چھرہ بندوقوں کا استعمال - جموں و کشمیر ہائیکورٹ کا اظہار برہمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-07-27

چھرہ بندوقوں کا استعمال - جموں و کشمیر ہائیکورٹ کا اظہار برہمی

سری نگر
پی ٹی آئی
احتجاجیوں کے خلاف سیکوریٹی فورسس کی جانب سے چھرہ بندوقوں کے استعمال کی مخالفت کرتے ہوئے جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے آج غیر تربیت یافتہ عملہ کی جانب سے ہلاکت خیز ہتھیاروں کے استعمال پر مرکز سے رپورٹ طلب کی ہے ۔ چیف جسٹس ایم پال وسنت کمار اور جسٹس مظفر حسین عطار پر مشتمل ڈیویژن بنچ نے مفاد عامہ کی ایک درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کہاکہ چھرہ ، لیڈ سے بھرا ایک گولہ ہوتا ہے ، اگر یہ نازک آنکھ میں چلاجاتا ہے تو نقصان یقینی ہے ۔ آپ دوسرے طریقے جیسے پانی، آنسو گیس کا استعمال نہیں کرسکتے؟ چھرہ بندوق ہلاکت خیز ثابت ہوئی ہے ۔ یہ ہمارے لوگ ہیں ، ان میں غصہ ہے ، یہ احتجاج کررہے ہیں ۔ اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ انہیں معذور بنادیں گے۔ آپ کو ان کی حفاظت کرنی چاہئے ۔ امید ہے کہ اس کے استعمال پر نظر ثانی کی جائے گی۔ عدالت نے حکومت سے کہا کہ و ہ ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لئے چھرہ بندوقوں کے بجائے دوسرے طریقے استعمال کرے ۔ سی آر پی ایف کے ڈائرکٹر جنرل کے اس بیان کے پس منظر میں کہ نیم فوجی دستے14کمپنیوں کو جو دوسرے مقامات پر تربیت حاصل کررہی ہے، صورتحال کو قابو میں کرنے کے لئے طلب کرنا پڑا ۔ عدالت نے کہا کہ شہریوں کی بڑی تعداد میں زخمی ہونے کی وجہ یہ ہے کہ غیر تربیت یافتہ سیکوریٹی عملہ نے چھرہ بندوقوں کا استعمال کیا ۔ عدالت نے کہا کہ جو بات سمجھ میں آرہی ہے وہ یہ ہے کہ جن لوگوں نے انہیں استعمال کیا وہ تربیت یافتہ نہیں تھے ۔ جب ایک ایسا شخص جو استعمال کرنا نہیں جانتا اسے استعمال کرتا ہے تو وہ ہلاکت خیز بن جاتی ہے ۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ صرف تربیت یافتہ عملہ ہی اس کا استعمال کرے ۔ لیکن ہم اسے منظوری نہیں دے رہے ہیں ۔ بنچ نے ہندوستان کے اسسٹنٹ سالیسٹر جنرل سے کہا کہ وہ سیکوریٹی فورسس کی جانب سے چھرہ بندوقوں کے استعمال کے بارے میں اپنا جواب داخل کریں۔ بنچ نے کہا کہ زیادہ تر لوگوں کی آنکھیں متاثر ہوئی ہیں ۔ کئی لوگوں کے اہم اعضا پر زخم آئے ہیں ۔ آپ جواب داخل کریں کیونکہ ان بندوقوں کے استعمال کے بارے میں سوال پیدا ہوتے ہیں ۔ عدالت نے حکومت سے یہ بھی کہا کہ وہ وادی میں موبائل فون خدمات بحال کرے کیونکہ پابندی سے عوام متاثر ہورہے ہیں ۔ بنچ نے کہا کہ موبائل اور ٹیلی فون پر پابندی کو جاری نہیں رکھا جاسکتا۔ حکومت کو فوری اس پر فیصلہ کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے ہر ایک زندگیان متاثر ہورہی ہیں ۔
نئی دہلی
پی ٹی آئی
مرکزی وزارت داخلہ کے جوائنٹ سکریٹری کی قیادت میں آج ماہرین کی ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو چھرہ بندوقوں کے امکانی متبادل کا جائزہ لے گی ۔ جموں وکشمیر میں ہجوم کو کنٹرول کے لئے ان چھرہ بندوقوں کے استعمال کر کافی تنقیدیں کی جارہی ہیں ۔ وزارت داخلہ کے جوائنٹ سکریٹری ٹی پی ایس این پرساد کے علاوہ جو اس ٹیم کی قیادت کریں گے ، اس کے دوسرے ارکان میں انسکپکٹر جنرل سی آر پی ایف سرینگر اتل کروال ، انسپکٹرجنرل بی ایس ایف راجیو مشرا، جموں و کشمیر پولیس کے راجیش کمار، انڈین آرڈنس فیکٹری بورڈ کے توشار ترپارٹھی، ٹرمنل بیالسٹک ریسرچ لیباریٹری کے منجیت سنگھ اور آئی آئی ٹی دہلی کے نریش بھٹناگر شامل ہیں ۔

Discontinue pellet guns, says J-K HC citing Rajnath's statement

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں