جدہ میں 800 ہندوستانی ورکرس فاقہ کشی پرمجبور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-07-31

جدہ میں 800 ہندوستانی ورکرس فاقہ کشی پرمجبور

نئی دہلی
پی ٹی آئی
تقریبا800ہندوستانی ورکرس بتایاجاتا ہے کہ سعودی عرب کے شہر جدہ میں اپنی ملازمتوں سے محرومی کے بعد گزشتہ تین د ن سے فاقہ کشی کررہے ہیں ۔ مملکتی وزیر خارجہ وی کے سنگھ مسئلہ کی یکسوئی کے لئے سعودی عرب جارہے ہیں ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ سعودی عرب کے ہندوستانی سفارت خانہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان ورکرس کو غذا فراہم کرے ۔ سشما نے کہا کہ و ہ ہر گھنٹہ صورتحال کی نگرانی کررہی ہیں ۔ ان کا یہ جواب ایک شخص کی ٹوئٹ پر آیا جس نے کہا تھا کہ تقریبا800ہندوستانی ، جدہ میں گزشتہ تین دن سے فاقہ کررہے ہیں ۔ اس نے ان سے مداخلت کی اپیل کی تھی ۔ سشما نے ٹوئٹ کیا کہ ہم نے انڈین ایمبسی ریاض سے کہہ دیا ہے کہ ان بے روزگار ہندوستانی ورکرس کو مفت راشن فراہم کیاجائے ۔ سشما نے کہا کہ سعودی عرب اور کوویت میں ہند وستانیوں کو اپنے کام اور اجرت کے تعلق سے مختلف مسائل کا سامنا ہے ۔ سعودی عرب میں معاملات زیادہ خراب ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ مملکتی وزیر خارجہ ایم جے اکبر، کوویت اور سعودی عرب کے حکام سے مسئلہ اٹھائیں گے ۔ میرے ساتھی وی کے سنگھ ، سعودی عرب جائیں گے اور ایم جے اکبر کوویت اور سعودی حکام سے مسئلہ اٹھائیں گے ۔سشما نے کہا کہ میں یقین دلاتی ہوں کہ سعودی عرب میں بے روزگار ہونے والا کوئی بھی ورکر غذا سے محروم نہیں رہے گا ۔ میں ہر گھنٹہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور کوویت میں ہندوستانیوں کی بڑی تعداد بے روزگار ہوئی ہے اور ان کے آجر، کفیل انہیں ان کی اجرت ادا نہیں کررہے ہیں ۔ آجرین نے اپنی فیکٹریاں بند کردی ہیں جس کے نتیجہ میں سعودی عرب اور کوویت میں ہمارے بھائی بہنوں کو شدید دشواریوں کا سامنا ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ کوویت کی صورتحال قابو مین ہے لیکن سعودی عرب کے معاملات بے حد خراب ہیں ۔ بعد ازاں سشما سوراج نے ہندوستانی ورکرس کو غذا دئیے جانے کی تصاویر پوسٹ کیں۔

800 jobless Indians starving in Saudi Arabia, Sushma Swaraj steps in

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں