بحریہ دیسی ساختہ عصری آبدوز شکن ہتھیار سے لیس - وزیر دفاع پاریکر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-06-30

بحریہ دیسی ساختہ عصری آبدوز شکن ہتھیار سے لیس - وزیر دفاع پاریکر

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر دفاع منوہر پاریکر نے آج ہندوستانی بحریہ کو ملک میں تیار کردہ جدید تار پیڈو ، ورنا ستر، سونپا جس سے وہ سمندر کی گہرائی میں چھپی آبدوزوں کو تباہ کرسکے گی۔ وروناستر بنانے میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ہندستان جدید او ر آبدوز شکن بھاری بھرکم کم تار پیڈو بنانے والے دنیا کے چنندہ ممالک میں شامل ہوگیا ہے ۔ دفاعی تحقیق اور ترقی کی تنظیم( ڈی آر ڈی او) کی لیباریٹری نے ہندوستان ڈائنامکس لمٹیڈ کے ساتھ مل کر یہ تار پیڈو بنایا ہے ۔ پاریکر نے یہاں ایک تقریب میں بحریہ سربراہ ایڈ مرل سنیل لامبا کو آبدوز مخالف تار پیڈو، ورناستر ، رسمی طور پر سونپا ۔ اس موقع پر ڈی آر ڈی او کے ڈائرکٹر جنرل ایس کرسٹوفر ، دفاعی سکریٹری اور وزارت دفاع اور بحریہ کے سینئر افسران بھی موجود تھے ۔ وروناستر ملک میں ہی بنا پہلا جدید تار پیڈو ہے جسے جلد بحریہ کے جنگی جہازوں پر تعینات کیاجائے گا۔ یہ تارپیڈو تمام طرح کے حالات میں سمندر کی گہرائی میں چھپی اور سمندر کی سطح پر تیرتی آبدوزوں کو بخوبی نشانہ بناسکتا ہے ۔ ہندوستان اس طرح کا تار پیڈو بنانے والا دنیا کا آٹھواں ملک بن گیا ہے ۔ بحریہ نے اپنے جنگی جہازوں کے لئے اس طرح کے73تار پیڈو کار آرڈر دیا ہے ۔ منوہر پاریکر نے اسے بحریہ کے لئے تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے ڈی آر ڈی او اور بھارت ڈائنمکس لمٹیڈ( بی ڈی ایل) کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ وروناستر کے معیار سے کسی بھی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیاجانا چاہئے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ایک ٹیم بنائی جائے جو پہلے مرحلے کی تعمیر تک معیار پر گہری نظر رکھے ۔ انہوں نے کہا کہ روناستر کی برآمد کا مضبوط امکان ہے لیکن یہ تبھی ممکن ہوگا جب یہ معیار پر کھرا اترے گا۔ دفاعی شعبے میں راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس میں تیزی کے لئے ضروری ہے کہ ملک میں دفاعی سامان تیار کرنے کے شعبہ میں حقیقی کام شروع ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت دفاع کے شعبہ میں عوامی اور نجی شعبے کے درمیان توازن بنانے پر بھی غوروخوض کررہی ہے ۔ کرسٹوفر نے کہا کہ یہ کامیابی ڈی آر ڈی او اور بحریہ کے لئے سنگ میل ثابت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ جنگی جہاز سے چھوڑے جانے والے اس تار پیڈو کو بنانے کے بعد ڈی آر ڈی اور اس کی لیباریٹری اب وروناستر کا آبدوز بنانے پر کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا آغاز2005ء میں ہواتھا اور مختلف رکاوٹوں اور پیچیدگیوں کی وجہ سے اسے مکمل کرنے میں 11سال کا وقت لگ گیا ۔ اس دوران تار پیڈو کا مختلف حالات میں شدید معائنہ کیاگیا ۔ ایڈ مرل سنیل لامبا نے کہا کہ وروناستر بحریہ، ڈی آر ڈی اواور بی ڈی ایل کے درمیان تعاون اور شرکات داری کا غیر معمولی نمونہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بحریہ ڈی آر ڈی او کے ساتھ مل کر اس تعاون کو اگے بڑھانے کی سمت میں کام کررہی ہے اور دونوں نے ٹیکنالوجی کے میدان میں تعاون کے لئے کئی شعبوں کی نشاندہی کی ہے ۔

Anti-submarine torpedo Varunastra inducted in Navy

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں