کشمیر میں امن کے لئے وزیر اعظم مودی کی اپیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-07-13

کشمیر میں امن کے لئے وزیر اعظم مودی کی اپیل

سری نگر، نئی دہلی
یواین آئی
جنوبی آفریقہ سے واپسی کے چند گھنٹے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے آج وادی کشمیر میں نظم و ضبط کی صورتحال کا جائزہ لیا جہاں حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد بھڑکے تشدد میں31جانیں گئی ہیں ۔ وزیر اعظم اور حکومت جموں و کشمیر نے وادی میں برقراری امن کی اپیل کی جہاں انٹر نیٹ اور موبائل فون نیٹ ورکس مسدود ہیں تاکہ احتجاج نہ پھیلے ۔چیف منسٹر محبوبہ مفتی نے علیحدگی پسندوں سے بحالی امن میں مدد کی اپیل کی تھی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت میں وزیر اعظم کے دفتر( پی ایم او) میں مملکتی وزیر جتیندر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نے محبوبہ مفتی حکومت کو صورتحال سے نمٹنے ہر ممکن تعاون کا تیقن دیا ہے ۔مودی نے امید ظاہر کی کہ کوئی بھی بے قصور شخص نہ تو پریشان ہو اور نہ اسے کوئی نقصان پہنچے۔ آئی اے این ایس کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے دن جموں و کشمیر میں امن کی اپیل کی اور تیقن دیا کہ ریاستی حکومت کو ہر ممکنہ مدد دی جائے گی۔ مودی نے دہلی میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ریاست کی صورتحال کا جائزہ لیا اور وادی میں تشدد کے واقعات پر تشویش ظاہر کی جہاں چوتھے دن بھی کرفیو جاری ہے۔ وزیر اعظم کے دفتر میں مملکتی وزیر جتیندر سنگھ نے اجلاس کے اختتام کے فوری بعد اخباری نمائندوں سے کہا کہ وزیر اعظم نے جموں و کشمیر کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی اور امن کی اپیل کی۔ اجلاس میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ، وزیر خارجہ سشما سوراج ، وزیر فینانس ارون جیٹلی ، وزیر دفاع منوہر پاریکر ، مشیر قومی سلامتی اجیت دول ، معتمد خارجہ ایس جے شنکر اور سینئر سیکوریٹی عہدیداروں نے شرکت کی۔ جتیندر سنگھ نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعظم نے ریاستی حکومت کو ہر ممکنہ مدد کی پیشکش کی ۔ منگل کے دن عامر نذیر لٹو جو چیف منسٹر محبوبہ مفتی کے آبائی موضع بیج بہار ا میں زخمی ہوا تھا، سری نگر کے ہسپتال میں جانبر نہ ہوگا۔ وادی میں اموات کی جملہ تعداد33ہوگئی ہے جن میں ایک پولیس ڈرائیور شامل ہے جسے برہم ہجوم نے موضع سنگم کے قریب دریائے جہلم میں پھینک دیا تھا۔ تمام کاروباری اور عام زندگی کے تمام پہلو پوری طرح مفلوج رہے۔ موبائل انٹر نیٹ وادی بھر میں اور سل فون آپریشنس جنوبی کشمیر کے اضلاع شوپیاِ اننت ناگ، کلگام اور پلوامہ میں معطل ہیں ۔ ٹرین سروس مسلسل چوتھے دن معطل رہی کیونکہ احتجاجیوں نے جنوبی کشمیر میں کئی مقامات پر پٹریوں کو نقصان پہنچایا۔ سری نگر کی سنسان سڑکوں پر اضطراب آمیز سکون ہے ۔ ریاستی دارالحکومت سے تازہ احتجاج کی کوئی اطلاع نہیں تاہم پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی کشمیر میں دو مقامات پر احتجاج ہوا ۔ شمالی کشمیر کے سوپور میں بندوق برداروں نے پولیس پٹرول پر فائرنگ کی لیکن اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا ۔ علیحدگی پسندگروپس نے وادی میں اپنے جاریہ احتجاج میں چہار شنبہ تک توسیع کردی ہے ۔ پی ٹی آئی کے بموجب وزیر اعظم مودی نے جموں و کشمیر کے عوام سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی تاکہ تشدد سے متاثر وادی میں صورتحال معمول پر آجائے ۔ پی ایم او کے مملکتی وزیر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ وزیر اعظم نے امر ناتھ یاترا کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ریاستی حکومت کو جو بھی مدد درکار ہوگی وہ فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو وادی کی صورتحال کا تفصیلی پریزنٹیشن دیا گیا۔
سری نگر
پی ٹی آئی
نیشنل کانفرنس قائد عمر عبداللہ نے آج کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینے نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت اہم میٹنگ میں حصہ نہ لینے پر چیف منسٹر محبوبہ مفتی کو نشانہ تنقید بنایا۔ بہر حال جموں و کشمیر کے ایک سینئر عہدیدار نے وضاحت کی کہ چوں کہ یہ میٹنگ مرکزی وزراء کو کشمیر کی صورتحال سے واقف کرانے طلب کی گئی تھی ، محبوبہ مفتی کا اس میں کوئی رول نہیں تھا ۔ سابق چیف منسٹر نے ٹوئٹر پر کہا کہ میں یہ سمجھ سکتا ہوں کہ میٹنگ میں شرکت کے لئے محبوبہ مفتی نے ریاست نہین چھوڑی ، لیکن انہوں نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ کیوں شرکت نہیں کی۔ ہم نے تمام بے معنی چیزوں کے لئے ویڈیو لنک قائم کیے ہیں ، لیکن جہاں اس کی ضرورت ہو وہاں اس کا استعمال نہیں کیا جاتا۔

Kashmir violence: prime minister appeals for peace

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں