیا گیا لیکن علیحدگی پسندوں کی جانب سے ہڑتال کی اپیل ے پیش نظر عام زندگی بدستور درہم برہم رہی۔ شہر سری نگر کے کئی مقامات اور ضلع بڈگام کے حصوں سے جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم ان واقعات میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا ۔ پولیس نے بتایا پلوامہ ٹاؤن اور سری نگر کے ایم آڑ گنج اور نوہٹا پولیس اسٹیشنوں کے حدود کے سوا کشمیر سے کرفیو برخواست کردیا گیا ۔ ایک پولیس عہدیدا رنے بتایا کہ کرفیو اس لئے برخواست کردیا گیا کیونکہ صورتحال بہتر ہوگئی ہے ۔ اس عہدیدار نے بتایا تاہم سیکوریٹی فورسس کو وادی کے حساس علاقوں میں متعین رکھا جائے گا تاکہ امن و ضبط کی صورتحال کو برقرار رکھا جاسکے۔ ساری وادی میں کرفیو نو جولائی کو نافذ کیا گیا تھا کیونکہ ایک روز قبل جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں ایک انکاؤنٹر میں وانی کی ہلاکت کے بعد تشدد پھوٹ پڑا تھا۔ تشدد میں چھیاسی افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں دو ملازمین پولیس بھی شامل تھے ۔ علاوہ ازیں ہزاروں افراد کو زخم آئے تھے ، ہڑتال کے پیش نظر پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیاں سڑکوں سے غائب رہیں مگر خانگی موٹر کاروں اور آٹو رکشاؤں کی آمد و رفت میں اضافہ دیکھا گیا تاہم علیحدگی پسند گروپ کی جانب سے ہڑتال کی اپیل کے پیش نظر اسکولوں، کالجوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے علاوہ دکانات کو بند رکھا گیا ۔ سرکاری دفاتر میں بھی حاضری میں اضافہ دیکھا گیا اور ملازمین کی اکثریت کام پر رجوع ہوئی ۔ بینکوں کو بھی کھلا رکھا گیا اور ان کے کھلنے کے ساتھ ہی کسٹمرس کا غیر معمول اژدہان دیکھا گیا۔ ساری وادی میں جہاں پر پری پیڈ موبائلس پر آؤٹ گوئنت سہولت پر امتناع عائد ہے موبائل انٹر نیٹ بدستورمعطل رہا۔ پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ دن کے وقت سری نگرکے چٹال کنی کدل، کھنیار، باٹملو کے علاقوں میں اشرار کے گروپس کی جانب سے سیکوریٹی فورسس پر سنگباری کی گئی۔ اس عہدیدار نے کہا کہ سیکوریٹی فورسس نے سنگباری کرنے والوں کا تعاقب کرتے ہوئے ان پر اشک آور گیس کے شل برسائے تاہم ان واقعات میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بڈگام کے مختلف علاقوں سے بھی سنگباری کرنے والوں اور سیکوریٹی فورسس کے درمیان جھڑپیں کی اطلاعات موصول ہوئیں ۔ علیحدہ پسند گروپ نے جو وانی کی ہلاکت کے خلاف احتجاج کے دوران عام شہریوں کی ہلاکتوں پر وادی میں احتجاج کی قیادت کررہا ہے ، وادی میں ہڑتال کی اپیل کو یکم ستمبر تک وسعت دے دی ہے ۔

Curfew lifted from Kashmir after 51 days

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں