ہندوستانی ہاکی ٹیم کے افسانوی کھلاڑی و سابق کپتان محمد شاہد کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-07-21

ہندوستانی ہاکی ٹیم کے افسانوی کھلاڑی و سابق کپتان محمد شاہد کا انتقال

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ہندوستانی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان محمد شاہد 56برس کی عمر میں دہلی میں انتقال کرگئے ہیں ۔شاہد کا تعلق بنارس سے تھا اور وہ ایک عرصے سے گردوں اور پھیپھڑوں کی بیماری میں مبتلا تھے ۔ چندروز قبل انہیں علاج کے لئے بنارس سے دہلی منتقل کیا گیا تھا جہاں بدھ کی صبح انہوں نے آخری سانس لی۔ ان کے پسماندگان میں بیوہ پروین شاہد، ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں۔ جن لوگوں نے سنہ1970اور 80کے عشرے کی ہاکی دیکھی ہوگی ۔ انہیں محمد شاہد کے ہنر کا جادو یادو ہوگا۔ حالانکہ ہاکی کو کبھی ہندوستان میں وہ مقبولیت حاصل ہوئی جس کی وہ مستحق تھی لیکن میدان میں ان کی چستی اور جادوئی ڈربلنگ نے انہیں بہت کم عمر میں ہی اسٹار بنادیا تھا۔ بطور فارورڈ کھیلنے والے شاہد1980کے ماسکو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والی ٹیم کے رکن تھے اور اس کے پانچ سال بعد انہیں قومی ٹیم کی کپتانی کرنے کا بھی اعزاز ملا۔ ماسکو اولمپکس میں گولڈ جیتنے والی ٹیم میں سابق کپتان ظفر اقبال بھی شامل تھے ۔ حال میں ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ شاہد ایک عظیم کھلاڑی تھے ، ہم نے گولڈ میڈل بڑی حد تک انہیں کی بدولت جیتا تھا ، وہ اتنے تیز رفتار تھے کہ حریف ٹیمیں انہیں مارک کرنے کے لئے دو کھلاڑیوں کی ڈیوٹی لگاتی تھیں، لیکن ان کے کھیل میں وہ جادو تھا کہ انہیں کوئی روک نہیں پاتا تھا۔ میں چاہ کر بھی ویسا نہیں کھیل سکتا تھا۔ ہاکی کے ماہرین مانتے تھے کہ شاہد خدا داد صلاحیت کے مالک تھے اور ان کے کھیل کا انداز کچھ ایسا تھا کہ کسی کوچنک اکیڈمی میں نہیں سکھایاجاسکتا ۔ ان سے بال چھیننا مشکل تھا اور ان کے ڈاج سے دفاعی کھلاڑی پریشان رہتے تھے۔

Former Indian hockey captain Mohammad Shahid dies at 56

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں