پنجاب سے منشیات کے خاتمہ کے لئے قانون سازی کی جائے گی - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-06-14

پنجاب سے منشیات کے خاتمہ کے لئے قانون سازی کی جائے گی - راہول گاندھی

جالندھر
پی ٹی آئی
راہول گاندھی نے اکالی دل حکومت پر پنجاب میں منشیات کی غیر قانونی تجارت کو تحفظ فراہم کرنے کا الزام عائدکرتے ہوئے کہا کہ پارٹی ایک نیا قانون لاتے ہوئے ریاست کو منشیات کی لعنت سے پاک کرے گی۔ منشیات کے تاجروں کی جانب سے کمائی گئی دولت کو متاثرین کے خاندان کو واپس کرے گی۔ منشیات کی لعنت کی خلاف یہاں کانگریس کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اکالیون پرالزام عائد کیا کہ وہ فلم اڑتا پنجاب پر امتناع عائد کرنے کی کوشش کررہے ہیں ، جس میں ریاست میں منشیات کے مسئلہ کو اجاگر کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سچائی کو قبول کرنے تیار نہیں ، کیوں کہ وہ منشیات اور لا قانونیت سے فائدہ اٹھارہے ہیں ۔ راہول نے کہا کہ جن لوگوں نے پیسہ بنایا ہے، بڑے بڑے گھر بنائے ہیں اور منشیات کی تجارت سے نوجوانوں کو لوٹا ہے ، ہم یہ پیسہ ان سے واپس حاصل کریں گے اور اسے آپ کو لوٹائیں گے ۔ ہم ایک نیا قانون بنائیں گے اور پولیس کو صحیح انداز میں تعینات کریں گے تاکہ اس لعنت کی روک تھام کی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے سامنے ایک بہت بڑا دشمن کھڑا ہے اور وہ آپ کی زندگی کو برباد کررہا ہے ۔ ہم آپ کے ساتھ ہیں اور مل جل کر اس دشمن سے لڑیں گے ۔ ہم پنجاب کے مستقبل کو روشن بنائیں گے ۔ اس ریاست کو دوبارہ راستہ پر لائیں گے ۔ میں آپ کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ آئندہ انتخابات کے بعد جب کانگریس ریاست میں بر سراقتدار آئے گی تو ہم منشیات کے خلاف ویسے ہی لڑیں گے جیسے بھٹہ پر سول میں لڑے تھے ۔ جہاں کانگریس نے جبری حصول اراضی کے خلاف احتجاج شروع کیا تھا ۔ راہول نے کہا کہ اگر پنجاب کا مستقبل بنانا ہے تو آپ کو منشیات کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ۔ ایس اے ڈی سربراہ سکھبیر بادل پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چار سال پہلے جب انہوں نے منشیات کا مسئلہ اٹھایا تو بادل نے ان کا مذاق اڑایا تھا ۔ آج فلم اڑتا پنجاب پر امتناع عائد کیاجارہا ہے ۔ وہ آج بھی سچائی کو قبول کرنے تیارنہیں، کیوںکہ انہیں اس سے فائدہ ہورہا ہے ۔ پنجاب میں منشیات اور لاقانونیت سے انہیں ہرروز فائدہ پہنچتا ہے ۔ اکالی دل اور اس کے قائدین اس سے فائدہ اٹھارہے ہیں ۔ صرف کانگریس پارٹی ہی یہ کام پنجاب کو منشیات کی لعنت سے آزاد کراسکتی ہے ۔ جب ہم سچ بات بتاتے ہیں تو وہ ہمارا مذاق اڑاتے ہیں۔ وہ یہ کہتے ہیںکہ منشیات کاکوئی مسئلہ نہیں ، نظم و ضبط کا کوئی مسئلہ نہیں اور نہ کوئی بے روزگاری کا مسئلہ ہے ، ہر چیز ٹھیک ٹھاک ہے لیکن یہ سچ نہیں ہے اور پنجاب کا مستقبل تبادہ کردیا گیا ہے ۔ راہول نے کہا کہ پنجاب کے نوجوانوں کے ہاتھ پاؤں زنجیروں میں کس دئیے گئے ہیں اور ان زنجیروں کو توڑے بغیر پنجاب آگے نہیں بڑھ سکتا ۔ پنجاب کے عوام کو اس سچائی کو قبول کرنا ہوگا، تبھی ہم منشیات کے خلاف جنگ چھیڑ سکتے ہیں۔ اس سچائی کو چھپانے سے کچھ نہیں ہوگا ، پنجاب مین یہ طاقت ہے کہ وہ اسے تسلیم کرے ، کیونکہ اس کے عوام ایماندار ی سے کام کرتے ہیں اور کانگریس بھی ایسا ہی کرتی ہے ۔

Congress will bring in law to end drug menace in Punjab: Rahul

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں