فرانس کے شہر نیس میں ٹرک نے ہجوم کو روند دیا - 84 ہلاک - 200 زخمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-07-16

فرانس کے شہر نیس میں ٹرک نے ہجوم کو روند دیا - 84 ہلاک - 200 زخمی

نیس
اے ایف پی
فرانس کی ساحلی تفریح گاہ نیس میں ایک ٹرک نے قومی دن کا جشن منانے والے ہجوم کو کچل دیا، جس میں کم سے کم84افراد ہلاک ہوگئے ۔ اس حملہ میں تقریبا202افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں صدر فرانس فرانسواولاند کے مطابق50زخمیوں کی حالات نازک ہے ۔ صدر نے اسے دہشت گرد حملہ قرار دیا ہے ۔ تقریبا دو کلو میٹر تک لوگوں کو کچلتے ہوئے آگے بڑھنے والے اس ٹرک کے ڈرائیور کو پولیس نے گولی مار کر ہلاک کردیا۔ یہ واقعہ پرومنڈے ڈس اینگلس کے مقام پر پیش آیا، جہاں ہجوم کو ٹرک کی جانب سے روندنے کے ساتھ ہی خوف کی لہر دوڑ گئی اور بھگدڑ مچ گئی۔ مقام واقعہ پر چاروں طرف نعشیں بکھری ہوئی تھیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ انہوں نے ٹرک میں پائے گئے شناختی دستاویزات کی مدد سے حملہ آور کی شناخت 31سالہ تیونسی نژاد فرانسیسی شہری محمد لحویج بو ہلال کی حیثیت سے کی ہے جب کہ ٹرکمیں بندوقیں اور کافی ہتھیار بھی موجود تھے۔ جرمن خبر رساں ادارہ، ڈی پی اے کے مطابق ہلاک یا زخمی ہونے والوں میں سے متعدد افراد گولیوں کا بھی نشانہ بنے۔ جو اس ڈرائیور کی جانب سے چلائی گئیں۔ اطلاعات کے مطابق انیس ٹن وزنی ایک ٹرک فرانس کے مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی شب گیارہ بجے ہزاروں لوگوں کے اس ہجوم پر چڑھ دوڑا جو نیس شہر کے ساحل پر ہونے والا آتشبازی کا مظاہرہ دیکھنے کے لئے جمع تھا۔ فرانس کے قومی دن کے موقع پر ہونے والے اس خونریز واقعہ کی ذمہ داری ابھی تک کسی نے قبول نہیں کی۔ یہ حملہ ایسے وقت کیا گیا ہے جب کہ گزشتہ سال نومبر میں پیرس حملہ کے بعد ملک میں نافذ کردہ ایمرجنسی ختم ہونے کے لئے چند دن باقی رہ گئے تھے جس میں صدر نے مزید تین ماہ کی توسیع دے دی ہے ۔ یہ حملہ نو ماہ پہلے پیرس میں ہوئے اسلامک اسٹیٹ کے حملہ کے بعد ہوا ہے ۔ جس مین130افردا ہلاک ہوگئے تھے ۔ مقامی انتظامیہ کے سربراہ کرسٹن ایسٹروسی نے بی ایف ایم ٹی وی سے کہا کہ حملہ آور نے ہجوم پر گولیاں برسائیں ۔ عہدیداروں کے مطابق مہلوکین میں دس بچے اور نو عمر شامل ہیں ۔ لوگ اپنے افراد خاندان کے ساتھ آتشبازی کا نظارہ کرنے کے لئے یہاں جمع تھے ۔ ایک عینی شاہد بسٹینڈر فرانک سڈولی نے بتایا کہ میں نے افراد کو ٹرک کے نیچے کچلے جاتے دیکھا۔ اس نے بتایا کہ جب ٹرک رکا تو ہم صرف پانچ میٹر کی دوری پر تھے ۔ ایک عورت وہاں موجود تھی جس نے اپنے بیٹے کو کھودیا ۔ اس کا بیٹا زمین پر تھا اور اس کے جسم سے کون بہہ رہا تھا ۔ مقامی اخبار نیس مارٹن نے ٹرک کی تصویر شائع کی ہیں، گولیوں کے سبب ٹرک کی ونڈ شیلڈ چکنا چور ہوگئی ہے ۔ پولیس نے شہریوں کو اپنے گھروں کے اندر رہنے کو کہا ہے ۔ فرانس کی حکومت نے نیس حملہ کے بعد ملک بھر میں تین دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے ۔

Terror attack: 84 killed, 200 injured as truck ploughs through crowds in Nice

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں