مودی حکومت کے دو سال پر کانگریس کا استفسار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-05-27

مودی حکومت کے دو سال پر کانگریس کا استفسار

نئی دہلی
یو این آئی
کانگریس نے نریندر مودی حکومت پر دو برس کی مدت کے دوران صرف قدیم اسکیمات پروگراموں اور منصوبوں کو نیا نام دے کر اپنی کامیابی بتانے اور عوام سے کئے وعدے پورا نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج سوال کیا کہ جب کچھ کام ہی نہیں ہوا تو جشن کس بات کا منایاجارہا ہے ۔ کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے دو برس کے دوران نیا کچھ نہیں کیا ہے، صرف نام تبدیل کرنے کا کام ہوا ہے ۔ حکومت کسانوں کی خود کشی کے واقعات، بد عنوانی اور جرائم روکنے میں ناکام رہی ہے اور کسانوں، مزدوروں اور غریبوں کے مفاد کے لئے اس مدت میں نئی سوچ کے ساتھ کوئی بھی اسکیم شروع نہیں کی گئی ہے ۔ مودی حکومت کے دو برس کے کام کاج پر راجیہ سبھا میں کانگریس کے لیڈر غلام نبی آزاد، لوک سبھا میں پارٹی کے لیڈر ملک ارجن کھرگے ، سابق مرکزی وزیر کپل سبل اور پارٹی کے مواصلات شعبہ کے سربراہ رندیپ سرجے والا نے یہاں منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ حکومت اپنے دو برس کی مدت میں ہر محاذ پر ناکام ثابت ہوئی ہے اور اس نے ملک کے عوام کو مایوس کیا ہے ۔ کانگریس مودی حکومت کے دو برس کے کام کاج پر اس ناکامی کا انکشاف کرنے کے لئے آج دہلی سمیت ملک کے27شہروں میں اس طرح کی پریس کانفرنس منعقد کررہی ہے ۔ ان پریس کانفرنسوں سے پارٹی کے رہنما دگ وجئے سنگھ، منیش تیواری ، شکیل احمد، ریتا جوشی بہو گنا سمیت کئی سینئر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے کانگریس کی زیر قیادت سابق یو پی اے حکومت کی اسکیمات اور پروگراموں کو نیانام دے کر پیش کرنے کے سوا کچھ کام انجام نہیں دیا ۔ ان دو سالوں سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ سارے خالی وعدوں پر مشتمل تھے اور اب تک کی کسی بھی حکومت کی جانب سے اس طرح کی مایوسانہ کارکردگی نہیں دیکھی گئی۔ کانگریس نے مودی حکومت کے دو سالوں پر مبنی ایک فلم بھی تیار کی ہے ، جس میں بی جے پی کی زیر قیادت حکومت کا مضحکہ اڑایا گیا ہے ۔ غلام نبی آزاد نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت خارجہ پالیسی کے محاذ پر چین اور پاکستان کے مقابلہ میں قلا بازیاں کھارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے دور میں سرحد پر ریکارڈ تعداد میں تقریبا1000مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوئی ہے ۔ آزاد نے کہا کہ مودی حکومت کی دو برس کی مدت کے دوران ملک میں عصمت دری اور خواتین پر مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے اس سلسلے میں دہلی کے ایک تازہ واقعہ کا ذکر کیا اور کہا کہ عصمت ریزی کی شکار ایک نابالغ لڑکی یہاں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز( ایمس) میں داخل ہے جس کی عیادت کے لئے کانگریس صدر سونیا گاندھی بھی پہنچیں ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے مودی زورشور سے بد عنوانی ختم کی بات کرتے تھے لیکن ان دو برسوں کے دوران ویاپم، چھتیس گڑھ چاول گھپلہ ، للت مودی اور مالیا معاملات ہوئے لیکن حکومت نے کسی کے بھی خلاف کارروائی نہیں کی ہے۔ حکومت کی خارجہ پالیسی پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس محاذ پر بھی یہ حکومت ناکام رہی ہے ۔ پاکستان کے تئیں اس کی کوئی پالیسی نہیں ہے ۔ دو برس کے دوران پاکستان کی جانب سے سرحد پر جنگ بندی کی ایک ہزار بار خلاف ورزیاں ہوئی ہیں۔ کھرگے نے کہا کہ مودی حکومت نے الیکشن سے پہلے جو بھی وعدے کئے تھے ان کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ حکومت بننے کے بعد سو دن میں وعدے پورا کرنے کا یقین دلایا گیاتھا لیکن اب دو برس ہوگئے ہیں لیکن کوئی وعدہ پورا ہوتا نظر نہیں آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی صدر امیت شاہ نے بھی کہہ دیا ہے کہ انتخابات میں کئے گئے وعدے صرف جملہ تھے تو اب واضح ہوگیا ہے کہ ان کے وعدے پورے ہونے والے نہیں ہین ۔

سینئر کانگریس لیڈر دگ وجئے سنگھ نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کے حلقہ لوک سبھا واراناسی کا دورہ کیا جس کا مقصد ترقیاتی کاموں کی تلاش تھی ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بنیادی سطح پر کچھ بھی نہیں بدلا۔ انہوں نے کہا کہ ورانانسی میں گزشتہ دو سال کے دوران بنیادی سطح پر کچھ بھی تبدیل نہیں ہوا۔ وزیر اعظم نے مذہبی اہمیت کے حامل اس شہر سے پارلیمنٹ کے رکن کی حیثیت سے چنے جانے کے بعد سے شہر میں کوئی نیا کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں شہر کے مختلف مقامات پر گھوما اور دیکھا کہ ہر طرف سڑکیں کھلی ہوئی ہیں اور گڑھے ہیں ۔ مودی کا سوچھ بھارت یہاں پوری طرح ناکام ہے جس بڑا ہوّا کھڑا کیا گیا تھا۔ اسی گھاٹ اور شہر کے دوسرے گھاٹ پر بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے ۔ گنگا کی صفائی کا کوئی کام نہیں ہوا جیسا کہ مودی نے وعدہ کیا تھا اور شہر کی پوری گندگی سیدھے اس دریا مین بہہ رہی ہے ۔ سینئر کانگریس لیڈر پی سی چاکو نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی مقبولیت گھٹ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2019ء کے لوک سبھا انتخابات کے بعد مودی مکت بھارت ہوگا۔ انہوں نے این ڈی اے حکومت کے دو سال کی تکمیل کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ2019ء کے انتخابات کے بعد مودی مکت بھارت ہوگا۔ بہار، مغربی بنگال، ٹاملناڈو، کیرالا جیسی ریاستیں فیصلہ کریں گی کہ وزیر اعظم کون ہوگا اور ان ریاستوں میں بی جے پی یا اس کے اتحادیوں کا کوئی وجود نہیں ہے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں