وزیر اعظم نے انتخابی وعدے وفا نہیں کئے - کانگریس قائد آنند شرما - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-05-30

وزیر اعظم نے انتخابی وعدے وفا نہیں کئے - کانگریس قائد آنند شرما

لکھنو، نئی دہلی
پی ٹی آئی
اپوزیشن جماعتوں نے آج مودی حکومت کے دو سالہ دور اقتدار پر تنقید جاری رکھی۔ کانگریس نے وزیر اعظم کو سپنوں کا سوداگر قرار دیا جس نے2014کے لوک سبھا الیکشن کی مہم کے دوران کئے گئے وعدے وفا نہیں کئے ۔ بیجو جنتالد نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی زیر قیادت حکومت موافق کارپورٹ اور مخالف عوام سمت میں شروع دن سے گامزن ہے ۔ این سی پی نے کہا کہ یہ حکومت مہنگائی کی روک تھام نہیں کرپائی ۔ اس نے سوال کیاکہ اقتدار کے دو سال مکمل ہونے پر قومی دارالحکومت میں اتنے بڑے جشن کی ضرورت کیا تھی۔ کانگریس پر پلٹ وار کرتے ہوئے بی جے پی قائد اور مرکزی وزیر کلراج مشرا نے کہا کہ اپوزیشن جماعت کا رویہ منفی ہے اور وہ اپنی کمیاں چھپانے الزامات عائد کررہی ہے ۔ کانگریس قائد آنند شرما نے کہا کہ این ڈی اے حکومت تمام محاذوں پر ناکام رہی ۔ انہوں نے مودی کو سپنوں کا سوداگر قرار دیا جس نے لوک سبھا انتخابات کے دوران کئے گئے وعدے وفا نہیں کئے۔ شرما نے وزیر اعظم کے دو سالہ اقتدار مکمل ہونے پر کئے گئے وعدوں کا بھی مذاق اڑایا اور کہا کہ وزیر اعظم نے ملک کے عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔ مودی کے کہے ہوئے الفاظ کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں ہوتا ۔ انہوں نے لکھنو میں اخباری نمائندوں سے کہا کہ سرمایہ کاری اور برآمدات گھٹے ہین۔ لاکھوں لوگ بے روزگار ہوئے ہیں۔ مودی نے ملک کو دھوکہ دیا ہے ۔ آنند شرما یو پی اے حکومت میں وزیر تجارت و صنعت تھے ۔ وہ راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے ڈپٹی لیڈر ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مودی حکومت پچھلی یوپی اے حکومتوں کی اسکیموں کا نام بدل کر ان کا سہرا اپنے سرباندھ رہی ہے ۔ کانگریس ترجمان منیش تیاوری نے کہا کہ گزشتہ دو برس میں عوام نے وزیر اعظم کو اچھی طرح دیک لیا ہے اور2019ء کے الیکشن میں وہ انہین منتخب نہیں کریں گے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں