بی جے پی نے ملک کو فیصلہ کن حکومت دی ہے - امیت شاہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-05-28

بی جے پی نے ملک کو فیصلہ کن حکومت دی ہے - امیت شاہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
مودی حکومت کی دو سالہ کارکردگی پر رپورٹ کارڈ پیش کرتے ہوئے بی جے پی صدر امیت شاہ نے آج کہا کہ پارٹی نے ایک فیصلہ کن حکومت فراہم کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کی میعاد کے باقی تین سالوں میں 2014کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے کئے گئے تمام وعدے پورے کردئیے جائیں گے ۔ امیت شاہ نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملازمتوں کی پیداوار کے لئے حکومت کے اقدامات کے بارے میں تفصیل سے بتایا اور گزشتہ دو سال کے دوران معیشت کو فروغ دینے کی اس کی کوششوں کا تذکرہ کیا ۔ انہوں نے کانگریس کو بھی نشانہ تنقید بنایا اور کہا کہ یو پی اے حکومت کے دس سالہ دور اقتدار کے دوران اسکامس ، اسکینڈلس اور پالیسی تعطل عروج پر تھے ۔ یوپی اے حکومت پر خالی خزانہ اور پالیسی تعطل ورثہ میں چھوڑنے کا الزام عائد کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہا کہ عہدیدار دلبرداشتہ ہوچکے تھے اور عوام میں بھی مایوسی پائی جاتی تھی ۔ یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ مودی حکومت نے بر سر اقتدار آنے کے اندرون دو سال ان تمام شعبوں میں امید پیدا کی ہے ۔ امیت شاہ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ حکومت اس عرصہ میں سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ملک کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کو ایک فیصلہ کن حکومت دی ہے ۔ یہ ایک ایسی حکومت ہے جو فیصلے لیتی ہے ، مودی جی کی زیر قیادت طویل عرصہ بعد ملک میں ایسی فیصلہ کن حکومت قائم ہوئی ہے ۔ امیت شاہ نے مزید کہا کہ مودی حکومت نے یو پی اے کے دس سالہ دور اقتدار کے بعد حکومت کی باگ ڈور سنبھالی ۔ دو سال بعد بھی ہمارے حریف ، ہم پر کرپشن کا کوئی الزام لگانے کے قابل نہیں ہیں۔ اٹل بہاری واجپائی کی زیر قیادت پہلی این ڈی اے حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ملک کی ترقی کا سفر اس وقت شروع ہوا تھا جب ایسا محسوس ہورہا تھا کہ یو پی اے حکومت کے دور میں یہ رک چکا ہے ۔ یو پی اے Iاور یوپی اےIIنے ایک ایسی صورتحال پیدا کردی تھی کہ جب یہ محسوس ہورہا تھا کہ ملک کی ترقی کا سفر رک چکا ہے ۔ مودی حکومت نے متوازن راستہ اختیار کرتے ہوئے شمولیاتی ترقی کی راہ ہموار کی ہے ۔ بی جے پی صدر نےNEETآڑڈیننس لانے حکومت کے فیصلہ کا بھی تذکرہ کیا جس کے ذڑیعہ ریاستوں کو خود اپنے میڈیکل انٹرنس امتحان منعقد کرنے کی اجازت ملی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں