کانگریس دور حکومت میں 12 لاکھ کروڑ کرپشن کا دعویٰ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-06-11

کانگریس دور حکومت میں 12 لاکھ کروڑ کرپشن کا دعویٰ

سوریا پیٹ( تلنگانہ)
پی ٹی آئی
کانگریس اور اس کی قیادت پر سخت تنقید کرتے ہوئے صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج الزام عائد کیا کہ جب کانگریس بر سر اقتدار تھی تو بارہ لاکھ کروڑ روپے کا کرپشن ہوا تھا اور کہا کہ بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے نے ملک کو کرپشن سے پاک حکومت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں ٹی وی دیکھ رہا تھا، میڈیم سونیا جی ہم سے پوچھ رہی تھیں کہ دو برسوں میں آپ نے ملک کے لئے کیا کیا ہے ۔ سونیا جی سنئیے، میں تلنگانہ میں ایک عام جلسہ میں دو برسوں کا حساب دے رہا ہوں ۔ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ کے خاندان نے 60برسوں سے ملک پر حکومت کی، ان ساٹھ برسوں مین آپ نے ملک کے لئے کیا کیا ہے۔ پہلے آپ ملک کے عوام کو اس کا حساب دیجئے ۔ امیت شاہ تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ کے شہر میں ایک عام جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ این ڈی اے حکومت کی دو سال کی تکمیل کے موقع پر بی جے پی کی جانب سے منائے جانے والے وکاس پرو کے حصہ کے طور پر یہ جلسہ منعقد ہوا تھا۔ کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی ایسا شعبہ نہیں ہے جس میں یو پی اے حکومت کے دوران کرپشن نہیں ہوا ۔ کانگریس حکمرانی میں بارہ لاکھ کروڑ روپے کا کرپشن ہوا ہے ۔ انہوں نے 2جی اسکام، دولت مشترکہ کھیلوں میں مبینہ رشوت خوری ، وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر معاملت اور کوئلہ بلاکس کی نیلامی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن خلاء میں، زمین کے نیچے اور زمین پر ہوا ہے ۔ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہوں نے راہول کے مبینہ تبصرہ کا تذکرہ کیا کہ پاکستان کے ساتھ سرحدوں پر کیا تبدیلی آئی ہے کیونکہ فائرنگ اب بھی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہر اہول بابا کہیں تقریر کررہے تھے کہ پہلے بھی فائرنگ ہوا کرتی تھی اور اب بھی ہورہی ہے اور مودی کی حکمرانی میں کیا تبدیلی آئی ہے ۔ راہول بابا آپ فرق کو نہیں دیکھ سکتے ۔ آپ کی آنکھوں پر اٹلی کا چشمہ لگا ہوا ہے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ پاکستان پہلے فائرنگ شروع کرتا تھا اور ختم بھی کرتا تھا لیکن اب اس میں تبدیلی آئی ہے کیونکہ اب ہندوستانی فوج فائرنگ ختم کرتی ہے۔ امیت شاہ نے کہا کہ سب سے پہلے این ڈی اے نے ملک کو دو برسوں میں کرپشن سے پاک حکومت دی ہے ۔ بی جے پی نے ملک کو ایک ایسا وزیر اعظم دیا ہے جو بولتا ہے ۔ کانگریس قائد کمل ناتھ کی مودی کے بیرونی دوروں پر تنقید کا تذکرہ رکتے ہوئے بی جے پی صدر نے کہا کہ مودی نے منمہون سنگھ کے مقابلہ میں کم بیرونی دورے کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ پتہ نہیں چلتا تھا کہ کب مونی بابا نے بیرونی ممالک کا دورہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منموہن سنگھ دو صفحات کی تقریر پڑھا کرتے تھے اور بعض اوقات اس میں بھی وہ غلطیاں کرتے تھے اس کے برعکس مودی جہاں کہیں بھی جاتے ہین ان کا شاندار خیر مقدم کیاجاتا ہے اور تازہ ترین واقعہ امریکی کانگریس سے وزیر اعظم کا خطاب ہے۔ ملک میں خاندان پر مبنی جماعتوں میں داخلی جمہوریت نہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی کو یقینی بناسکتی ہے ۔ اس موقع پر مرکزی وزیر ہنس راج اہیر، بی جے پی جنرل سکریٹری مرلیدھر راؤ اور صدر ریاستی بی جے پی کے لکشمن اور پارٹی کے کئی دیگر قائدین موجود تھے ۔

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ہندوستان کے این ایس جی میں داخلہ میں چین کے رکاوٹ پیدا کرنے کے پس منظر میں کانگریس نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کے بیرونی دوروں اور خارجہ پالیسی کے اقدامات کو ایک بڑا صفر قرار دیا۔ پارٹی ترجمان نیش تیواری نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ گزشتہ تین دہوں میں چین نے ہندوستان کے خلاف ایسا دشمنانہ موقف ہرگز اختیار نہیں کیا تھا جیسا کہ اس نے نیو کلیر سپلائر گروپ یا مولانا مسعود اظہر اور جیش محمد کو دہشت گرد قرار دینے معاملہ میں کیا ہے ۔ پارٹی نے حکومت اور بی جے پی کے وزیر اعظم کے حالیہ اختتام پذیر کئی ملکوں کے دوروں بشمول امریکہ کو ایک بڑی دفاعی اور سفارتی کامیابی قرار دینے کے دعوؤں کو خارج کرتے ہوئے تشویش ظاہر کی کہ گزشتہ29برسوں میں چین اتنا جارحانہ موقف ہرگز اختیار نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ چین، انتہائی اہم ملک ہے اور ہندوستان کے ساتھ اس کے حساس تعلقات ہیں لیکن آنجہانی وزیر اعظم راجیو گاندھی کے چین کے ساتھ1987میں سرد تعلقات کو ختم کرنے کے بعد سے چین29برسوں میں ہندوستان کے خلاف اتنا شدید مخالفانہ موقف ہرگز اختیار نہیں کیا تھا۔ ویانا سے ایسی اطلاعات ہیں کہ امریکہ48رکنی گروپ کی رکنیت کی ہندوستان کی کوششوںکی بھرپور تائید کررہا ہے ۔ کانگریس نے آج الیکشن کمیشن سے رجوع ہوئے ہیں جھار کھنڈ کی حکمراں بی جے پی پر کل کے راجیہ سبھا انتخابات سے قبل دولت ،، غنڈہ عناصر کی حکمت عملی استعمال کرنے کا الزام عائد کیا ۔ کمیشن کو پیش کردہ ایک یادداشت میں کانگریس نے کہا کہ جھار کھنڈ میں راجیہ سبھا انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتے ہوئے بی جے پی اور اس کے قائدین تمام اقسام کی حکمت عملی کا استعمال کررہے ہیں ۔ پارٹی نے دعویٰ کیا کہ انتخابات کے موقع پر اس کے دو ارکان اسمبلی کو سیاسی نوعیت کے کیسوں میں ارکان اسمبلی کو ماخوذ کرنے کے لئے طاقت کے بے جا استعمال کے سوا کچھ نہیں ہے کانگریس نے کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ ارکان اسمبلی کو گرفتار کرتے ہوئے انہیں ووٹنگ سے روکا نہ جائے ۔

Rs 12 lakh cr-worth scams took place during Cong rule: Shah

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں