چھرہ بندوق نشانہ - درجنوں کشمیریوں کی بینائی ضائع ہو جانے کا اندیشہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-07-14

چھرہ بندوق نشانہ - درجنوں کشمیریوں کی بینائی ضائع ہو جانے کا اندیشہ

ممبئی
پی ٹی آئی
جموں و کشمیر حکومت نے درجنوں کشمیری نوجوانوں کے علاج کے لئے ملک بھر سے آنکھوں کے سرجنس کی خدمات طلب کی ہیں کیونکہ سیکوریٹی فورسس کی جانب سے چھروں سے کی گئی فائرنگ میں ان کی بینائی ضائع ہوجانے کا اندیشہ لاحق ہوگیا ہے ۔ ایک سرکاری ترجمان ن بتایا کہ جاریہ تشدد میں زخمی ہونے والے افراد کے علاج کے لئے نئی دہلی اور ملک کے دیگر حصوں سے ماہر سرجنس کی ٹیم کشمیر کو پہنچ گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر محبوبہ مفتی نے مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا سے آج صبح بات کی اور ریٹینا سرجنس کے بشمول ماہر ڈاکٹر کی ٹیم روانہ کرنے کی درخواست کی تاکہ ان زخمی نوجوانوں کا علاج کیاجاسکے جن کی آنکھیں شدید زخمی ہوگئی ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ماہر ڈاکٹرس وادی پہنچ جائیں گے اور فی الفور علاج شروع کردیں گے ۔ چیف منسٹر کی ہدایت پر حکومت ایسے زخمی افراد کو ریاست سے باہر منتقل کرنے کا انتظام کررہی ہے جنہیں سوپر اسپیشالٹی علاج کی ضرورت ہے اور وہ ریاست میں دستیاب نہیں ہے ۔ ایس ایم ایچ ایس ہاسپٹل کے ڈاکٹر س کے مطابق ہفتہ کے بعد سے زخمی آنکھوں کے107کیسس ہاسپٹل سے رجوع کئے گئے ہیں ۔ گزشتہ جمعہ کو ایک انکاؤنٹر میں حزب المجاہدین کے مبینہ کمانڈر برہان وانی کو سیکوریٹی فورسس کی جانب سے ہلاک کرنے کے بعد شروع ہوئی جھڑپوں میں سیکوریٹی فورسس نے چھروں کی بندوقوں سے مظاہرین کو نشانہ بنایا جس میں درجنوں افراد کی آنکھیں زخمی ہوگئیں اور صرف ایس ایم ایچ ایس ہاسپٹل میں100سے زائد ایسے زخمی لائے گئے ہیں ۔ ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ ایسے مریضوں کے اب تک زائد از87آپریشن کیے جاچکے ہیں ۔ ان میں سے چالیس کی بینائی بحال ہوئی جبکہ دیگر مریضوں پر ڈاکٹر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ آنکھ میں چھرہ لگنے سے تین افراد کی بینائی ضائع ہوچکی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں تین لڑکیاں بھی شامل ہیں، جن میں ایک9سال کی کمسن بچی بھی ہے ۔ کشمیر میں گزشتہ چار دن سے جاری تشدد میں مرنے والوں کی تعداد36ہوگئی ہے۔ ان میں سے 34جنوبی کشمیر میں اور سری نگر کپواڑہ میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔

Kashmir fallout: Huge numbers report critical eye injuries, doctors fear many will loose sight

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں