اسرو نے تاریخ بنائی - ایک ساتھ 20 سٹلائٹس مدار میں پہنچائے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-06-23

اسرو نے تاریخ بنائی - ایک ساتھ 20 سٹلائٹس مدار میں پہنچائے

سری ہری کوٹہ( آندھرا پردیش)
پی ٹی آئی، یو این آئی
ہندوستانی خلائی تحقیقی ادارہ( اسرو) نے ایک ساتھ ریکارڈ بیس سٹلائٹس کو کامیابی سے داغ کر ملک کی خلائی تاریخ میں آج ایک نیا باب جوڑ دیا ہے۔ ایک واحد راکٹ کے ذریعہ17غیر ملکی سٹلائٹس کو بھی صرف26منٹ میں مدار میں پہنچایا گیا۔ اس طرح اربوں ڈالر کے خلائی لانچ مارکٹ میں ہندوستان کا یہ ایک اہم قدم ہے ۔ اسرو کے سربراہ ایس ۔ کرن کمار اور دیگر سائنسدانوں کی موجودگی میں یہاں ستیش دھون خلائی سینٹر کے دوسرے لانچ پیڈ سے صبح9:26بجے خلائی گاڑی پی ایس ایل وی سی۔34جیسے ہی بیس سٹیلائٹس کو لے کر خلا کے لئے روانہ ہوئی کنٹرول روم میں سائنسدانوں کی نگاہیں کمپیوٹر اسکرینوں پر ٹک گئیں۔ تقریبا9:53بجے جیسے ہی یہ مشن مکمل ہونے کا اشارہ ملا سبھی لوگ خوشی سے جھوم اٹھے اور سائنسدانوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی ۔ اس مشن کے تحت اسرو کے سٹیلائٹ کارٹوسیٹ۔2کے علاوہ دو سٹیلائٹ ہندوستانی یونیورسٹیوں، تعلیمی اداروں کے ہیں ۔ اس کے علاوہ17دیگر سٹلائٹ، امریکہ، کناڈا، جرمنی اور انڈونیشیا کے ہین۔ سب سے پہلے کارٹوسیٹ اوراس کے بعد ستیہ بھاما سیٹ اور سوئم کو خصوصی مدار میں چھوڑا گیا ۔ اس کے بعد ایک ایک کر کے غیر ملکی سٹیلائٹس کو پہلے سے طے شدہ منصوبے کے مطابق ان کے مداروں میں چھوڑا گیا ۔ پی ایس ایل وی سی۔34نے لانچ کے17منٹ سات سیکنڈ بعد کارٹوسیٹ ۔2کو 505کلو میٹرکی بلندی پر سورج کے مدار میں نصب کیا۔ اس سٹیلائٹ کا استعمال ریموٹ سینسنگ کے لئے کیا جائے گا۔ اس میں پینکر ومیٹک اور ملٹی اسپیکٹر کیمرے لگے ہیں جن کی مدد سے یہ زمین کی نزدیکی تصویر لے سکے گا ۔ اس تصویروں کا استعمال نقشہ، شہری اور دیہی ضرورتوں کے لئے ، ساحلی زمین کے استعمال اور ان کے ریگولیشن اور روڈ نیٹ ورک کے انتظام اور پانی کی تقسیم جیسے کاموں میں کیاجاسکے گا۔ سائنسدانوں نے اس کے کام کرنے کی مدت پانچ سال طے کی ہے ۔ داغے جانے کے 17منٹ 42سیکنڈ بعد ستیا بھاما سیٹ اور سویم کو44سکنڈ کے فرق سے ان کے مداروں میں چھوڑا گیا ۔ ڈیڑھ کلو گرام وزن والا ستیا بھاما سیٹ چنئی ستیا بھاما یونیورسٹی کا ہے جس کا استعمال گرین ہاؤس گیسوں کے مطالعے کے لئے کیا جائے گا۔ سوئم پونے کے کالج آف انجیئنرنگ کا سٹیلائٹ ہے۔

20 satellites in 26 minutes! ISRO makes space history

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں