جموں و کشمیر کی سیاسی و سیکوریٹی صورتحال پر غور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-05-19

جموں و کشمیر کی سیاسی و سیکوریٹی صورتحال پر غور

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سر کردہ مرکزی وزراء اور بی جے پی قائدین بشمول پارٹی صدر امیت شاہ نے آج جموں و کشمیر کی سیاسی اور سیکوریٹی صورتحال کے جائزہ کے علاوہ کشمیری پنڈتوںکی باز آباد کاری پر تبادلہ خیال کیا۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے میٹنگ کی صدارت کی جس میں وزیر فینانس ارون جیٹلی ، وزیر دفاع منوہر پاریکر ، صدر بی جے پی امیت شاہ ، وزیر اعظم کے دفتر میں منسٹر آف اسٹیٹ، جتیندر سنگھ شامل تھے ۔ وزیر داخلہ کی رہائش گاہ پر منعقدہ میٹنگ میں کشمیر امور کی دیکھ بھال کرنے والے سینئر سرکاری عہدیداروں اور بی جے پی قائدین نے بھی شرکت کی ۔ میٹنگ میں زمینی حقائق کے بارے میں معلومات بھی حاصل کئے گئے۔ جموں و کشمیر پر عام مباحث ہوئے تاکہ یہ سمجھا جاسکے کہ یہ کیا ہورہا ہے ۔ سیکوریٹی صورتحال ، فوجوں کی تعیناتی جیسے مختلف امور پر غوروخوض کیا گیا۔ منوہر پاریکر نے ایک گھنٹہ طویل میٹنگ کے بعد اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ہم نے ریاست کی عام سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ میٹنگ میں مشیر قومی سلامتی اجیت ڈوول اور بی جے پی جنرل سکریٹریز رام مادھو اور رام لال بھی شریک رہے ۔ یہ پوچھنے پر آیا وادی کشمیر میں کشمیری پنڈتوں کی باز آبادکاری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جتیندر سنگھ نے بتایا کہ ہر بات پر غوروخوض کیا گیا لیکن کسی بارے میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔ یہ میٹنگ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے منعقد کی گئی تھی۔ وزارت دفاع و داخلہ کے عہدیداروں نے بھی گزشتہ ہفتہ چیف سکریٹری جموں و کشمیر پی آر شرما اور معتمد داخلہ آر کے گوئل کے ساتھ ایک میٹنگ کی تھی جس میں فوج سے شہری اراضی کی واپسی اور کشمیری پنڈتوں کے 62ہزار سے زائد خاندانوں کی باز آبادکاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ یہ پوچھنے پر کہ آیا کوئی اہم فیصلہ کیا گیا پاریکر نے بتایا کہ اس طرح کے امو رپر کھلے عام بحث نہیں کی جاسکتی ۔سرحد پار سے مداخلت کاری کے بارے میں وزیر دفاع نے کہا کہ ہندوستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے انتہا پسندوں کو سیکوریٹی فورسس ہلاک کررہے ہیں ۔ جتندر سنگھ نے جن کا تعلق جموں و کشمیر سے ہے کہا کہ اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ریاست کے سیاسی اور زمینی حقائق پر غوروخوض کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں محبوبہ مفتی کی زیر قیادت پی ڈی پی ۔ بی جے پی مخلوط حکومت پر سکون طور پر کام کررہی ہے لیکن وقتاً فوقتاً صورتحال کا جائزہ لینا ضروری ہے ۔ میٹنگ میں صدر بی جے پی کی موجودگی کی وجوہات کے بارے میں پوچھنے پر سنگھ نے بتایا کہ یہ اچھا ہے کہ وہ ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔ کشمیری پنڈتوں کی باز آبادکاری کے مسئلہ پر آیا میٹنگ میں غور کیا گیا، جتندر سنگھ نے یہ کہتے ہوئے راست جواب دینے سے گریز کیا کہ ریاست سے متعلق تمام امور پر جامع غوروخوض کیا گیا۔

political and security situation in Jammu and Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں