اورنگ آباد اسلحہ ضبطی کیس - ابو جندال اور دیگر 6 کو عمر قید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-08-03

اورنگ آباد اسلحہ ضبطی کیس - ابو جندال اور دیگر 6 کو عمر قید

ممبئی
آئی اے این ایس
خصوصی مکوکا عدالت نے منگل کے دن لشکر طیبہ کے رکن اور26/11ممبئی دہشت گرد حملہ کے سازشی سید ذبیح الدین انصاری عرف ابو جندال اور دیگر چھ افراد کو اورنگ آباد اسلحہ ضبطی کیس(2006)میں تا حیات عمر قید کی سزا سنائی ۔ دیگر دو کو چودہ سال اور دیگر تین کو 8سال کی جیل ہوئی ۔ تمام پر فی کس بیس ہزار روپے جرمانہ بھی عائد ہوا۔خصوصی مکوکا جج ایس ایل آنیکر نے جنہوں نے28جولائی کو12ملزمین کو خاطی قرار دیا تھا، منگل کے دن کھچا کھچ بھرے کورٹ روم میں سزا سنائی ۔ عمر قید کی سزا پانے والے سات افراد میں ابو جندال ، محمد عامر شکیل احمد، بلال احمد عبدالرزاق ، سید عاکف ایس ظفر الدین، افروز خان شاہد پٹھان، فیصل عطاء الرحمن شیخ اور ایم اسلم کشمیری شامل ہیں ۔ ایم مظفر محمد تنویر اور میڈیکو ایم شریف شبیر احمد کو14سال جیل میں کاٹنے ہوں گے ۔8سال قید کی سزا پانے والوں میں افضل کے نبی خان، مشتاق احمد ایم اوصاف شیخ، اور جاوید اے عبدالماجد شامل ہیں ۔ خاطیوں میں فیصل عطاء الرحمن شیخ کو ممبئی ٹرین دھماکہ کے کیس میں11جولائی2006ء کو سزائے موت سنائی جاچکی ہے۔22ملزمین میں8کو مختلف بنیادوں بشمول ثبوت نہ ہونے پر بری کردیا گیا۔ ان میں محمد زبیر سید انور ، عبدالعظیم عبدالجلیل، ریاض احمد ایم رمضان، خطیب عمران عقیل احمد ، وقار احمد نثار شیخ عبدالصمد شمشیر خان، محمد عقیل اسماعیل مومن اور فیروز تاج الدین دیشمکھ شامل ہیں تاہم مہاراشٹرا منظم جرائم کنٹرول قانون (مکوکا)کے تحت سخت الزامات تمام ملزمین پر سے ہٹالئے گئے اور انہیں انڈین پینل کوڈ( آئی پی سی) غیر قانونی سر گرمیاں روک تھام قانون دھماکو اشیاء قانون اور اسلحہ قانون کی مختلف دفعات کے تحت سزا دی گئی ۔ خصوصی جج آنیکر نے استغاثہ کی یہ دلیل مانی کہ اورنگ آباد اسلحہ کیس مابعد2002گجرات فرقہ وارنہ فسادات اس وقت کے چیف منسٹر نریندر مودی اور وشو ہندو پریشد قائد پروین توگڑیا کو ہلاک کرنے کی سازش کا حصہ ہے ۔ کیس کی سماعت2013میں ابو جندال کی گرفتاری کے بعد پھر سے شروع ہوئی تھی۔ خصوصی عدالت نے استغاثہ کی یہ دلیل بھی مانی کہ اسلحہ اور دھماکو اشیاء پاکستان سے حاصل کی گئیں اور تمام ملزمین کا ارادہ جہاد مشترک تھا ۔ سراغ ملنے پر مہاراشٹرا انسداد ہشت گردی اسکواڈ ٹیموں نے تیز رفتار ٹاٹا انڈیا اور ٹاٹا سومو کا8مئی2006ء کو اورنگ آباد کے قریب چنداوڑہ، منماڑ ہائی وے پر پیچھا کیا تھا ۔ انہوں نے ٹا ٹا سومو سے تین مشتبہ افراد محمد عامر شکیل احمد، زبیر احمد سید انور اور عبدالعظیم عبدالجلیل شیخ وک گرفتار کرلیا تھا جب کہ ٹاٹا انڈیکا جسے مبینہ طور پر ابو جندال چلا رہا تھا ، بچ نکلی تھی۔ اے ٹی ایس نے دو علیحدہ مواقع پر خلد آباد ایولا اور مالیگاؤں علاقوں سے 16اے کے47اسالٹ رائفلیں،43گرام آر ڈی ایکس،50ہینڈ گرینڈس (ہتھ گولے) 3200کارآمد کارتوس ضبط کئے تھے ۔ پولیس ٹیم سے بچ نکلنے کے بعد جندل گاڑی چھوڑ کر بنگلہ دیش اور وہاں سے پاکستان فرار ہوگیا تھا ۔ مہاراشٹرا کے بیڑ کے متوطن ابو جندال کو سعودی عرب سے جون2012میں اخراج کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں