سنگین جرائم پر قابو پانے شریعت جیسے قوانین کی ضرورت - راج ٹھاکرے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-07-26

سنگین جرائم پر قابو پانے شریعت جیسے قوانین کی ضرورت - راج ٹھاکرے

احمد نگر
پی ٹی آئی
بی جے پی زیر قیادت ریاستی حکومت پر ایک کمسن لڑکی کی عصمت ریزی و قتل کے سلسلہ میں تنقید کرتے ہوئے ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے نے آج کہا کہ خواتین اور بچیوں کے خلاف سنگین جرائم پر قابو پانے کے لئے شریعت( اسلامی قانون) جیسے قانون کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کمسن بچیوں اور خواتین کی عصمت ریزی کرنے والوں کے ہاتھ اور پیر کاٹ دئیے جانے چاہئے ۔ یاد رہے کہ ضلع کے کوپر ڈی گاؤں میں13جولائی کو ایک پندرہ سالہ لڑکی کی بے رحمانی عصمت ریزی و قتل کا واقعہ پیش آیا۔ تین افراد نے اجتماعی عسمت ریزی کی اور اس کا بے رحمی سے قتل کردیا۔ راج ٹھاکرے نے کہا کہ اس طرح کے واقعات و نظم و ضبط اور قانون کے ٹھپ ہوجانے کا نتیجہ ہیں اور موجودہ حکومت ماضی کی کانگریس۔ این سی پی حکومت سے بھی بدتر ہونے کا ثبوت دے رہی ہے ۔ راج نے کوپر ڈی گاؤں میں متاثرہ خاندان سے ملاقات کے بعد یہ بات کہی۔انہوں نے آج صبح غمزدہ خاندان سے مل کر پرسہ دیا اور اظہار رنج کیا۔ بعد ازاں انہوں نے کہا کہ اس بات کی فی الفور ضرورت ہے کہ خواتین اور بچوں کے خلاف سنگین جرائم کی روک تھام کے لئے شریعت جیسے قوانین لائے جائیں۔ انہوں نے قانون ایس سی و ایس ٹی( انسداد مظالم) کے غلط استعمال پر قابو پانے کے لئے اس میں ضروری تبدیلیوں کی بھی تجویز دی ۔ بعد ازاں انہوں نے ضلع میں پتھر ڈیکے مقام پر اپنے پارٹی کارکنوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ خواتین اور کمسن بچیوں کی عصمت ریزی اور قتل کرنے والے مجرموں کے ہاتھ اور پیر قلم کردئیے جائیں ۔ ہمارا عام قانونی طریقہ کار فیصلہ کے لئے ایک طویل وقت کا متقاضی ہوتا ہے جس سے بالواسطہ طور پر مجرموں کے حوصلے بڑھ جاتے ہیں ۔ چیف منسٹر دیویندر فڈ نویس اور احمدنگر کے نگراں کار وزیر رام شنڈے نے کل کوپر ڈی میں عصمت ریزی و قتل کا شکار لڑکی کے افراد خاندان سے ملاقات کی تھی۔

'Sharia' like law needed to check serious crimes against women: Raj Thackeray

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں