یوروپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کی راہ ہمور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-06-25

یوروپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی کی راہ ہمور

لندن
پی ٹی آئی
برطانیہ کے یوروپی یونین میں برقرار رہنے یا اخراج کے سوال پر ہونے والے تاریخی ریفرنڈم کے نتائج کے مطابق52فیصد عوام نے یوروپی یونین سے الگ ہونے کے حق میں جب کہ48فیصدنے یونین میں شامل رہنے کے حق میں ووٹ دیا ۔ شمال مشرقی برطانیہ ویلز اور مڈ لینڈس میں زیادہ تر رائے دہنے یوروپی یونین سے الگ ہونے کے حامی نظر آئے جب کہ لندن، اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئر لینڈ کے زیادہ تر رائے دہندوں نے یوروپی یونین کے ساتھ رہنے کے حق میں ووٹ دیا ۔ ریفرنڈم کے نتائج کے اسٹاک مارکٹ پر پڑنے والے اثرات کی وجہ سے1985ء کے بعد سے پہلی مرتبہ پاؤنڈ ڈالر کے مقابلہ میں اپنی کم ترین سطح پر آگیا ہے ۔ کل ہوئے ریفرنڈم میں رائے دہی کی شرح71.8فیصد رہی اور تین کروڑ سے زیادہ افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ۔ یہ برطانیہ میں1992ء کے انتخابات کے بعد رائے دہی کی سب سے زیادہ شرح ہے ۔ انگلینڈ میں لندن سے باہر جب کہ ویلز میں اکثریت نے یوروپی یونین سے علیحدگی کے حق میں ووٹ دیا ۔ برطانیہ یوروپی یونین کو الوداع کہنے والا پہلا ملک بن جائے گا تاہم علیحدگی کے حق میں ووٹ کا مطلب برطانیہ کا یوروپی یونین سے فوری اخراج نہیں ہے ۔ اس عمل میں کم از کم دو برس کا عرصہ لگ سکتا ہے ۔ یو کے انڈیپنڈنٹ پارٹی کے لیڈر نائیجل فراگ نے اسے برطانیہ کا یوم آزادی قرار دیا ہے جب کہ یونین کا حصہ رہنے کے حامی کیمپ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ تباہ کن ہے ۔ نائجل فراگ نے جو برطانیہ کے یوروپی یونین سے نکلنے کے لئے گزشتہ بیس سالوں سے مہم چلا رہے ہیں ،وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون سے مطالبہ کیا کہ وہ مستعفیٰ ہوجائیں ۔ ڈیوڈ کیمرون برطانیہ کے یوروپی یونین کا حصہ رہنے کے حامی ہیں ۔ ادھر اسکاٹ لینڈ کی وزیر اول نکولاسٹر جن نے کہا ہے کہ اس ریفرنڈم سے یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ اسکاٹ لینڈ کے عوام اپنا مستقبل یوروپی یونین کے ساتھ ہی دیکھتے ہیں ۔

United Kingdom withdrawal from the European Union

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں